منطقِ اِستِقرائیہ کے مُغالطے

 تیتسواں باب

منطقِ اِستِقرائیہ کے مُغالِطے 

FALLACIES OF INDUCTIVE LOGIC

مُغالطہ اُس غَلَطی کو کہتے ہیں جو منطق کے کسی قاعدے کے ٹوٹنے سے پیدا ہو۔ لیکن تمام غلطیاں مُغالطے نہیں ہوتیں۔ صرف وہ غلطیاں مُغالطے کہلاتی ہیں جو بظاہر صحیح معلوم ہوں لیکن درحقیقت ایسی نہ ہوں۔ ایک ایسی بات کو جو بظاہر غَلَط معلوم ہو لیکن درحقیقت صحیح ہو انگریزی میں Paradox کہتے ہیں۔ بقول ویٹلے مُغالطہ ایک ایسا غَلَط استِدلال ہوتا ہے جو بظاہر قابلِ قبول اور مسئلۂِ زیرِ بحث کے متعلق فیصلہ کُن معلوم ہوتا ہے لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہوتا۔

ایک مُغالطہ دانستہ طور پر بھی کیا جاسکتا ہے اور نادانستہ طور پر بھی۔ اگر کوئی مغالطہ عمدًا کیا جائے اور اس سے فریقِ مخالف کو دھوکا دینا مقصود ہو تو اسے سفسطہ Sophism کہتے ہیں۔ قدیم یونان میں معلموں کا ایک گروہ تھا جو اُجرت لے کر فلسفہ اور فَنِ خطابت کی تعلیم دیا کرتا تھا۔ یہ لوگ سوفسطائی Sophisis کہلاتے تھے۔ غَلَط استِدلال سے دوسروں کو دھوکا دینے میں یہ لوگ بڑی مہارت رکھتے تھے۔

ایک ایسا مغالطہ جو عمدًا کسی کو دھوکا دینے کے لیے استعمال نہ کیا جائے اور جس کے غَلَط ہونے کے متعلق استِدلال کرنے والے کو کوئی علم نہ ہو Paralogism کہلاتا ہے۔ بقول کاروتھ رِیڈ مغالطہ ثُبُوت کی شرائط کو نہ پورا کرنے سے پیدا ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنے ذاتی سوچ و بچار میں یا دوسروں کے ساتھ اپنی گفتگو میں ثُبُوت کی شرائط کو نادانستہ طور پر نظر انداز کردیں یا اُن کے متعلق غَلَطی کھا جائیں تو ایسا مُغالطہ دلیلِ فاسِد یا Paralogism کہلاتا ہے لیکن اگر ہم ایک دلیل سے جس کے متعلق ہمیں علم یا شُبہ ہو کہ وہ غَلَط ہے کسی کو دھوکا دینے کی کوشش کریں تو ایسا مُغالطہ سفسطہ کہلاتا ہے۔ مُغالطوں کی یہ تقسیم استِدلال کرنے والے کی دیانت داری یا غیر دیانت داری پر مبنی ہوتی ہے۔ یعنی مغالطوں کی اس تقسیم کی بُنیاد نفسیاتی ہوتی ہے۔ لیکن منطق کے لیے یہ تقسیم کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ خواہ ایک مغالطہ دانستہ طور پر کیا جائے یا نادانستہ طور پر وہ دونوں صورتوں میں مغالطہ ہی ہوگا اور منطق اسے مغالطہ ہی تصور کرے گی۔

مُغالطوں کی تقسیم

CLASSIFICATIONS OF FALLACIES 

مُغالطوں کی تسلی بخش تقسیم نہیں کی جاسکتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مغالطے کسی اُصُول کے تابع نہیں ہوتے۔ ان کی شکلیں اور امکانات بےشمار ہوتے ہیں۔ جوزف لکھتا ہے کہ صحت کے کوئی نا کوئی میعار ہوتے ہیں لیکن غلطی اپنی کج راہی میں لاانتہا ہوتی ہے۔ کسی چیز کے درست ہونے کا صرف ایک ہی طریقہ ہوتا ہے لیکن اُس کے لیے غَلَط ہونے کے بےشمار طریقے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہی مُغالطہ مختلف عنوانوں اور قسموں کے تحت لایا جاسکتا ہے۔ لہٰذا مغالطوں کی تسلی بخش جماعت بندی ناممکن ہے۔

بیکن کی تقسیم Bacon's Classification 

بیکن کا عقیدہ ہے کہ مُغالطے ہمارے تعصبات سے جنہیں وہ بُت یا جھُوٹے خُدا Idols or False Gods کہتا ہے پیدا ہوتے ہیں۔ وہ لکھتا ہے کہ جس طرح ایک ناہموار آئینہ اشیاء سے آنے والی شعاعوں کی شکل کو اپنی شکل کے مطابق بگاڑ دیتا ہے اُسی طرح ذہن جب حواس کے ذریعے سے اشیاء سے تاثرات حاصل کرتا ہے تو اُن کی صحیح طور پر عکاسی کرنے میں قابلِ اعتبار نہیں ہوتا کیونکہ یہ اپنے تصورات قائم کرنے میں اشیاء کی ماہیّت کے ساتھ اپنی ماہیّت کو شامل کردیتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ غَلَط تصورات (یعنی بُت) پیدا ہوجاتے ہیں جو علم کے منافی ہوتے ہیں۔ بیکن کہتا ہے کہ قوانینِ اَوَّلیہ اور نظریات کو صحیح اِستِقراء پر مبنی کرنا ہی ایک ایسا مناسب علاج ہے جس سے ہم اِن بُتوں سے بچ سکتے ہیں اور ان کی بیخ کُنی کرسکتے ہیں۔ لہٰذا ان کی جانب توجہ مبذول کرانا ایک بہت بڑی خدمت ہے۔ چنانچہ وہ ان کی مندرجہ ذیل چار قسمیں بیان کرتا ہے۔ 

١) قبائلی بُت IDOLS OF THE TRIBE OR IDOLA TRIBUS

یہ وہ تعصبات ہیں جن کی بنیاد انسانی فطرت پر ہوتی ہے اور جو انسان کی تمام قوم یا قبیلے یا نسل میں پائے جاتے ہیں۔ مثلًا ہمارا صرف ان نتیجوں کا دیکھنا جو ہمارے نظریات کے مطابق ہوں اور ان مثالوں کا نظرانداز کردینا جو ہمارے نظریات کے خلاف ہوں۔

٢) غار کے بُت IDOLS OF THE CAVE OR DEN OR IDOLA SPECUS

یہ وہ تعصبات ہیں جو ہر فرد کی اہنی ذہنی اور جسمانی ساخت یا اس کی تعلیم اور عادات سے پیدا ہوتے ہیں۔ مثلًا بعض ذہن اشیاء کے اختلافات کو اور بعض اشیاء کی مشابہتوں کو توجہ دینے میں ماہر ہوتے ہیں۔

٣) بازار کے بُت IDOLS OF THE MARKET OR IDOLA FORI

یہ وہ مغالطے ہیں جو ہماری گفتگو میں الفاظ کے غَلَط استعمال سے پیدا ہوتے ہیں۔ الفاظ کی غَلَط اور ناجائز تشکیل سے ذہن کے لیے ایک بہت بڑی رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے۔ الفاظ مفہوم کو بگاڑ دیتے ہیں، ہر شۓ میں ابتری پیدا کردیتے ہیں اور انسانوں کو بےشمار مغالطوں اور بےسُود بحثوں میں مبتلا کردیتے ہیں۔ کون ہے جس نے سیاسی لیڈروں کو الفاظ کے ذریعے سے عوام کو کسی نظریے کے خلاف یا اس کی حمایت میں اُبھارتے نہ دیکھا ہو؟ کون ہے جو "مُطالبہ"، "بدعت"، "کیمونزم"، "جمہوریت"، "سرمایہ داری" جیسے الفاظ کو سُن کر اُن کے جادو کے اثر سے محفوظ ہو؟ کون نہیں جانتا کہ اس قسم کے الفاظ کیسے خوف، کیسی اُمیدوں، کیسے جذبات، کیسے تعصبات اور کیسی قربانیوں کا باعث ہوتے ہیں؟ لیکن اس بات کے باوجود لوگ ان الفاظ کے مفہوم کے متعلق کِس قدر کم متفق ہیں۔

٤) تھیٹر کے بُت IDOLS OF THE THEATRE OR IDOLA THEATRI

یہ وہ تعصبات ہیں جو انسانوں کے ذہنوں میں خاص عقائد یا نظریات یا فلسفہ کی وجہ سے پیدا ہوجاتے ہیں۔ ہمارے بہت سے تعصبات ہمارے اُن عقائد کا نتیجہ ہوتے ہیں جنہیں ہم سند سمجھتے ہیں۔ ہم ان عقائد کو بالکل صحیح تسلیم کرتے ہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کی رائے رکھنے سے ڈرتے ہیں۔ مثلًا موجودہ زمانے میں سائنس کا اس قدر احترام کیا جاتا ہے کہ ہمیں جرأت ہی نہیں ہوتی کہ کسی ایسے عقیدے کو تسلیم کریں جس سے "سائنس" کی توہین ہوتی ہو۔
ظاہر ہے کہ بیکن کے ان بُتوں سے ہمیں یہ پتا نہیں چلتا کہ مختلف قسموں کے مغالطے کونسے ہیں۔ اِن میں سے ہمیں محض اس بات کا پتا چلتا ہے کہ مغالطے کس طرح پیدا ہوتے ہیں۔ منطقِ اِستِقرائیہ کے بڑے بڑے مغالطے مندرجہ ذیل ہیں؛ 
١) مُغالِطۂِ مُشاہدۂِ ناقص
FALLACY OF IMPERFECT OBSERVATION 
٢) مُغالِطۂِ تعمیمِ ناجائز
FALLACY OF ILLICIT GENERALIZATION 
٣) مُغالِطۂِ تمثیلِ کاذِب
FALLACY OR FALSE ANALOGY
٤) مُغالِطَۂِ غَلَط جماعت بندی
FALLACY OR WRONG CLASSIFICATION 
٥) مُغَالِطَۂِ عِلَّت
FALLACY OF FALSE CAUSATION 

مُشاہدۂِ ناقِص

جیسا کہ ہم پڑھ چکے ہیں مُشاہدہ غلطی کی ایک عام وجہ ہے۔ مُشاہدے کو ایک وسیع مفہوم میں لیتے ہوئے تاکہ اُس میں تجربہ بھی آجائے ہم مُشاہدے کے مغالطوں کو دو قسموں میں تقسیم کرسکتے ہیں۔ یعنی عَدَم مُشاہدہ اور سُوءِ مُشاہدہ مِل لِکھتا ہے کہ مُغالِطۂِ مُشاہدۂِ ناقِص، منفی یعنی عَدَم مُشاہدہ بھی ہوسکتا ہے اور مثبت یعنی سوء مُشاہدہ بھی۔ یہ اس صورت میں عَدَم مُشاہدہ کہلاتا ہے جب کہ وہ حقائق یا تفصیلات جن کا مشاہدہ کرنا چاہیے نظر انداز کردی جائیں اور اُسی صورت میں سوءِ مُشاہدہ کہلاتا ہے جب کہ کسی چیز کا غَلَط مُشاہدہ کیا جائے۔ یعنی جب کہ ایک چیز کو جیسی کہ وہ ہے ویسی ہی دیکھنے کی بجائے کُچھ اور دیکھا جائے۔ چنانچہ مُغالطۂِ عَدَمِ مُشاہدہ میں یہ غلطی پائی جاتی ہے کہ اس میں جس چیز یا بات کا مُشاہدہ کرنا چاہیے اُس کا مُشاہدہ نہیں کیا جاتا اور مُغالِطۂِ سُوءِ مُشاہدہ میں یہ غلطی پائی جاتی ہے کہ اُس میں کسی چیز کا غَلَط مُشاہدہ کیا جاتا ہے۔ عَدَم مُشاہدہ میں ہم کسی واقعہ کی یا تو (۱) مثالوں کو، یا، (۲) اُس کے اہم اسباب کو نظر انداز کرسکتے ہیں۔ 

عَدَم مُشاہدۂِ امثلہ 

NON-OBSERVATION OF INSTANCE 
ہم قُدرتی طور پر ان مثالوں کا مُشاہدہ کرتے ہیں جو ہمارے نظریات یا عقائد کے مطابق ہوتی ہیں اور ان مثالوں کو نظر انداز کردیتے ہیں جو ہمارے عقائد اور نظریات کے خلاف ہوتے ہیں۔ مثلًا ہم اپنے دوستوں کی صرف خوبیاں ہی دیکھتے ہیں اور اُن کے عیوب کو نظرانداز کردیتے ہیں۔ ہماری بہت ساری کہاوتوں میں یہی مُغالطہ پایا جاتا ہے۔ مثلًا چاہ کُن را چاہ درپیش، جیسا باپ ویسا بیٹا، خربوزے کو دیکھ کر خربوزے کا رنگ پکڑنا ہے وغیرہ وغیرہ۔
ہم قدرتی طور پر صرف مثبت مثالوں کو یعنی ان مثالوں کو جو ہمارے حق میں ہوں توجہ دیتے ہیں اور ان منفی مثالوں کو جو ہمارے خلاف ہوں نظرانداز کردیتے ہیں۔ اس کی وجہ ہمارا تعصب ہوتا ہے۔ اس مغالطے کی انتہائی شکل یہ ہے کہ چونکہ ایک چیز کا مُشاہدہ نہیں کیا گیا لہٰذا وہ چیز موجود بھی نہیں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ عَدَم مُشاہدہ عَدَمِ وُجُود کی دلیل نہیں۔

عَدَمِ مُشاہدۂِ اسبابِ اَہَم 

NON-OBSERVATION OF MATERIAL CONDITIONS
عَدَم مُشاہدہ کی دوسری شکل یہ ہے کہ کسی واقعہ کے اہم اسباب کو نظر انداز کردیا جائے۔ مثلًا اگر ایک طالب علم اچھی طرح محنت کرنے کے بعد امتحان کے روز ایک تعویذ لے آئے اور کامیاب ہوجائے اور اس سے نتیجہ اخذ کرے کہ وہ تعویذ کی وجہ سے امتحان میں کامیاب ہوا ہے تو یہ عَدَمِ مُشاہِدۂِ اسبابِ اَہم کا مغالطہ ہوگا کیونکہ اس کی کامیابی کا اہم سبب اُس کی محنت ہے۔ بقول وولٹیر ہم ایک خاص منتر سے بھیڑوں کے سارے ریوڑ کو مُردہ کرسکتے ہیں بشرطیکہ اس کے ساتھ ہم بھیڑوں کو سنکھیا (یعنی نیلا تھوتھا) بھی دے دیں، مِنٹو عَدَم مُشاہدہ کی اس قسم کی مندرجہ ذیل مثال دیتا ہے؛ کینم ڈگبی کے طلسمی مرہم کے ماننے والے اس کے مُفید ہونے کے حق میں اپنے تجربے کو پیش کیا کرتے تھے۔ یہ علاج یوں کیا جاتا تھا کہ مرہم زخم پر لگانے کی بجائے اس تلوار یا ہتھیار پر لگایا جاتا تھا جس سے زخم لگا ہو۔ اس سلسلے میں ہدایت یہ تھی کہ مرہم کو باقاعدگی کے ساتھ ہتھیار پر لگایا جائے اور زخم کو نہایت احتیاط سے باندھ کر سات دن کے لیے جوں کا توں رہنے دیا جائے۔ اس علاج سے اکثر اوقات زخم اچھا ہوجاتا تھا۔ لیکن جو یہ کہتے تھے کہ زخم ہتھیار پر مرہم لگانے کی وجہ سے اچھا ہوتا ہے وہ اس بات کو نظرانداز کردیتے تھے کہ درحقیقت زخم کا سات دن تک بندھے رہنا اور اس میں ہوا کا داخل نہ ہونا اس کے اچھا ہونے کا اَہَم سبب ہے۔ چنانچہ مزید تجربے سے یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ اگر صرف زخم کو سات روز  کے لیے باندھ دیا جائے اور ہتھیار کی مرہم پٹی نہ بھی کی جائے تو بھی زخم اچھا ہوجاتا ہے۔
کینم ڈِگبی ١٦٠٣ء تا ١٦٦٥ء
میں ایک میاں بیوی کا واقعہ جانتا ہوں جن کی گھریلو زندگی اُن کے روزمرّہ کے جھگڑوں کی وجہ سے ان دونوں کے لیے ایک عذاب تھی۔ بیوی کو معلوم ہُوا کہ ایک سادھو ان کی اس مصیبت کو دور کرسکتا ہے۔ چنانچہ اس نے اس سادھو کو اپنی ساری داستان سُنائی۔ سادھو نے اُسے ایک تعویذ اور کُچھ دَم کی ہوئی راکھ دی۔ تعویذ جسم پر باندھنے کے لیے تھا اور راکھ اس لیے تھی کہ اس میں سے تھوڑی سی ہر روز دودھ کے ایک گلاس میں ملا کر بلا ناغہ چالیس روز تک خاوند کو جب کہ وہ شام کے وقت اپنا کام کرنے کے بعد گھر واپس آئے تو دی جائے۔ اس سلسلے میں اس سادھو نے اس عورت کو ہدایت دی کہ تعویذ کو ہرگز اپنے جسم سے علـٰحدہ نہ ہونے دینا اور خواہ تمہارا خاوند تمہیں کتنا بُرا بھلا کیوں نہ کہے تم اس کے سامنے بالکل خاموش رہنا۔ سادھو نے اُسے یقین دلایا کہ ان کے حالات درست ہوجائیں گے بشرطیکہ اُس نے اِس کی ہدایات پر عمل کیا۔ سادھو نے اُسے یہ بھی بتایا کہ اگر اُس کی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو اس کا نتیجہ سخت خطرناک ہوگا۔ چنانچہ اُس عورت نے ویسا ہی کیا جیسا کہ سادھو نے اسے کہا تھا اور چند ہی روز میں اُن کے جھگڑے ختم ہوگئے۔ یہاں اگر ہم یہ کہیں کہ میاں بیوی کے جھگڑے سادھو کے تعویذ اور اس کی راکھ کی وجہ سے دُور ہوئے تو یہ اہم اسباب کے عَدَمِ مُشاہدہ کا مُغالِطہ ہوگا۔

سُوءِ مُشاہدہ

MAL-OBSERVATION 
یہ مُغالطہ اس صورت میں پیدا ہوتا ہے جب ہم اپنے مُشاہدے سے کوئی غَلَط نتیجہ اَخَذ کرتے ہیں۔ ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ مُشاہدے اور نتیجے کو ایک دوسرے سے علـٰحدہ رکھنا چاہیے۔ اگر وہ آپس میں خلط ملط ہوجائیں تو اس کا نتیجہ سوءِ مُشاہدہ کا مُغَالِطہ ہوگا۔ ہمارے فریب اور وہم سوء مُشاہدہ ہی کی غلطیوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ مثلًا ایک رسّی کو سانپ سمجھنا یا ریت کی ٹمٹاہَٹ کو پانی سمجھنا یا ایک جھاڑی کو جِنّ سمجھنا وغیرہ وغیرہ۔
سوءِ مُشاہدہ کا مُغالطہ بھی ہمارے تعصب یا کسی چیز یا واقعہ کے لیے پہلے سے سوءِ ظن یا حُسنِ ظَن رکھنے سے پیدا ہوتا ہے۔ ہمارا غم و غصہ، ہماری امید و بیم، ہماری حُبِّ ایجاد ایک شخص، ایک مہم اور ایک خوردبین میں ہمیں اسی چیز کے دیکھنے پر مجبور کرتی ہے جو ہمارے ذہن میں ہوتی ہے۔ 

ناجائز تعمیم

یہ مُغالِطہ اس صورت میں پیدا ہوتا ہے جب کہ ہم ناکافی شہادت کی بنا پر ایک تعمیم یا کُلیّہ قضیہ قائم کرلیتے ہیں۔ ہم چند مثالوں کا مُشاہدہ کرتے ہیں اور اُن سے تعمیم وضع کرلیتے ہیں۔ ہم یہ اِستِدلال کرتے ہیں کہ جو بات چند مثالوں کے متعلق درست ہے وہی بات تمام مثالوں کے متعلق بھی درست ہوگی۔ اعداد و شُمار یعنی گِنتی کے عُمُومی نتائج میں یہی مُغَالِطہ پایا جاتا ہے۔ گِنتی میں ہم صرف چند مثالوں کو گِننے کے بعد ایک کُلیّہ قضیہ قائم کرلیتے ہیں۔ مثلًا ہم ایک کالج کے چند شرارتی طلبا کو دیکھ کر کہہ دیتے ہیں کہ اُس کالج میں کوئی نظم و نسق نہیں۔ ہم چند تعلیم یافتہ بےروزگاروں کو دیکھ کر یہ نتیجہ اخذ کرلیتے ہیں کہ تعلیم بےروزگاری پیدا کرتی ہے۔ ہم سوئزرلینڈ اور امریکا کی ریاست ہائے متحدہ کو دیکھتے ہیں کہ وہ جمہوری سلطنتیں ہیں اور پُرامن ہیں۔ اس سے ہم یہ نتیجہ اخذ کرلیتے ہیں کہ جمہوری حکومت میں کبھی کوئی بغاوت نہیں ہوسکتی۔
ان مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم بعض اوقات مبالغے سے کام لیتے ہیں اور ناجائز طور پر چند مثالوں سے تعمیمیں مرتب کرلیتے ہیں۔ اس قسم کی مبالغہ آمیزی کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ ہمیں بےجا تعمیم کے ساتھ بات کرنے کی عادت پڑ جاتی ہے۔ اعتدال کو پسند نہ کرنے اور زور دار باتیں کرنے کی خواہش ہمیں مجبور کرتی ہے کہ ہم اپنے نتائج کو جتنی تقویت کہ اُن میں بجا طور پر موجود ہے اُس سے زیادہ تقویت دیں۔ ہماری یہی خواہش ناجائز تعمیم کی وجہ ہے۔

تمثیلِ کاذِب

یہ مُغالِطہ اُس صورت میں پیدا ہوتا ہے جب کہ دو اشیاء کی سطحی مشابہت کو اصلی سمجھ لیا جائے یا ان کے اہم اختلافات کو نظر انداز کردیا جائے۔ اٹھائیسویں باب میں ہم تمثیلِ کاذِب کی بہت سی مثالوں کا مطالعہ کر چکے ہیں۔ یہاں ہم ایک اور مثال بیان کرتے ہیں۔ عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ جس طرح ایک فرد پیدا ہوتا ہے اور مر جاتا ہے اسی طرح ایک قوم بھی پیدا ہوتی ہے اور نیست و نابود ہوجاتی ہے۔ یہ ایک تمثیلِ کاذِب ہے۔ واقعی ایک فرد اور ایک قوم دونوں کی ابتدا ایک معمولی حالت سے ہوتی ہے اور دونوں میں نشونما سے ترقی پیدا ہوتی ہے۔ لیکن جہاں ایک فرد کے لیے ایک متعیّن مدت العمر مقرر ہوتی ہے جس کی انتہاء پر پہنچنے کے بعد اس میں انحطاط شروع ہوجاتا ہے وہاں ایک قوم کے لیے ایک محدود اور متعیّن مدت مقرر نہیں ہوتی۔ ایک فرد کے بُڑھاپے کی طرح ایک قوم کے لیے لازمی طور پر انحطاط کی کوئی میعاد مقرر نہیں ہوتی۔ ایک فرد کی ہستی کی طرح ایک قوم کی ہستی ایک مخصوص مدت کے بعد ختم نہیں ہوجاتی۔ ایک قوم میں افراد کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے جس سے قوم میں ازسرِنو زندگی پیدا ہوتی رہتی ہے۔ نئی پیدائشوں، نئے آبادکاروں، نئے شہریوں کی وجہ سے ایک قوم کا مسلسل احیاء ممکن ہوتا ہے۔ لیکن ایک فرد میں ایسا کوئی عمل نہیں پایا جاتا۔ اگر اُس کا کوئی عُضو ضائع ہوجائے تو اس کی جگہ ایک اور نیا عُضو پیدا نہیں ہوتا۔ لہٰذا یہ کہنا مُغالطۂِ تمثیلِ کاذِب ہوگا کہ جس طرح ایک فرد اپنی زندگی کا مقررہ وقت گُزار کر آخرکار ختم ہوجاتا ہے اسی طرح ایک قوم بھی پروان چڑھ کر آخرکار مِٹ جاتی ہے۔

غَلَط جماعت بندی

یہ مغالطہ اس صورت میں پیدا ہوتا ہے جب کہ اشیاء کی جماعت بندی ان کی ظاہری مشابہتوں کی بنا پر کی جائے (یعنی جب اشیاء کی ایک غیر طبعی جماعت بندی کی جائے) یا جماعت بندی کی حُدود کو ملحوظ نہ رکھا جائے (یعنی اُن اشیا کی جماعت بندی کرنے کی کوشش کی جائے جو دو جماعتوں کی سرحدوں پر واقع ہوں)۔

مُغالِطۂِ عِلَّت

منطقِ اِستِقرائیہ کا یہ سب سے اَہَم مُغَالِطہ ہے۔ یہ مُغالِطہ اس صورت میں پیدا ہوتا ہے جب کہ ہم کسی ایسی چیز کو عِلَّت قرار دے دیتے ہیں جو درحقیقت عِلَّت نہیں ہوتی۔ اِس مُغَالِطے کی مندرجہ ذیل شکلیں ہیں۔
١) محض تسلسُل کو تعلیل قرار دینا۔ اگر دو چیزیں یکے بعد دیگرے واقع ہوں تو یہ ضروری نہیں کہ ان میں تعلیل کا رشتہ ہو۔ یعنی یہ ضروری نہیں کہ ایک بعد میں واقع ہونے والی چیز ایک پہلے واقع ہونے والی چیز کا معلول ہو اور ایک پہلے واقع ہونے والی چیز ایک بعد میں واقع ہونے والی چیز کی عِلَّت ہو۔ ہم دو واقعات کو ایک دوسرے کے بعد وقوع پذیر ہوتا دیکھتے ہیں اور بغیر مزید تحقیق کے فرض کرلیتے ہیں کہ اُن میں عِلَّت اور معلول کا رشتہ ہے۔ ہماری عوامی توہمات اسی مُغالطے کی مثالیں ہیں۔ اگر ہم ایک سفر کے لیے نکلیں اور ہمیں ایک بِلّی دکھائی دے یا کوئی چھینک مار دے تو ہم اس بات کو منحوس خیال کرتے ہیں۔ جب ایک دُمدار ستارہ نمودار ہوتا ہے تو ہم یہ خیال کرتے ہیں کہ یہ ایک جنگ یا کسی بادشاہ کی موت کا پیش خیمہ ہے۔ شیکسپیئر نے جولیس سیرز میں کہا ہے کہ جب بھکاری مرتے ہیں تو کوئی دُمدار ستارہ دیکھنے میں نہیں آتے لیکن بادشاہوں کی موت کی اشاعت خود آسمان کرتا ہے۔ 
اگر ایک چاند گرہن کے بعد کوئی وباء پھَیل جائے تو غیرتعلیم یافتہ لوگ چاند گرہن کو وباء کی عِلَّت فرض کرلیتے ہیں۔ کلارک لکھتا ہے کہ میں ایک سیڑھی کے نیچے سے گُزرتا ہوں اور اُس کے بعد ایک گاڑی کو پکڑنے میں ناکام رہتا ہُوں۔ اب بجائے اِس کے کہ میں ناکامی کو اپنی سُستی کی طرف منسوب کروں میں یہ فرض کرلیتا ہوں کہ ایک سیڑھی کے نیچے سے گُزرنا منحوس ہوتا ہے۔ ایک جہاز جمعے کے روز سفر شروع کرتا ہے اور غرق ہوجاتا ہے ایک مسافر اپنے آپ کو ایک منحوس دن کو سفر شروع کرنے پر کوستا ہے۔ اسی طرح کرٹین لکھتا ہے کہ اگر ایک جمعے کو شروع کئے ہوئے کام میں ناکامی ہو تو اس سے یہ نتیجہ نکالا جاتا ہے کہ اس ناکامی اور جس دن وہ کام شروع کیا گیا تھا اس دن میں ایک عِلَّتی رشتہ ہے یا تیرہ اشخاص کھانے پر اکٹھے بیٹھتے ہیں اور ان میں سے ایک شخص ایک سال کے اندر مر جاتا ہے۔ چنانچہ محض تقدُّم کو تعلیل فرض کرلینا ایک مُغالِطہ ہے۔ 
حضرت مسیح علیہ السلام کا آخری کھانا جس میں ۱۳ لوگ ہیں
٢) محض ہم موجودیت کو تعلیل قرار دینا۔ اگر دو واقعات اکٹھے پائے جائیں تو یہ فرض کرلینا کہ اُن کا آپس میں عِلَّت اور معلول کا تعلق ہے ایک مُغَالِطہ ہے۔
٣) کسی واقعہ کے دُور کے سبب کو یا صرف ایک ہی سبب کو عِلَّت قرار دینا۔ ہم یہ پڑھ چُکے ہیں کہ ایک عِلَّت اُن تمام منفی اور مثبت اسباب کا مجموعہ ہوتی ہے جو ہمیشہ اور فورًا معلول سے پہلے واقعہ ہوتے ہیں۔ چنانچہ کسی دُور کے سبب کو عِلَّت قرار دینا ایک مُغَالِطَہ ہے۔ جیسا کہ تتلی کے پر کی جنبش کے نظریہ کا غلط اطلاق کردینا۔
٤) ایک معلول کو عِلَّت یا ایک عِلَّت کو معلول قرار دینا یا ایک عِلَّت کے دو معلولوں کو ایک دوسرے کی عِلَّت اور معلول قرار دینا۔ مثلًا ہمارا یہ فرض کرلینا کہ ہماری بیخوابی ہمارے دردِ سر کی عِلَّت ہے حالآں کہ درحقیقت ہمارا دردِ سر ہماری بیخوابی کی عِلَّت ہو یا دردِ سر اور بیخوابی دونوں ایک ہی عِلَّت یعنی تشویش کے دو معلول ہوں۔ اسی طرح ہمارا یہ فرض کرلینا کہ مقیاس الہواء میں پارے کا گِرنا بارش کی عِلَّت ہے حالآنکہ حقیقت بالکل اس کے برعکس ہو یعنی بارش مقیاس الہواء میں پارے کے گِرنے کی عِلَّت ہو یا دونوں کی ایک ہی عِلَّت یعنی فضائی تبدیلی کے دو معلول ہوں۔ چنانچہ عِلَّتِی ترتیب کا اُلٹنا ایک مُغالطہ ہے جسے یونانی زبان میں Hÿsteron Proteron یعنی مؤخر کو مقدم رکھنا) اور انگریزی زبان میں) Putting the Cart before the Horse (یعنی چھکڑے کو گھوڑے کے آگے رکھنا) کہتے ہیں۔
یہ تمام مُغَالِطَۂِ عِلَّت کی ہی مختلف شکلیں ہیں۔

حَرَفِ آخر

ہم نے مغالطے کی اُن مختلف اقسام کا جنہیں عام طور پر تسلیم کیا جاتا ہے مطالعہ کیا ہے۔ 
ممکن ہے کہ مُغالطوں کی یہ فہرست مکمل نہ ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ جن مغالطوں کا ہم نے ذکر کیا ہے وہ ایک دوسرے سے بالکل علـٰحدہ نہ ہوں۔ لیکن مغالطوں کی تمام اہم شکلیں انہی اقسام پر مشتمل ہیں۔ یاد رہے کہ مغالطے کی یہ تمام اقسام ایک جیسی عام اور اَہَم نہیں اور ایک ہی مُغَالِطہ مختلف نقطہ ہائے نظر سے مختلف اقسام کے تحت لایا جاسکتا ہے۔ یہ مُغالطے نہایت خطرناک ہیں اور ان سے بچنے کے لیے منطق ہمیں کوئی خاص قواعد نہیں دے سکتی۔ یہ محض ہمیں ان کی موجودگی سے خبردار کرسکتی ہے۔ ان مغالطوں سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے تمام تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سچائی کے لیے مخلص اور بے لاگ محبت رکھیں۔
خُدائی صفات میں سے ایک صفت یہ ہے کہ وہ نہ تو کسی کو دھوکا دیتا ہے اور نہ کسی کے دھوکے میں آتا ہے (هُوَ لَا يَخْدَعُ وَلَا يُخْدَعُ) انسان کو جو خدائی صفات کا بہترین مظہر ہے چاہیے کہ وہ اپنے اندر ان دو صفات کو پیدا کرے۔ اسے چاہیے کہ وہ اپنے تمام دلائل میں سچائی، پوری سچائی اور صرف سچائی کو مدِّنظر رکھے۔ اس طرح وہ خود مغالطے کرنے سے بچ جائے گا اور اوروں کو دھوکا نہیں دے گا۔ اسی طرح اسی مقصد کو مدِّنظر رکھتے ہوئے اُسے چاہیے کہ جو کُچھ وہ اَوروں سے سُنے اُس کی جانچ پڑتال کرے۔ اس طرح وہ اَوروں کے مغالطوں کو پکڑ سکے گا اور اُن کے دھوکے میں نہیں آئے گا۔

حل شُدہ مثالیں

١) تم نے ضرور مجھے بددعا دی ہوگی کیونکہ جُونہی تم میرے گھر سے اُٹھ کر گئے اس پر بجلی گِر پڑی (مُغَالِطَۂِ عِلَّت)
٢) وہ بھی ایک قابل طالبِ علم ہوگا کیونکہ اس کا بھائی بھی ایک قابل طالبِ علم ہے (تمثیلِ کاذِب)
٣) آج تک جتنے آدمیوں سے مجھے واسطہ پڑا ہے وہ خود غرض پائے گئے ہیں لہٰذا تمام آدمی خود غرض ہوتے ہیں (ناجائز تعمیم)
٤) ایک ملک کا دارالحکومت ایک آدمی کے دِل کی مانند ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کا بہت بڑا ہونا ایک بیماری ہے (تمثیلِ کاذِب)
٥) دُنیا کی کئی بڑی بڑی سلطنتیں زوال پذیر ہوچکی ہیں۔ لہٰذا کوئی سلطنت دنیا میں عروج پر نہیں رہ سکتی۔ (ناجائز تعمیم)
٦) بڑے بڑے دریا بڑے بڑے شہروں کے پاس سے گُزرتے ہیں لہٰذا دریاؤں کے بڑے ہونے کی وجہ ان کے کناروں پر بڑے بڑے شہروں کا واقع ہونا ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت، عِلَّتی ترتیب کا اُلٹنا)
٧) یہ دَوا یقینًا اچھی ہوگی کیونکہ اس کے بنانے والوں نے اشتہاروں میں کئی ہزار سرٹیفیکیٹ پیش کیے ہیں (ناجائز تعمیم)
٨) اس سال فصلیں بہت خراب ہیں اور اسی سال ہماری وزارت بدلی ہے۔ لہٰذا حکومت کی تبدیلی فصلوں کے خراب ہونے کی وجہ ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت)
٩) جس طرح ایک مکان بغیر مکین کے اور ایک شہر بغیر شہریوں کے نہیں ہوسکتا اُسی طرح ایک سیّارہ بغیر آبادی کے نہیں ہوسکتا (تمثیلِ کاذِب)
١٠) جمہوری حکومت انگلستان میں کامیاب ہے لہٰذا ہمیں پاکستان میں بھی جمہوری حکومت کو قائم کرنا چاہیے (تمثیلِ کاذِب)
١١) رات ہمیشہ دِن سے پہلے آتی ہے لہٰذا رات، دن کی وجہ ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت)
١٢) نُجُومی ہمیں آئندہ ہونے والے تمام واقعات بتلا سکتے ہیں کیونکہ مجھے ایک نُجُومی نے بتلایا تھا کہ تم کامیاب ہوجاؤ گے اور میں واقعی کامیاب ہوگیا ہوں (ناجائز تعمیم)
١٣) کل تم مجھے ملنے آئے تھے اور آج میں بیمار ہوگیا ہوں۔ لہٰذا تمہاری کل کی ملاقات میری بیماری کی وجہ ہے (مُغَاِطَۂِ عِلَّت)
١٤) یہ جانور بھی کُتّے کی طرح وفادار ہوگا کیونکہ اس کے کان کُتّے کے کانوں جیسے ہیں (تمثیلِ کاذِب)
١٥) گرم مُلکوں کے پھل، سرد ملکوں کے پھلوں کی نسبت زیادہ میٹھے ہوتے ہیں۔ لہٰذا گرمی ان کے میٹھا ہونے کی وجہ سے ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت، صرف ایک سبب کو عِلَّت قرار دینا)
١٦) ہم ہر روز دیکھتے ہیں کہ سُورج مشرق سے نکلتا ہے اور مغرب کی جانب جا کر غُرُوب ہوجاتا ہے لیکن زمین ساکن نظر آتی ہے لہٰذا یہ کہنا کہ زمین سُورج کے گِرد گھومتی ہے ایک غَلَط بات ہے (مُشاہِدۂِ ناقص)
١٧) پاگل خانوں میں تعلیم یافتہ اشخاص کی تعداد غیر تعلیم یافتہ اشخاص کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ لہٰذا تعلیم پاگل پَن کی وجہ ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت)
١٨) زندگی ایک روشنی ہے، لہٰذا زندگی بھی روشنی کی طرح ہَوا کے ایک جھونکے سے ختم ہوجانے والی چیز ہے (تمثیلِ کاذِب۔ تشبیہہ)
١٩) جب بھی کوئی جنگ چھِڑتی ہے تو اُس سے پہلے دُمدار ستارے دیکھے جاتے ہیں لہٰذا دُمدار ستارے منحوس ہوتے ہیں (مُغَالِطَۂِ عِلَّت اور مُغَالِطَۂِ عَدَمِ مُشَاہِدۂِ امثلہ)
٢٠) وہ ڈاکٹر بہت اچھا ہے کیونکہ اُس کے تمام مریض صحت یاب ہوجاتے ہیں (مُغَالِطَۂِ عَدَمِ مُشاہِدۂِ امثلہ)
٢١) جب فولاد کو گرم کرنے کے بعد ٹھنڈے پانی میں ڈالا جاتا ہے تو وہ اور بھی مضبوط ہوجاتا ہے۔ اسی طرح اگر ہم بھی گرم پانی سے نہانے کے بعد ٹھنڈا پانی اپنے جسم پر ڈالیں تو ہمارا جسم بھی مضبوط ہوجائے گا (تمثیلِ کاذِب)
٢٢) ہِٹلر کے مرنے کے بعد جنگ ختم ہوگئی تھی لہٰذا جنگ کی وجہ ہِٹلر تھا (مُغَالِطَۂِ عِلَّت، صرف ایک سبب کو عِلَّت قرار دینا)
٢٣) کئی جانور دانتوں کے بغیر دیکھے گئے ہیں۔ لہٰذا تمام جانور دانتوں کے بغیر ہوتے ہیں (ناجائز تعمیم)
٢٤) آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں لہٰذا بارش ہوگی (سوءِ مُشاہدہ، مُشاہدے میں نتیجے کی آمیزش)
٢٥) جونہی میں اُس جگہ پہنچا میری بیماری دُور ہوگئی۔ لہٰذا میری صحت یابی کی وجہ اس جگہ کی آب و ہوا ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت، صرف ایک سبب کو عِلَّت قرار دینا)
٢٦) بہت سے طلبا جو میٹرک کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں پاس کرتے ہیں، ایف اے کا امتحان بھی فرسٹ ڈویژن میں پاس کرتے ہیں۔ اس سے یہ نتیجہ نکالا جاسکتا ہے کہ میٹرک کے تمام فرسٹ ڈویژن میں پاس شُدہ طلبا، ایف اے کا امتحان بھی فرسٹ ڈویژن میں پاس کرتے ہیں (ناجائز تعمیم)
٢٧) جنگ کے دوران اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں۔ لہٰذا جنگ قیمتوں کے بڑھنے کی وجہ تھی۔ (مُغَالِطَۂِ عِلَّت، صرف ایک سبب کو عِلَّت قرار دینا)
٢٨) سکولوں اور کالجوں میں پڑھنے والے طلبا کی نظر عُمُومًا کمزور ہوتی ہے لہٰذا تعلیم نظر کے کمزور ہونے کی وجہ ہے (مُغَالِطَۂِ عِلَّت)
٢٩) ؎۔
تمہاری تہذیب آپ اپنے ہاتھوں سے آپ ہی خود کُشی کرے گی
جو شاخِ نازُک پہ آشیانہ بنے گا ناپائیدار ہوگا
(تمثیلِ کاذِب)
٣٠) ؎۔
عِشق نے غالبؔ نکمّا کردیا
ورنہ ہم بھی آدمی تھے کام کے
(مُغَالِطَۂِ عِلَّت؛ صرف ایک سبب کو عِلَّت قرار دینا)
فقط سُہیل طاہر، سیالکوٹ

منطقِ اِستِخراجیہ کے اسباق
علم منطق کی تعریف
فکر کے اُصُول
حُدود اور ان کی اقسام
حُدود کی تعبیر اور تضمن
حُدود قابلِ الحمل
تعریف
تقسیم
قضیے اور اُن کی قسمیں
قضیوں کی چار اساسی شکلیں
استنتاجِ استخراجیہ کی اقسام
استنتاجِ بدیہی یا استنتاج بہ اختلافِ قضایا
استنتاجِ بدیہی جہتی
استنتاجِ بالواسطہ یا نظری
قواعدِ قیاس
قانونِ ارسطو اور قواعدِ قیاس کا باہمی تعلق
قیاس کی اشکال
مخلوط شرطیہ قیاس
مخلوط منفصلہ قیاس
معضلہ یا قیاسِ ذوالجہتین
منطقِ اِستِخراجیہ کے مُغالطے
منطقِ اِستِقرائیہ کے اسباق
منطقِ استقرائیہ کی نوعیّت اور فائدہ
اِستِقراء کی قسمیں
تعمیم
منطقِ اِستِقرائیہ کی بنیادیں
منطقِ اِستِقرائیہ کی مادّی بُنیادیں
قانُونِ عِلَّت
قانُون یکسانئِ فطرت
اِستِقرائے ناقص
مفرُوضہ
قوانینِ قُدرت
توجیہہ
اصطفاف

صفحات
موجود کا بیان
علم کا بیان
تصور اور تصدیق کا بیان
تصور اور تصدیق کی قسمیں



تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

علمِ منطق کی تعریف

حُدود اور ان کی اَقسام

فکر کے اُصُول