تقســــــيم
منطقی تقسیم کسے کہتے ہیں؟ :۔ منطقی تعریف سے مُراد یہ ہے کسی حدّ کے تضمن کا تجزیہ اور منطقی تقسیم سے مراد ہے کسی تعبیر کی حدّ کا تجزیہ۔ باالفاظِ دیگر منطقی تقسیم سے مُراد ہے کسی جنس کو اس کی انواع میں (یعنی کسی بڑی جماعت کو اس کی مشمولہ چھوٹی جماعتوں میں) تقسیم کرنا۔ مثلًا آدمیوں کی مسلمانوں، ہندوؤں، عیسائیوں، سکھوں وغیرہ میں تقسیم ایک منطقی تقسیم ہے۔ 'آدمی' ایک بڑی جماعت (جنس) ہے اور مسلمان، ہندؤ، عیسائی، سِکھ وغیرہ اس کی چھوٹی جماعتیں (انواع) ہیں لیکن اگر ہم آدمیوں کی تقسیم احمد، موہن، چارلس وغیرہ میں کریں تو یہ منطقی تقسیم نہیں ہوگی کیونکہ احمد، موہن، چارلس وغیرہ جماعتیں نہیں ہیں۔ کسی جماعت کو اس کے افراد میں تقسیم کرنا منطقی تقسیم نہیں کہلاتا ایسے عمل کو گنتی کہتے ہیں۔ منطقی تقسیم کو دیگر عملوں سے جنہیں عام طور پر تقسیم ہی کہا جاتا ہے صاف طور پر ممیز کرنا چاہیے یہ عمل تین ہیں۔
،تحلیلِ طبعی Physical Analysis
مابعد الطبیعاتی تجزیہ Metaphysical Analysis
اور گنتی Enumeration
اگر کسی جماعت کو اس کی چھوٹی جماعتوں میں تقسیم کیا جائے تو وہ منطقی تقسیم ہوگی، لیکن اگر کسی ایک فرد کو اس کے مختلف اجزاء یا حصّوں میں تقسیم کیا جائے تو وہ منطقی تقسیم نہیں ہوگی بلکہ تحلیلِ طبعی ہوگی۔ مثلًا اگر ایک آدمی کو اُس کے اجزا یعنی سر، ناک، کان وغیرہ میں تقسیم کریں یا ایک درخت کو اُس کی ٹہنیوں، پتوں، جڑوں وغیرہ میں تقسیم کریں تو یہ ایک تحلیلِ طبعی ہوگی۔ منطقی تقسیم ہمیشہ کسی جماعت کی ہوتی ہے فردِ واحد کی نہیں ہوتی۔
مابعد الطبیعاتی تجزیہ میں کسی ایک فرد کو اُس کی صفات میں تحلیل کیا جاتا ہے، مثلًا اگر ہم ایک آدمی کا تجزیہ اس کی مختلف صفات (یعنی حیوانیّت، انسانیت وغیرہ) میں کریں تو یہ منطقی تقسیم نہیں ہوگی بلکہ مابعد الطبیعاتی تجزیہ ہوگا۔ منطقی تقسیم کا تعلق تعبیر سے ہوتا ہے، تضمن یعنی صفات سے نہیں ہوتا۔
گنتی میں کسی ایک جماعت کے مشمولہ افراد کو گِن دیا جاتا ہے مثلًا اگر ہمیں سیاروں کی منطقی تقسیم کرنے کے لیے کہا جائے اور ہم مختلف سیاروں کے نام گنوا دیں تو یہ منطقی تقسیم نہیں ہوگی بلکہ گنتی ہوگی۔ منطقی تقسیم میں کسی جماعت کے افراد کی گنتی نہیں کی جاتی بلکہ اس جماعت کو اس کی چھوٹی جماعتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
الغرض (۱) منطقی تقسیم کا تعلق جماعتوں سے ہوتا ہے اور تحلیلِ طبعی کی طرح افراد سے نہیں ہوتا (۲) اس کا تعلق تعبیر سے ہوتا ہے اور (مابعدالطبیعاتی تجزیہ کی طرح) تضمن سے نہیں ہوتا (۳) اس کا تعلق کسی جماعت کی چھوٹی جماعتوں سے ہوتا ہے اور (گنتی کی طرح) کسی جماعت کے افراد سے نہیں ہوتا۔
منطقی تقسیم میں تقسیم شُدہ جماعت اپنی چھوٹی جماعتوں میں سے ہر ایک کے لئے محمول بن سکتی ہے۔ لیکن چھوٹی جماعتیں تقسیم شدہ جماعت کے لیے محمول نہیں بن سکتیں۔ جب ہم حیوانوں کو گدھوں اور گھوڑوں میں تقسیم کرتے ہیں تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ گدھے حیوان ہیں یا گھوڑے حیوان ہیں۔ لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ حیوان گدھے ہیں یا حیوان گھوڑے ہیں۔
مابعدالطبیعاتی تجزیہ میں تحلیل شدہ فرد اپنی مشمولہ صفات کے لئے محمول نہیں بن سکتا۔ لیکن وہ صفات اس فرد کے لئے محمول بن سکتی ہیں مثلًا جب ہم کھانڈ کا تجزیہ اس کی سفیدی اور مٹھاس میں کرتے ہیں تو ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کھانڈ سفید ہے یا کھانڈ میٹھی ہے لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ سفیدی کھانڈ ہے یا مٹھاس کھانڈ ہے۔
تحلیلِ طبعی میں جب ایک فرد اپنے مشمولہ اجزاء میں منقسم ہوتا ہے تو نہ تو وہ تحلیل شدہ فرد اپنے اجزاء کے لئے محمول بن سکتا ہے اور نہ وہ اجزاء اس فرد کے لئے محمول بن سکتے ہیں۔ جب ہم ایک درخت کو اس کی جڑوں، ٹہنیوں اور پتوں میں تقسیم کرتے ہیں تو ہم نہ تو یہ کہہ سکتے ہیں کہ جڑیں درخت ہیں یا ٹہنیاں درخت ہیں یا پتّے درخت ہیں۔ اسی طرح جب ہم ایک آدمی کی تقسیم اس کے مختلف حصّوں (یعنی سر، ہاتھ، ٹانگوں وغیرہ) میں کرتے ہیں۔ تو ہم نہ تو یہ کہہ سکتے ہیں سر آدمی آدمی ہے یا ہاتھ آدمی ہیں یا ٹانگیں آدمی ہیں اور نہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ آدمی سر ہے یا آدمی ہاتھ ہے یا آدمی ٹانگیں ہیں۔
غرض منطقی تقسیم کسی جماعت یا جنس کو اس کی مشمولہ چھوٹی جماعتوں یا انواع میں تقسیم کرنے کو کہتے ہیں وہ جماعت جسے تقسیم کیا جاتا ہے تقسیم شُدہ جماعت کہلاتی ہے۔ اور وہ جماعتیں جن میں اسے تقسیم کیا جاتا ہے اجزائے تقسیم کہلاتی ہیں۔ اور وہ بُنیاد جس کی بنا پر کسی جماعت کو اس کی مشمولہ جماعتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے بنیادِ تقسیم کہلاتی ہے مثلًا اگر ہم آدمیوں کو مسلمانوں، ہندوؤں، سکھّوں، عیسائیوں وغیرہ میں تقسیم کریں تو بنیادِ تقسیم مذہب ہوگا۔ اگر ہم آدمیوں کو شادی شدہ اور کنواروں میں تقسیم کریں تو بنیادِ تقسیم شادی ہوگی۔ اگر ہم آدمیوں کو ڈاکٹروں، وکیلوں، پروفیسروں وغیرہ میں تقسیم کریں تو بنیادِ تقسیم پیشہ ہوگا۔ اس طرح کتابوں کی تقسیم ان کی زبان کے لحاظ سے یا ان کے حجم کے لحاظ سے یا ان کے مضمون کے لحاظ سے کی جاسکتی ہے۔
قواعدِ تقسیم:۔ منطقی تقسیم مندرجہ ذیل قواعد کے مطابق ہونا چاہیے۔
پہلا قاعدہ:۔ بُنیادِ تقسیم صرف ایک ہونی چاہیے۔
جب ہم کسی جماعت کو اس کی مشمولہ جماعتوں میں تقسیم کرتے ہیں تو وہ مشمولہ جماعتیں یعنی اجزائے تقسیم ایک دوسرے سے علـٰحدہ ہونے چاہییں۔ اور وہ اسی صورت میں آپس میں مانع ہوسکتے ہیں جب کہ بُنیادِ تقسیم صرف ایک ہو مثلًا اگر ہم آدمیوں کو مسلمانوں، ہندوؤں، سکھوں اور عیسائیوں وغیرہ میں تقسیم کریں تو بنیادِ تقسیم ایک ہوگی یعنی مذہب اس صورت میں تمام اجزائے تقسیم آپس میں مانع یا مغائر ہوں گے۔ مسلمان، ہندؤ، سکھ، عیسائی وغیرہ ایک دوسرے سے علـٰحدہ ہیں۔ان میں سے کسی جماعت کا کوئی فرد کسی اور جماعت میں شامل نہیں۔ لیکن اگر بُنیادِ تقسیم ایک نہ ہو (یعنی ایک سے زیادہ ہوں) تو اجزائے تقسیم آپس میں مانع نہیں ہوں گے بلکہ ایک دوسرے میں خلط ملط ہوجائیں گے۔ ایسی تقسیم کو خلط ملط تقسیم کہتے ہیں۔ خلط ملط تقسیم میں اجزائے تقسیم ایک دوسرے سے علـٰحدہ نہیں رہتے۔ مثلًا اگر ہم آدمیوں کی تقسیم مسلمانوں، ادیبوں اور ڈاکٹروں میں کریں تو ہماری تقسیم غلط ہوگی۔ مسلمان، ادیب اور ڈاکٹر یہ تین جماعتیں آپس میں مانع نہیں۔ مسلمان ادیب بھی ہوسکتے ہیں اور ڈاکٹر بھی۔ اسی طرح ڈاکٹر مسلمان بھی ہوسکتے ہیں اور ادیب بھی۔ یہاں چونکہ بنیادِ تقسیم ایک نہیں، لہٰذا اجزائے تقسیم آپس میں مانع نہیں۔ ایک اور مثال لیجئے۔ اگر ہم میزوں کی تقسیم یوں کریں، لکڑی کی میزیں، اور پتھروں کی میزیں تو چونکہ ہماری بُنیادِ تقسیم ایک ہوگی لہٰذا اجزائے تقسیم آپس میں بالکل مانع ہوں گے۔ لکڑی کی میزیں پتھر کی میزیں نہیں اور پتھر کی میزیں لکڑی کی میزیں نہیں لیکن اگر ہم میزوں کی تقسیم یوں کریں کہ لکڑی کی میزیں اور اور گول میزیں تو ہماری تقسیم غلط ہوگی کیونکہ لکڑی کی میزیں گول بھی ہوسکتی ہیں اور گول میزیں لکڑی کی بھی ہوسکتی ہیں۔ الغرض بُنیادِ تقسیم صرف ایک ہونی چاہیے تاکہ اجزائے تقسیم آپس میں مانع رہیں یعنی خلط ملط نہ ہوں۔ خلط ملط تقسیم کی مندرجہ ذیل مثالیں ملاحظہ ہوں۔
١۔ سِکّوں کی تقسیم:۔ انگریزی سکّے، فرانسیسی سکّے، گول سکّے، چاندی کے سکّے۔
٢۔ کتابوں کی تقسیم:۔ فلسفہ کی کتابیں، انگریزی زبان میں لکھی ہوئی کتابیں، سُرخ جلدوں والی کتابیں۔
٣۔ مثلثوں ∆ کی تقسیم:۔ مساوی الاضلاع مثلثیں، قائم الزاویہ مثلثیں، مختلف الاضلاع مثلثیں۔
٤۔ آدمیوں کی تقسیم:۔ لمبے آدمی، ایماندار آدمی، محنتی آدمی۔
٥۔ طالب علموں کی تقسیم:۔ ذہین طالبعلم، غبی طالبعلم، شادی شُدہ طالبعلم، غیرشادی شدہ طالب علم۔
دوسرا قاعدہ:۔ تقسیم کوئی عرضِ فارق ہونا چاہیے۔
کسی بڑی جماعت کو اس کی مشمولہ جماعتوں میں تقسیم کرتے وقت ہمارے پیشِ نظر کوئی ایسی صفت ہوتی ہے، جو اس بڑی جماعت کی بعض مشمولہ جماعتوں میں تو موجود ہو اور بعض جماعتوں نہ ہو۔ ایسی صفت کو عرضِ فارِق کہتے ہیں۔ وہ صفت جو کسی جماعت کی تمام مشمولہ جماعتوں میں پائی جائے بُنیادِ تقسیم نہیں بن سکتی۔ چنانچہ فصل، خاصہ اور عرضِ غیرفارِق، بُنیادِ تقسیم نہیں ہوسکتے۔ یہ ایسی صفات ہیں جو کسی جنس کی تمام انواع میں پائی جاتی ہیں۔ ہم آدمیوں کی تقسیم یوں نہیں کرسکتے (ا) وہ آدمی جو تعقل رکھتے ہیں اور وہ آدمی جو تعقل نہیں رکھتے۔ یا (ب) وہ آدمی جو سوچ سکتے ہیں اور وہ آدمی جو سوچ نہیں سکتے۔ یا (ج) وہ آدمی جو کسی جگہ یا وقت پر پیدا ہوتے ہیں اور وہ آدمی جو کسی جگہ یا وقت پر پیدا نہیں ہوتے۔ یہ تقسیم اس لئے غلط ہے کہ تمام آدمی تعقل رکھتے ہیں (فصل) تمام آدمی سوچ سکتے ہیں (خاصہ) اور تمام آدمی کسی جگہ اور وقت پر پیدا ہوتے ہیں (عرضِ غیرفارِق) لیکن ہم آدمیوں کی تقسیم یُوں کرسکتے ہیں (ا) مسلمان، ہِندؤ، سکھ، عیسائی وغیرہ یا (ب) ڈاکٹر، وکیل، پروفیسر وغیرہ وغیرہ۔ مذہب اور پیشہ عرضِ فارِق ہیں اور ان کی بنا پر آدمی مختلف جماعتوں میں منقسم ہوسکتے ہیں۔
تیسرا قاعدہ:۔ ایک جماعت یا جنس کو اس کی انواعِ قریب میں تقسیم کرنا چاہیے۔
اس قاعدے کا مطلب یہ ہے کہ عملِ تقسیم بتدریج ہونا چاہیے۔ مثلًا اگر ہم جانداروں کی تقسیم یوں کریں، فرسٹ ائیر کے طلبا، اور دیگر طلبا، تو ہماری تقسیم غلط ہوگی۔ فرسٹ ائیر کے طلبا اور دیگر جانداروں کی انواعِ بعید ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ پہلے جانداروں کو انسانوں اور غیرانسانوں میں تقسیم کریں، پھر انسانوں کو طلبا اور غیر طلبا میں تقسیم کریں اور پھر طلبا کو فرسٹ ائیر کے طلبا اور دیگر طلبا میں تقسیم کریں۔ بااِلفاظِ دیگر ایک جماعت یا جنس کو اس کی انواعِ قریب میں تقسیم کرنا چاہیے پھر ان چھوٹی جماعتوں کو آگے ان کی اپنی انواع میں تقسیم کرنا چاہیے حتیٰ کہ ہم انواعِ سافل تک پہنچ جائیں جو آگے جماعتوں میں تقسیم نہ ہوسکیں اور جن کے تحت محض افراد ہوں۔ جہاں تقسیم مسلسل ہو وہاں عملِ تقسیم بتدریج ہونا چاہیے۔
چوتھا قاعدہ:۔ تقسیم جامع ہونی چاہیے۔
اس قاعدے کا مطلب یہ ہے کہ اجزائے تقسیم کی مجموعی تعبیر، تقسیم شدہ جماعت کی تعبیر کے برابر ہونی چاہیے۔ اگر ہم کسی جماعت کو اس کی مشمولہ جماعت میں تقسیم کریں تو وہ مشمولہ جماعتیں اپنی دلالتِ افرادی کے لحاظ سے مجموعی طور پر تقسیم شدہ جماعت کی تعبیر سے نہ زیادہ ہونی چاہییں نہ کم۔ اگر ان مشمولہ جماعتوں کا مجموعہ تقسیم شدہ جماعت سے زیادہ ہوگا تو تقسیم وسیع ہوگی۔ اور اگر کم ہوگا تو تقسیم تنگ ہوگی۔ مثلًا اگر ہم جانداروں کی تقسیم انسانوں اور حیوانوں میں کریں تو تمام انسان اور تمام حیوان مل کر جانداروں کے برابر ہوں گے۔ اسی طرح ہم مثلثوں ∆ کی تقسیم مساوی الاضلاع، مساوی الساقین اور مختلف الاضلاع مثلثوں میں کریں تو یہ تین جماعتیں ملا کر تمام مثلثوں کے برابر ہوں گی۔
اس قاعدے کا تقاضا یہ ہے کہ کسی جماعت کو تقسیم کرتے وقت اس کی مشمولہ جماعتوں میں سے کسی جماعت کو چھوڑنا نہیں چاہیے اور نہ ہی کسی ایسی جماعت کو شامل کرنا چاہیے جو تقسیم کردہ جماعت کے تحت نہیں آتی۔ مثلًا اگر ہم مذہب کی بنا پر انسانوں کی تقسیم مسلمانوں اور ہندوؤں میں کریں تو سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے انسان یعنی بہت سی جماعتیں، انسان کی جماعت سے خارِج ہوجائیں گی اور ہماری تقسیم تنگ ہوجائے گی۔ اور اگر ہم انسانوں کی مشمولہ جماعتیں بیان کرتے ہوئے ان میں فرشتوں کی جماعت کو بھی شامل کردیں تو ہماری تقسیم وسیع ہوجائے گی۔
اس قاعدے کا پورا کرنا ایک مشکل بات ہے۔ جب ہم کسی جماعت کو اس کی مشمولہ جماعتوں میں تقسیم کرتے ہیں تو ہم یہ وثوق سے نہیں کہہ سکتے کہ ہماری تقسیم نہ وسیع یے نہ تنگ یعنی ہم وثوق سے نہیں کہہ سکتے کہ ہم نے تقسیم شدہ جماعت کی تمام مشمولہ جماعتوں کو بیان کردیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی جماعت رہ جائے مثلًا جب ہم مذہب کی بنا پر انسانوں کی تقسیم کرتے ہیں تو ہم وثوق سے نہیں کہہ سکتے کہ ہماری تقسیم تمام مذاہب پر حاوی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی مذہب نظر انداز ہوجائے اس غلطی سے بچنے کے لئے ایک طریقہ یہ ہے کہ تقسیم ہونے والی جماعت کو دو متناقض جماعتوں میں تقسیم کیا جائے۔ مثلًا اگر ہم انسان کی تقسیم مسلمانوں اور غیرمسلمانوں میں کریں تو ان میں تمام مذاہب آجائیں گے۔ اسی طرح اگر ہم ملک کی بنا پر انسانوں کی تقسیم پاکستانیوں اور غیرپاکستانیوں میں کریں تو ان میں دنیا کے تمام باشندے آجائیں گے۔ ایسی تقسیم کو جس میں کسی جماعت کو اس کی دو متناقض جماعتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تقسیمِ تنقیضی یا تنصیف کہتے ہیں۔ اس تقسیم کا فائدہ یہ ہے کہ اس میں اجزائے تقسیم آپس میں مانع بھی ہوتے ہیں اور جامع بھی۔ ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ نقیضین آپس میں مانع اور جامع ہوتے ہیں۔
تقسیمِ تنقیضی یا تنصیف
اگر ایک بڑی جماعت کو کسی صفت کی بنا پر دو متناقض جماعتوں میں تقسیم کیا جائے (ایک وہ جماعت جس میں وہ صفت موجود ہوں اور دوسری وہ جس میں وہ صفت موجود نہ ہو) تو ایسی تقسیم کو تقسیمِ تنقیضی یا تنصیف کہتے ہیں۔ مثلًا اگر ہم کتابوں کی یوں تقسیم کریں، مذہبی کتابیں اور غیرمذہبی تو یہ ایک تقسیمِ تنقیضی ہوگی۔ اس قسم کی تقسیم میں بنیادِ تقسیم ایک ہوتی ہے، اس میں عملِ تقسیم بھی بتدریج ہوتا ہے اور چونکہ اس سے ہمیں دو متناقض جماعتیں حاصل ہوتی ہیں لہٰذا وہ جماعتیں مانع بھی ہوتی ہیں اور جامع بھی۔ اگر ہم انسانوں کی تقسیم پاکستانیوں اور غیر پاکستانیوں میں کریں تو پاکستانی اور غیر پاکستانی آپس میں مانع ہوں گے یعنی پاکستانی، غیر پاکستانی نہیں اور غیر پاکستانی، پاکستانی نہیں۔ اور پاکستانی اور غیر پاکستانی جامع بھی ہیں یعنی دونوں کا مجموعہ تمام انسانوں کے برابر ہے۔
تنصیف کی بنیاد اُصُولِ اجتماعِ نقیضین اور اُصُولِ خارِج الاوسط پر ہوتی ہے۔ یہ تقسیم، منطقی تقسیم کے تمام قواعد کو جنہیں ہم بیان کرچکے ہیں (یعنی بُنیادِ تقسیم ایک ہو اور وہ عرضِ فارِق ہو تقسیم بتدرج ہو اور اجزائے تقسیم جامع اور مانع ہوں) پورا کرتی ہے۔ لہٰذا صوری منطق کے نقطۂ نظر سے یہ بہترین تقسیم ہے لیکن اس میں مندرجہ ذیل نقائص بھی ہیں۔
١. یہ تقسیم دو متناقض جماعتوں میں سے ایک جماعت کو نامعلوم اور غیر واضح رکھتی ہے۔ مثلًا جب ہم ملک کی بنا پر انسانوں کو پاکستانیوں اور غیرپاکستانیوں میں تقسیم کرتے ہیں تو پاکستانیوں کے متعلق تو ہمیں یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ فُلاں ملک کے باشندے ہیں لیکن غیرپاکستانیوں کے متعلق ہمیں کچھ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کس ملک کے باشندے ہیں تنصیف میں منفی حدّ والی جماعت نامعلوم رہتی ہے۔
٢. اگر ہم منفی حد والی جماعت کو جانتے ہیں تو اسے منفی نام سے بیان کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ اور اگر ہم اُسے نہیں جانتے تو منفی حدّ کسی معلوم جماعت کا نام نہیں۔ اور اس صورت میں تقسیم بےحاصل ہوگی۔
٣. تنصیف مگر صوری لحاظ سے صحیح ہوتی ہے۔ اس میں ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اُن تمام جماعتوں کا جو ہمیں اس عملِ تقسیم سے حاصل ہوئی ہیں فی الحقیقت وجود رکھتی بھی ہیں۔ مندرجہ ذیل مثال ملاحظہ ہو
اس مثال میں مساوی الاضلاع، مساوی الساقین اور مختلف الاضلاع کے بعد غیر مختلف الاضلاع مثلثوں کی جماعت جو ہمیں عملِ تقسیم سے ملتی ہے دراصل کوئی وجود نہیں رکھتی۔
٤. لہٰذا یہ تقسیم محض فرضی ہوتی ہے جو بُنیادِ تقسیم اس میں فرض کرلی جاتی ہے ہوسکتا ہے وہ درحقیقت صحیح نہ ہو۔
٥. اس میں عملِ تقسیم بلاضرورت طویل ہوتا ہے۔ جہاں کسی جماعت کو ایک ہی عمل میں اس کی مشمولہ جماعتوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے وہاں یہ تقسیم بلاضرورت طویل اور مسلسل ہوتی ہے۔ مثلًا اضلاع کے برابر یا نہ برابر ہونے کی بنا پر مثلثوں کی تقسیم کے متعلّق ہم یہ آسانی سے کہہ سکتے ہیں کہ یا تینوں اضلاع برابر ہوں گے یا دو اضلاع برابر ہوں گے یا تمام اضلاع مختلف ہوں گے۔ چنانچہ ہم ایک ہی عمل میں مثلثوں کی یوں تقسیم کرسکتے ہیں۔



👍
جواب دیںحذف کریں😊
حذف کریں