منطقِ اِستقرائیہ کی نوعیّت اور فائدہ
اکیسواں باب
منطقِ اِستقرائیہ کی نوعیّت اور فائدہ
NATURE AND USE OF INDUCTIVE LOGIC
Need of induction منطقِ استقرائیہ کی ضرورت
جیسا کہ ہم پڑھ چکے ہیں منطق صحیح فکر کے قوانین کا علم ہے۔ بالفاظِ دیگر منطق کا تعلق صحّتِ فکر سے ہے۔ ہم یہ بھی پڑھ چکے ہیں صحت سے مُراد یہ ہے کہ (۱) فکر میں خود اپنی ہی تردید پائی نہ جائے اور (۲) فکر حقیقت کے مُطابق ہو۔ صحت پہلے معنوں میں صوری اور دوسرے معنوں میں مادّی کہلاتی ہے۔ صوری صحت میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ فکر اپنے آپ سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔ اور مادّی صحت میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ فکر بیرونی حقیقت سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔
صحت کے انہی دو معنوں کی وجہ سے منطق دو حصّوں میں منقسم ہے یعنی منطقِ استخراجیہ اور منطقِ استقرائیہ منطقِ استخراجیہ استِدلال کی صرف صوری صحت سے تعلق رکھتی ہے اور مقدمات اور نتائج کی مادّی صحت کی جانچ پڑتال نہیں کرتی۔ مقدمات کو صحیح مان کر منطقِ استخراجیہ یہ دیکھتی ہے کہ نتیجہ مانے ہوئے مقدمات سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔ بالفاظِ دیگر منطقِ استخراجیہ یہ دیکھتی ہے کہ نتیجہ دِئیے ہوئے مقدمات سے لازمی طور پر نکلتا ہے یا نہیں۔ مقدمات اور نتائج کی مادّی صحت کے بارے میں سوال اُٹھانا منطقِ اِستخراجیہ کا کام نہیں۔
مندرجہ ذیل مثال کو لیجیے۔
تمام انسان درخت ہیں
تمام طَلَبا انسان ہیں
لہٰذا تمام طَلَبا درخت ہیں
منطقِ استخراجیہ کے لحاظ سے یہ استدلال بالکل صحیح ہے کیونکہ یہ قیاس کے تمام قاعدوں کے مُطابق ہے اور شَکَلِ اَوَّل کی ضرب برابابا ہے۔ لیکن اگر ہم مقدمات اور نتیجے کی مادّی صحت کو دیکھیں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ یہ استِدلال حقیقت سے مطابقت نہ رکھنے کی وجہ سے غَلَط ہے۔ اس قسم کے استِدلال کو منطقِ اِستقرائیہ غلط سمجھ کر قبول نہیں کرے گی۔ کیونکہ استِدلال کے لیے صوری اور مادّی دونوں لحاظ سے صحیح ہونا ضروری ہے۔ ہم استِدلال کی صرف صوری صحت ہی کو دیکھنا نہیں چاہتے بلکہ اس کی مادّی صحت کو بھی پیشِ نظر رکھتے ہیں۔ لیکن مادّی صحت بہم پہنچانا منطقِ استخراجیہ کا کام نہیں لہٰذا اس سلسلے میں ہمیں منطقِ استقرائیہ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ استخراجی استِدلال کی ہر میعاری شکل میں مقدمۂ کُبریٰ ایک عمومی یا کُلّی قضیہ ہوتا ہے۔ اور نتیجہ ہمیشہ مقدمات سے کم عمومی ہوتا ہے۔ لیکن یہاں سُوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کُلّی قضیہ کو جس سے استخراجی استِدلال شروع ہوتا ہے ثابت کیسے کیا جائے۔
ایک کُلی قضیہ بلحاظِ مفہوم یا ملفوظی ہوتا پے یا معقولی ایک ملفوظی قضیہ وہ قضیہ ہوتا ہے جس میں محمول صرف موضوع کے تضمن کو بیان کرتا ہے۔ مثال کے طور پر "تمام مثلثیں ∆ تین اضلاع رکھتی ہیں" ایک ملفوظی قضیہ ہے چونکہ ایک ملفوظی قضیے میں محمول کا مفہوم موضوع کے مفہوم میں موجود ہوتا ہے لہٰذا اگر کوئی ملفوظی قضیہ کُلّی ہو تو صرف موضوع کے معنوں کے تجزیہ ہی سے ایسے قضیے کی کُلیّت کو ثابت کیا جاسکتا ہے لیکن اگر کوئی کُلّی قضیہ معقولی ہو (یعنی ایک ایسا قضیہ ہو جس میں محمول، موضوع کے متعلق کوئی نئی اطلاع دے مثلًا تمام کُتّے وفادار ہوتے ہیں) تو اس صورت میں موجوع کے تضمن کا تجزیہ کرنے سے اُس قضیے کی کلیّت کو ثابت نہیں کیا جاسکتا۔ ایسی صورت میں حقایٔق کا مشاہدہ ضروری ہوتا ہے۔ یہ ثابت کرنے کے لئے کہ تمام کُتّے وفادار ہوتے ہیں ہمیں کُتّوں کی وفاداری کا مشاہدہ کرنا پڑتا ہے۔ چنانچہ معقولی کُلیّہ قضیوں کو اِستقرائی طور پر (یعنی حقائق کے مُشاہدے کی مدد سے) ثابت کیا جاتا ہے۔
استخراجی ثُبُوت میں ایک کُلیّہ قضیہ کو ثابت کرنے کے لئے ہمیں دو اور کُلیّہ قضیوں کو فرض کرنا پڑتا ہے۔ اور اُن دو مفروضہ کُلیّہ قضیوں کو ثابت کرنے کے لئے ہمیں اور کُلیّہ قضیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور یہ سلسلہ لامُتناہی ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر یہ ثابت کرنے کے لئے کہ "تمام بادشاہ فانی ہیں" ہمیں دو اور کُلیّہ قضیوں کو فرض کرنا پڑتا ہے۔ یعنی "تمام انسان فانی ہیں" اور "تمام بادشاہ انسان ہیں" پھر یہ ثابت کرنے کے لئے کہ "تمام انسان فانی ہیں" ہمیں دو اور کُلیّہ قضیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ یعنی "تمام حیوان فانی ہیں" اور "تمام انسان حیوان ہیں" چنانچہ منطقِ استخراجیہ کا یہ سلسلہ (یعنی ایک کُلیّہ قضیے کو ثابت کرنے کے لئے دو اور کُلیّہ قضیوں کو فرض کرلینا) ختم ہی نہیں ہوتا۔ لہٰذا استخراجی ثُبُوت کے اس لامُتناہی سلسلے کو ختم کرنے کے لئے ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم منطقِ اِستقرائیہ کی مدد سے کُلیّہ قضیوں کو قائم کریں۔ یعنی کسی کُلیّہ کی کُلیّت کو دو اور کُلیّہ قضیوں کو فرض کرلینے سے نہیں بلکہ استقرائی طریقے سے (یعنی حقائق کی مدد سے) ثابت کریں۔
چنانچہ منطقِ استخراجیہ کے مُقدمۂ کُبریٰ کے کُلیّہ قضیے کو منطقِ استقرائیہ ہی مرتب کرتی ہے۔
الغرض منطقِ استخراجیہ مقدمۂ کُبریٰ میں کُلیّہ قضیوں کو جانچے بغیر قبول کرلیتی ہے۔ چنانچہ ہمیں منطقِ استخراجیہ کے علاوہ منطقِ اِستقرائیہ کی دو باتوں کے لئے ضرورت ہے۔ ایک تو فکر کی مادّی صحت بہم پہنچانے کے لئے اور دوسرے کُلیّہ قضیوں کو استقرائی طور پر ثابت کرنے کے لیے۔
منطقِ اِستقرائیہ کی ضروری خُصُوصیات
Essential Characteristics of Inductive Logic
جو کُچھ اوپر بیان کیا گیا ہے اُس سے صاف ظاہر ہے کہ منطقِ اِستقرائیہ حقائق کے مشاہدے کی مدد سے کُلیّہ قضیے مُرتب کرتی ہے۔ مثال کے طور پر میں یہ دیکھتا ہوں کہ میرا کُتّا وفادار ہے۔ اُس کا کُتّا وفادار ہے۔ میں ان جُزئ مُشاہدات سے یا عُمُومی یا کُلیّہ قضیہ بطور نتیجہ اخذ کرتا ہوں کہ "تمام کُتّے وفادار ہوتے ہیں" یہ استِدلال اِستقرائیہ کی ایک مثال ہے۔ چنانچہ منطقِ اِستقرائیہ سے مُراد وہ طریقۂ استِدلال ہے جس میں جُزئِ حقائق سے کُلیّہ قضیے اخذ کئے جاتے ہیں۔ باِلفاظِ دیگر منطقِ استقرائیہ انفرادی مثالوں (جُزئیات) سے عمومی قوانین (کُلیّات) کو اخذ کرتی ہے۔ یعنی "کُچھ" سے "تمام" کی طرف جاتی ہے۔ اس بات سے ہمیں منطقِ اِستقرائیہ کی مندرجہ ذیل خُصُوصیات کا پتا چلتا ہے۔
١. منطقِ اِستقرائیہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایک حد یا لفظ کی بجائے ایک قضیہ مرتب کرے۔ حَدّ محض ایک واحد تصور یا خاصیّت کو ظاہر کرتی ہے۔ مگر قضیہ دو حدوں کے باہمی تعلق یا رشتے کو ظاہر کرتا ہے۔ "انسان"، "سیاہ" وغیرہ وغیرہ حدّیں ہیں لیکن "انسان فانی ہیں"، "کوّے سیاہ ہیں"، "مُسلمان ہِندؤ نہیں" وغیرہ وغیرہ قضیے ہیں جو حدّوں کے باہمی تعلق یا عَدَمِ تعلُّق کو ظاہر کرتے ہیں۔
ا. لیکن یاد رہے کہ جو قضیہ منطقِ اِستقرائیہ کی مدد سے مُرتب کیا جاتا ہے، اس کے لئے ملفوظی ہونے کی بجائے معقولی ہونا ضروری ہے۔ ملفوظی اور معقولی قضیوں کا فرق اُوپر بیان کیا جا چُکا ہے۔
ب. منطقِ اِستقرائیہ کی مدد سے مُرتب شدہ قضیے کے لیے کُلّی یا عُمُومی ہونا بھی لازمی ہے "کُچھ آدمی فانی ہیں"، کُچھ کوّے سیاہ ہیں"، "کُچھ شیر خونخوار ہیں"، وغیرہ وغیرہ عمومی یا کُلیّہ قضیے ہیں۔ ایک کُلیّہ قضیہ وہ قضیہ ہوتا ہے جس میں محمول کا اِقرار یا انکار موضوع کی تمام جماعت کے متعلق کیا جاتا ہے۔ یعنی جس میں تمام کے تمام موضوع کے بارے میں کُچھ کہا جاتا ہے۔ چنانچہ منطقِ اِستقرائیہ کا کام انفرادی مثالوں سے شروع ہو کر عمومی قضیوں تک پہنچنا ہے۔ ہم ایک خاص قسم کی چند مثالوں کا مشاہدہ کرتے ہیں لیکن ہمارا نتیجہ اس قسم کی تمام مثالوں پر حاوی ہوتا ہے۔
چونکہ اِستقراء خاص سے عام کا اِستِدلال ہے لہٰذا جو حُکم جُزئیات پر صادق آتا ہے وہ دلیلِ اِستقراء کی رُو سے اُس کُلیّے پر بھی صادِق آتا ہے جو اُن جُزئیات سے بنتا ہے۔ مثال کے طور پر یہ مُشاہدہ کرنے کے بعد کہ زید فانی ہے، بکر فانی ہے، عمرو فانی ہے، ہم یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ "تمام انسان فانی ہیں" اسی طرح انفرادی مثالوں سے کُلیّہ قاعدوں کی طرف جانا تعمیم کہلاتا ہے۔ اور اس میں اِستقرائی زقند پائی جاتی ہے۔ یہ اِستقرائی زقند مُشاہدہ شدہ سے غیر مشاہدہ شدہ کی طرف جانے پر مشتمل ہے۔ مثلًا جب ہم یہ کہتے ہیں کہ "تمام آدمی فانی ہیں" تو ہمارا اشارہ انہیں مثالوں کی طرف نہیں ہوتا جن کا ہم مشاہدہ کرچکے ہیں بلکہ ان کی طرف بھی جن کا مشاہدہ نہ ہوا ہے اور نہ ہوسکتا ہے۔ اِسی طرح جب ہم یہ کہتے ہیں کہ "تمام مادّی چیزیں زمین کی طرف گِرتی ہیں" تو ہم نہ صرف ان چیزوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں جن کو ہم نے گِرتے دیکھا ہے بلکہ ان کی طرف بھی جن کو ہم نے گِرتے نہیں دیکھا۔ یعنی ہم دیکھے ہوئے سے نہ دیکھے ہوئے کے بارے میں اِستِدلال کرتے ہیں۔ چنانچہ اِستقرائی زقند ماضی کی دیکھی ہوئی مثالوں تک ― یعنی ماضی، حال اور مُستقبل، قریب اور بعید، جانے اور اَنجانے سبھی پر مُشتمل ہے۔ اگرچہ یہ اِستقرائی زقند خطرے سے خالی نہیں (کیونکہ ہوسکتا ہے کہ جو بات مُشاہدہ شُدہ مثالوں کے متعلق درست ہو وہ غیر مُشاہدہ شدہ مثالوں کے متعلق درست نہ ہو) لیکن اس کے بغیر منطقِ اِستقرائیہ مکمل نہیں ہوتی۔
٢. منطقِ اِستقرائیہ کی بُنیاد مُشاہدۂ حقایٔق پر ہونی چاہیے۔ ہم یہ پڑھ چُکے ہیں کہ مادّی صحت یعنی حقایٔق سے مطابقت منطقِ اِستقرائیہ کا مقصد ہے اور یہ مقصد صرف مُشاہدۂ حقایٔق ہی سے پورا ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر "تمام آدمی فانی ہیں" کی بُنیاد اُن افراد کی موت پر ہے جن کو ہم نے فردًا فردًا مرتے دیکھا ہے۔
٣. منطقِ اِستقرائیہ کی بنیاد حقایٔق کے باہمی عِلّتی رشتوں پر ہونی چاہیے۔ ایک ایسی تعمیم (یعنی کُلیّہ قضیہ) کو جو حقایٔق کے باہمی علّتی رشتوں پر مبنی نہ ہو صحیح تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ مثال کے طور پر اگر یہ تعمیم کہ "تمام کوّے سیاہ ہیں" محض مُشاہدہ شُدہ کووّں کی چند مثالوں پر ہی مبنی ہو تو ایک صحیح تعمیم نہیں سمجھی جائے گی۔ اسے صحیح اُسی صورت میں سمجھا جائے گا جب کہ "کوّا پَن" اور "سیاہی" کے باہمی علّتی رشتے کو ثابت کیا جائے۔ اسی طرح یہ تعمیم کہ "تمام سُرخ آم میٹھے ہیں" اس وقت تک صحیح تسلیم نہیں کی جاسکتی جب تک کہ آموں کی "مٹھاس" اور "سُرخی" میں رابطۂِ عِلّتی ظاہر نہ کیا جائے۔
منطقِ استخراجیہ اور منطقِ اِستقرائیہ کا موازنہ
Comparison Between Deduction and Induction
منطقِ استخراجیہ اور منطقِ استقرائیہ میں مندرجہ ذیل اختلافات ہیں؛
١. ہم پڑھ چُکے ہیں کہ منطقِ استخراجیہ میں نتیجہ ہمیشہ مقدمات سے کم عمومی ہوتا ہے۔ مثلًا
تمام آدمی فانی ہیں
زید آدمی ہے
لہٰذا زید فانی ہے
یہاں ہم "تمام آدمیوں" کے متعلق ایک عُمُومی بیان سے شروع ہو کر ایک خاص فرد "زید" کی طرف آتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ نتیجہ مُقدمۂِ کُبریٰ سے کم عُمُومی ہے۔ منطقِ استقرائیہ میں ہمارا عمل اس سے بالکل اُلٹ ہوتا ہے۔ جیسا کہ مندرجہ ذیل مثال سے ظاہر ہے۔
زید فانی ہے، بکر فانی ہے، عمرو فانی ہے
لہٰذا تمام آدمی فانی ہیں
یہاں ہم فردًا فردًا مختلف آدمیوں کے فانی ہونے کی مثالوں سے شُرُوع ہو کر ایک عمومی فیصلے "تمام آدمی فانی ہیں" کی طرف جاتے ہیں۔ نتیجہ صاف طور پر مقدمات سے زیادہ عمومی ہے۔چنانچہ استخراج اور استقراء ایک دوسرے کے اُلٹ عمل ہیں۔ منطقِ استخراجیہ میں ہم عام سے خاص، زیادہ عمومی سے کم عمومی کی طرف جاتے ہیں۔ منطقِ استخراجیہ عمومی قوانین سے شروع ہو کر انفرادی حقایٔق کی طرف جاتی ہے اور منطقِ استقرائیہ انفرادی حقائق سے شروع ہو کر عمومی قوانین کی طرف جاتی ہے۔
جہاں سے ایک شروع ہوتی ہے وہاں دوسری پہنچتی ہے۔ منطقِ استخراجیہ میں جو بات "تمام" کے لئے درست ہوتی ہے وہ "کُچھ" کے لئے بھی درست ہوتی ہے۔ اور منطقِ استقرائیہ میں جو بات "کُچھ" کے لئے درست ہوتی ہے وہ "تمام" کے لئے بھی درست ہوتی ہے۔ منطقِ استخراجیہ اور منطقِ استقرائیہ کے اس اختلاف کو یوں بھی بیان کیا جاتا ہے کہ منطقِ استخراجیہ کُلیّات سے جُزئیات کی طرف یعنی کُل سے جُزؤ کی طرف آتی ہے۔ اور منطقِ استخراجیہ کُلیّات سے جُزئیّات کی طرف یعنی کُل سے جُزؤ کی طرف آتی ہے۔ اور منطقِ اِستقرائیہ جُزئیّات سے کُلیّات کی طرف یعنی جُزؤ سے کُل کی طرف جاتی ہے۔
٢. منطقِ استخراجیہ صوری صحت سے تعلق رکھتی ہے اور منطقِ اِستقرائیہ مادّی صحت سے منطقِ استخراجیہ یہ دیکھی کہ نتیجہ دئیے ہوئے مقدمات سے لازمی طور پر نکلتا ہے یا نہیں۔ یہ مقدمات اور نتیجے کی مادّی صحت سے کوئی سروکار نہیں رکھتی۔ فرض کیجئے کہ دئیے ہوئے مقدمات مندرجہ ذیل ہیں۔
تمام آدمی پھول ہیں
تمام میز آدمی ہیں
یہاں منطقِ استخراجیہ اصرار کرے گی کہ نتیجہ "تمام میز پھُول ہیں" صحیح اور قابلِ قبول ہے کیونکہ یہ دئیے ہوئے مقدمات سے لازمی طور پر نکلتا ہے۔ لیکن منطقِ استقرائیہ سوال کرے گی کہ کیا یہ واقعی صحیح ہے کہ "آدمی پھُول ہیں" اور "میز آدمی ہیں" یہ مقدمات کی مادّی صحت کی جانچ پڑتال کرے گی یعنی یہ دیکھے گی کہ مقدمات بیرونی حقیقت سے مُطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔ اور چونکہ اوپر دئیے ہوئے مقدمات بیرونی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے لہٰذا منطقِ استقرائیہ انہیں غلط سمجھ کر رَدّ کردے گی۔ چنانچہ منطقِ استقرائیہ اُصُولِ حقیقت کی مُحافِظ ہے۔ یعنی چیزوں کا مشاہدہ ان کی اصل شکل میں کرتی ہے۔ اور مقدمات کی حقیقت کے بارے میں پوری طرح تحقیق کرکے نتائج مرتب کرتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں وہ مقدمات کی مادّی صحت کا مطالعہ بیرونی حقائق کی روشنی میں کرتی ہے۔ اس کے برعکس منطقِ استخراجیہ دیے ہوئے مقدمات کو درست تسلیم کرکے صرف یہ دیکھتی ہے کہ نتیجہ لازمی طور پر ان سے نکلتا ہے یا نہیں۔ منطقِ استخراجیہ محض فکر کی صورت سے تعلق رکھتی ہے۔ اور اسی لئے اسے صوری منطق کہا جاتا ہے۔ لیکن منطقِ استقرائیہ فکر کی مادّیت سے تعلق رکھتی ہے اور اسی لئے اسے مادّی منطق کہا جاتا ہے۔ صوری منطق صرف یہ دیکھتی ہے کہ فکر اپنے آپ سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔ چونکہ صوری منطق فکر کی اپنی اندرونی مطابقت سے تعلق رکھتی ہے اسی لئے اسے منطقِ مطابقت بھی کہتے ہیں۔ اور چونکہ مادّی منطق فکر کی مادّی حقیقت سے تعلق رکھتی ہے اس لئے اسے منطقِ حقیقت بھی کہتے ہیں۔
٣. منطقِ استقرائیہ کا طریقِ کار تحلیل اور منطقِ استخراجیہ کا طریقِ کار ترکیب ہے۔ منطقِ استخراجیہ مقدمات کو ملا کر یہ دیکھتی ہے کہ ان سے کیا نتیجہ حاصل ہوتا ہے؟ قیاس میں مقدمات کو آپس میں ملایا جاتا ہے۔ چنانچہ منطقِ استخراجیہ اپنے طریقِ کار میں زیادہ تر ترکیبی ہے۔
اس کے برعکس منطقِ اِستقرائیہ کا کام حقایٔق کے عِلّتی رشتے دریافت کرنا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ عِلّتوں کے معلول اور معلولات کی عِلتّوں کو دریافت کرتی ہے۔ علتیّں اور معلول اکثر غیر متعلقہ عناصر کے ساتھ خَلَط مَلَط ہوتے ہیں۔ چنانچہ منطق اِستقرائیہ ضروری اور متعلقہ عناصر کو غیر ضروری اور غیر متعلقہ عناصر سے الگ کرتی ہے اور اسے ہی تحلیل کہتے ہیں۔
٤. منطقِ استخراجیہ کی بُنیاد فکر کے اُصُولِ اَوَّلِیہ پر ہے۔ اور وہ اُصُول یہ ہیں۔ اُصُولِ عینیّت، اُصُولِ مانع اجتماعِ نقیضین، اور اُصُولِ خارِج الاوسط۔ اس کے برعکس منطقِ اِستقرائیہ کی بُنیاد قانونِ عِلّت اور قانونِ یکسانئ فطرت پر ہے۔ قانونِ عِلّت کے مُطابق ہر واقعہ اور ہر شۓ کے لیے کسی عِلّت کا ہونا لازمی ہے۔ اور قانونِ یکسانئ فطرت کے مطابق یکساں حالات میں یکساں نتائج پیدا ہوتے ہیں۔ یعنی علّت و معلول کا باہمی تعلق مستقل ہوتا ہے۔ یکساں عِلّتوں سے ہمیشہ یکساں معلول اور یکساں معلول ہمیشہ یکساں عِلّتوں سے پیدا ہوتے ہیں۔
ان قوانین کے بارے میں ہم کسی آئندہ باب میں مُفصل بحث کریں گے۔
٥. منطقِ استخراجیہ کے نتائج، منطقِ استقرائیہ کے نتائج سے مُقابلۃً زیادہ یقینی محسوس ہوتے ہیں۔ منطقِ استخراجیہ میں اگر مقدمات درست ہوں اور نتیجہ قیاس کے قوانین کے مطابق اخذ کیا جائے تو اس کا درُست ہونا لازمی ہے۔ مگر منطقِ استقرائیہ کے نتائج اس قدر یقینی نہیں ہوسکتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ منطقِ استخراجیہ کی بنیادیں منطقِ استقرائیہ کی بنیادوں کی نسبت زیادہ یقینی ہیں۔
قوانینِ فکر جن پر منطقِ استخراجیہ مبنی ہے شک و شبہ سے بالاتر ہیں۔ لیکن قانونِ عِلّت اور قانونِ یکسانئ فطرت جن پر منطقِ اِستقرائیہ کا دارومدار ہے اُصُولِ فکر کی طرح یقینی نہیں۔ اس کے علاوہ منطقِ اِستقرائیہ میں استقرائی زَقند پائی جاتی ہے جو خطرے سے خالی نہیں۔
لیکن ان تمام اختلافات کے باوجود منطقِ استخراجیہ اور منطقِ استقرائیہ کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ منطقِ اِستقرائیہ منطقِ استخراجیہ کے لئے کُلیّے قضیے مرتب کرتی ہے اور منطقِ استخراجیہ ان کُلیّہ قضیوں کا اطلاق نئی انفرادی مثالوں پر کرکے اُن کی صحت کو پرکھتی ہے۔ اس لیے یہ خیال کرنا کہ منطقِ استخراجیہ اور منطق استقرائیہ ایک دوسری کی بالکل مخالف ہیں ایک غَلَطی ہے۔ دراصل تلاشِ حقیقت میں یہ دونوں ایک دوسرے کی ممد و معاون ہیں۔ ہم اپنا عملِ استِدلال یا تو جُزئ حقایٔق سے یا عمومی قوانین سے شروع کرتے ہیں۔ حقایٔق کے مطالعے سے شروع ہو کر ہم ان قوانین کو دریافت کرنا چاہتے ہیں جو اُن حقایٔق کو آپس میں متعلق کرتے ہیں۔ اور قوانین کے مطالعے سے شروع ہوکر ہم حقایٔق پر ان کا اطلاق معلوم کرنا چاہتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک ڈاکٹر کونین کے استعمال سے ملیریا کے بہت سے مریضوں کو صحت یاب ہوتے دیکھتا ہے۔ اور پھر اپنے مُشاہدات سے یہ عمومی قانون مرتب کرتا ہے کہ کونین ملیریا کے لیے مفید ہے۔ یا وہ ڈاکٹر اس قانون سے کہ "کونین ملیریا کے لئے مفید ہے" اپنا استِدلال شروع کرتا ہے اور پھر اس قانون کی صحت کو پرکھنے کے لئے کونین کے اثر کا مُشاہدہ ملیریا کے مختلف مریضوں میں کرتا ہے۔ پہلی صورت میں اس کا طریقِ استِدلال استخراجی ہوگا اور دوسری صورت میں استقرائی۔ چنانچہ استخراج اور استقراء ایک ہی عملِ استِدلال کے دو پہلو ہیں۔ جب ہم قوانین سے شروع ہوکر جُزئی حقایٔق کی طرف آتے ہیں تو ہمارا عملِ استِدلال اِستِخراج کہلاتا ہے اور جب ہم جُزئی حقایٔق سے شروع ہو کر قوانین کی طرف جاتے ہیں تو ہمارا عملِ استِدلال اِستقراء کہلاتا ہے۔ اور ہم اپنے استِدلال میں ان دونوں طریقوں کو استعمال میں لاتے ہیں۔ چنانچہ یہ کہنا کہ استِدلال حقیقتًا استخراجی ہوتا ہے (جیسا کہ ہملٹن اور دوسرے استخراجی منطقیوں کا خیال ہے) یا اِستِقرائی ہوتا ہے (جیسا کہ مِل اور دیگر مادّی منطقیوں کا دعویٰ ہے) ایک غلطی ہے۔ صحیح نظریہ یہی ہے کہ منطق کے مکمل مطالعے کے لیے استخراج اور استقراء دونوں ویسے ہی یکساں طور پر ضروری ہیں جیسے کہ دایاں اور بایاں پاؤں چلنے کے لیے۔ یہ سُوال کہ کیا منطقِ استقرائیہ، منطقِ استخراجیہ سے مقدم ہے (جیسا کہ مِل کا خیال ہے) یا کیا منطقِ استخراجیہ منطقِ استقرائیہ سے مقدم ہے (جیسا کہ جیونز کا عقیدہ ہے) ویسا ہی بےمعنیٰ ہے جیسا کہ یہ سُوال کہ کیا مُرغی پہلے پیدا ہوئی تھی یا انڈا؟ جس طرح مُرغی اور انڈہ ایک دوسرے سے پیدا ہوتے ہیں اسی طرح منطقِ اِستقرائیہ اور منطقِ استخراجیہ کا ایک دوسری پر انحصار ہے۔ چنانچہ ان کی انفرادی اہمیّت کے بارے میں پُرانے وقتوں کی بحث بالکل بےفائدہ تھی۔ جس طرح صورت اور مادّہ ایک دوسرے سے الگ نہیں کیے جاسکتے۔ اسی طرح صورتِ فکر (منطقِ اِستخراجیہ) اور مادّۂ فِکر (منطقِ اِستقرائیہ) بھی ایک دوسرے سے الگ نہیں کئے جاسکتے۔ غیر صوری مادّے اور غیر مادّی صورت کا تصوّر ہی ممکن نہیں۔ مادّہ اور صورت ہمیشہ ساتھ ساتھ پائے جاتے ہیں۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ منطق کا علم استخراج اور استقراء دونوں پر مشتمل ہو۔ اپنے مقصد کو (جو کہ حُصُولِ علم یا حُصُولِ حق ہے) حاصل کرنے کے لیے منطقِ استخراجیہ اور منطقِ استقرائیہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ "آنکھوں والے لنگڑے" اور "ٹانگوں والے اندھے" کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔
منطقِ اِستقرائیہ کی اہمیّت اور فائدہ
USE AND IMPORTANCE OF INDUCTION
ہم پڑھ چکے ہیں کہ منطقِ استِقرائیہ انفرادی مثالوں کے مُشاہدے سے عمومی قوانین مُرتب کرتی ہیں۔ اس کے مندرجہ ذیل فائدے ہیں؛
١. منطقِ اِستقرائیہ جُزئ حقایٔق کے مُشاہدے کی مدد سے کُلیّہ قضیے مُرتب کرتی ہے جو منطقِ اِستخراجیہ کے لیے مقدمات کا کام دیتے ہیں۔ منطقِ اِستخراجیہ کُلیّہ مقدمات کو صحیح تسلیم کرکے اُن سے نتائج اخذ کرتی ہیں۔ اور منطقِ اِستقرائیہ اُن کی کُلیّت کو ثابت کرتی ہے۔
٢. منطقِ اِستقرائیہ مُقدمات کی مادّی صحت کا (جسے منطقِ اِستخراجیہ ہمیشہ صحیح تسلیم کرلیتی ہے) جائزہ لیتی ہے چنانچہ حقیقت کے حُصُول میں منطقِ اِستقرائیہ، منطقِ اِستخراجیہ کے لئے بےحد مُفید ہے۔
٣. عُمُومی قوانین کو دریافت کرکے منطقِ استقرائیہ مزید تحقیق کے لئے دروازے کھول دیتی ہے۔ جب تصدیق کے لئے ایک قانون کا اِطلاق نئی مثالوں پر کیا جائے تو اُس قانون کی دریافت نئی تفتیش کی طرف راہنمائی کرتی ہے۔
٤. منطقِ اِستقرائیہ ہماری روزمرّہ کی زندگی میں بھی فائدہ مند ہے۔ ہم اپنی روزمرّہ کی زندگی میں مختلف واقعات کی توجیہہ کرتے ہیں۔ اور ایسا کرنے میں ہم منطقِ اِستقرائیہ کے طریق ہائے کار کو کم و بیش استعمال میں لاتے ہیں۔ ہم پڑھ چکے ہیں کہ منطقِ اِستقرائیہ کے طریقہ ہائے کار کو کم و بیش استعمال میں لاتے ہیں۔ ہم پڑھ چکے ہیں کہ منطقِ اِستقرائیہ حقایٔق کے باہمی عِلّتی رشتوں کو دریافت کرتی ہے۔ بیکن کا قول ہے کہ "علم طاقت ہے" اور درحقیقت ہمیں اپنی روزمرّہ کی زندگی میں جتنی عِلّتوں کے عِلم کی ضرورت ہوتی ہے اتنی کسی اور علم کی نہیں ہوتی۔ مثلًا ایک طالبعلم یہ جاننا چاہتا ہے کہ اس کے فیل ہونے کی کیا وجہ ہے۔ ایک ڈاکٹر بیماری کی تشخیص اور اس کے سبب کا متلاشی ہوتا ہے۔ ایک میجسٹریٹ قتل کی وجوہات کو دریافت کرنا چاہتا ہے۔ گویا زندگی کے تمام شعبوں میں ہم منطقِ اِستقرائیہ سے مدد لیتے ہیں۔ لہٰذا منطقِ اِستقرائیہ عملی طور پر ہمارے لئے بڑی مُفید ہے۔
منطقِ استخراجیہ کے اسباق
حُدود اور ان کی اقسام
حُدود کی تعبیر اور تضمن
حُدود قابلِ الحمل
تعریف
تقسیم
قضیے اور اُن کی قسمیں
قضیوں کی چار اساسی شکلیں
استنتاجِ استخراجیہ کی اقسام
استنتاجِ بدیہی یا استنتاج بہ اختلافِ قضایا
استنتاجِ بدیہی جہتی
استنتاجِ بالواسطہ یا نظری
قواعدِ قیاس
قانونِ ارسطو اور قواعدِ قیاس کا باہمی تعلق
قیاس کی اشکال
مخلوط شرطیہ قیاس
مخلوط منفصلہ قیاس
معضلہ یا قیاسِ ذوالجہتین
مُغالطے
صفحات
موجود کا بیانعلم کا بیان
تصور اور تصدیق کا بیان
فقط سُہیل طاہر، سیالکوٹ

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں