اصطفاف

 بتیسواں باب

اصطفاف یا جماعت بندی

CLASSIFICATION

کلوسیم، روم

جماعت بندی کی نوعیت اور مقصد

NATURE AND PURPOSE OF CLASSIFICATION 

قدیم روم میں ایک رواج تھا کہ تمام لوگ خاص خاص وقتوں پر اکٹھے کیے جاتے تھے۔ اس تقریب کو لاطینی زبان میں کلاسِس کہتے تھے۔ جس کا مطلب ہے "اکٹھا کرنا"۔ رفتہ رفتہ یہ نام لوگوں کی ایک منظم جماعت (مثلًا فوج) کے لیے استعمال ہونے لگا اور آخر کار تمثیلًا یہ اشیاء کے ہر ایسے مجموعے کے متعلق جس میں اشیاء کو ترتیب دی گئی ہو استعمال ہونے لگا۔ چنانچہ اب جماعت بندی سے مُراد ہے اشیاء میں ترتیب اور تنظیم پیدا کرکے اُن کی جماعتیں یا گروہ بنانا۔ اشیاء کی جماعت بندی ان کی مُشابہتوں کی بنا پر کی جاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اشیاء جو مختلف ہوتی ہیں وہ مختلف جماعتوں میں رکھی جاتی ہیں۔ مختلف اشیاء کے موازنے سے ہمیں یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ کِس حد تک مشابہ اور کس حد تک مختلف ہیں۔ اس کے بعد حالات کے مطابق انہیں ایک ہی جماعت میں یا مختلف جماعتوں میں رکھا جاتا ہے۔ ہر جماعت میں وہ اشیاء اکٹھی رکھی جاتی ہیں جو چند ضروری خواص میں مشابہہ ہوتی ہیں۔ جس قدر زیادہ اور ضروری مشابہتیں ہوں گی اُسی قدر مکمل اُن کی جماعت بندی ہوگی۔

جماعت بندی کا عمل افراد سے جماعتوں کی طرف اور ان جماعتوں سے وسیع تر جماعتوں کی طرف جو زیادہ سے زیادہ افراد کی تعداد پر مشتمل ہوں، جاتا ہے۔ ہر اعلیٰ جماعت میں نچلی جماعتیں اور ہر نچلی جماعت میں مزید نچلی جماعتیں پائی جاتی ہیں۔ مثلًا حیوانات کی جماعت دو جماعتوں یعنی ریڑھ کی ہڈی والے اور بے ریڑھ کے جانوروں پر مشتمل ہے۔ ریڑھ کے ہڈی والے جانوروں کی جماعت آگے پھر پانچ نچلی جماعتوں یعنی دودھ پلانے والے جانوروں، پرندوں، رینگنے والے جانوروں، خُشکی اور تری دونوں کے رہنے والوں جانوروں اور مچھلیوں پر مشتمل ہے۔ یہ جماعتیں آگے پھر مزید اجناس، انواع اور اقسام رکھتی ہیں۔ اسی طرح اَنگنت مادّی اشیاء کی جماعت بندی تین بڑی بڑی جماعتوں یعنی مائعات، محسمات، اور گیسوں میں کی جاتی ہے۔ ایک فوج میں سپاہیوں کی جماعت بندی سیکشنوں، پلٹنوں، کمپنیوں اور بٹالینوں میں کی جاتی ہے۔

جو کُچھ اوپر بیان کیا گیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ جماعت بندی اپنی نوعیت کے لحاظ سے تضمینی یا تعمیمی ہوتی ہے۔ یعنی یہ جُزئ افراد سے عُمُومی جماعتوں کی طرف جاتی ہے چنانچہ اس کا مقصد کثرت کو وحدت میں تحویل کرنا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جماعت بندی اشیاء کو ان کی مشابہتوں کی بنا پر اکٹھا کرکے اور اختلافات کی بنا پر علـٰحدہ کرکے اُن کے باہمی تعلقات پر روشنی ڈالتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر جماعت بندی اشیاء کی پراگندہ کثرت میں نظام اور ترتیب پیدا کرکے ہمیں ان کی ماہیّت کا علم دیتی ہے۔ یہ مختلف اشیاء کو ترتیب دے کر اور مناسب جماعتوں میں شامل کرکے ہمارے لیے ان کا سمجھنا آسان کردیتی ہے۔ جیسا کہ مِل کہتا ہے یہ سب اشیاء میں ترتیب پیدا کرنے کی ایک بہترین ترکیب ہے۔ اگر چیزوں کی جماعت بندی نہ کی جائے تو اس کا نتیجہ ابتری ہوگا۔ ایسی حالت میں نا صرف علم بلکہ زندگی بھی ناممکن ہوگی۔ یہ جماعت بندی ہی ہے جو ابتری کو دور کرکے علم کو ہمارے لیے ممکن کرتی ہے۔ ذرا تصوُّر کیجئے کہ اگر ایک لائبریری میں کتابوں کی جماعت بندی نہ کی گئی ہو اور وہ ایک ڈھیر کی صورت میں پڑی ہوں تو نتیجہ کیا ہوگا؟ آپ کو کوئی کتاب آسانی سے دریافت نہیں ہوگی۔ ایک کباڑیے کی دوکان اس قسم کی بےترتیبی کی ایک نہایت عُمدہ مثال ہے۔ اُس کی دُکان میں بےشمار چیزیں ہوتی ہیں لیکن وہ اس قدر بےترتیبی کی حالت میں پڑی ہوتی ہیں کہ دُکاندار کسی بھی چیز کو وقت پر نہیں ڈھونڈ سکتا۔ جب کوئی گاہک کوئی چیز خریدنے کے لیے اس کے پاس آتا ہے تو وہ دُکان کا کونہ کونہ چھان مارتا ہے لیکن اسے وہ چیز نہیں ملتی۔ آخرکار مطلوبہ چیز اسے اپنے پاؤں کے نیچے سے مل جاتی ہے لیکن اس وقت تک گاہک وہاں سے غائب ہوگیا ہوتا ہے۔ چنانچہ جماعت بندی کا نہ ہونا بڑی زحمت کا باعث ہوتا ہے۔ ہماری روزمرّہ کی زندگی میں جماعت بندی بےحد مفید ہوتی ہے۔ ایک ٹکٹ گھر میں ٹکٹوں ایک لائبریری میں کتابوں، ایک دکان میں چیزوں کی جماعت بندی سہولت کی خاطر کی جاتی ہے۔
اشیاء کی جماعت بندی بےشُمار طریقوں سے کی جاسکتی ہے۔ کوئی صفت جو کُچھ اشیاء میں موجود ہو اور کُچھ میں نہ ہو جماعت کی بنا بن سکتی ہے۔ لیکن جماعت بندی کا وہ طریقہ سب سے بہتر ہوتا ہے جو ہمارے مقصد کے مُطابق ہو۔ مثلًا ایک لائبریری میں کتابوں کی جماعت بندی اُن کے سائز، مضمون، زبان وغیرہ کی بنا پر کی جاسکتی ہے۔ ہر طریقے میں کوئی نا کوئی سہولت پائی جاتی ہے۔ اسی طرح پُرانی تصویروں کی جماعت بندی ایک مصوّر، ایک موّرخ اور ایک بیوپاری مختلف طریقوں سے کرتے ہیں۔ اُن میں سے ہر ایک جماعت بندی کا وہ طریقہ اختیار کرے گا جو اس کے مقصد کے لئے مناسب ہوگا۔ اسی طرح ایک ڈاکٹر، ایک باغبان اور ایک ماہر نباتیات پودوں کی جماعت بندی مختلف طریقوں سے کریں گے۔ ڈاکٹر پودوں کی جماعت بندی طبی لحاظ سے، باغبان زراعتی لحاظ سے، اور ماہرِ نباتیات نباتاتی لحاظ سے کرے گا۔ پودوں کی جماعت بندی اور کئی طریقوں سے بھی ہوسکتی ہے۔ مثلًا مُدتِ عُمر کے لحاظ سے ایک سالی پودوں، ششماہی پودوں، اور ہمیشہ رہنے والے پودوں میں۔ سائز کے لحاظ سے جڑی بوٹیاں، جھاڑیوں اور درختوں میں۔ جائے روئیدگی کے لحاظ سے آبی پودوں، کوہستانی پودوں اور صحرائی پودوں میں۔ کیمیائی خواص کے لحاظ سے خوردنی پودوں اور زہریلے پودوں میں۔ پَت جھڑ کے لحاظ سے سالانہ پَت جھاڑ پودوں، شش ماہی پَت جھاڑ پودوں  اور سدا بہار پودوں میں۔ چنانچہ اشیاء کی جماعت بندی بےشمار طریقوں سے کی جاسکتی ہے۔ لیکن ان تمام طریقوں میں سے اُس طریقے کو انتخاب کرنا چاہیے جو جماعت بندی کے مطلوبہ مقصد کو پورا کرے۔ بہرحال جماعت بندی خواہ کسی بنا پر کی جائے اس کا عُمُومی اُصُول ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے۔ یعنی تمام وہ اشیاء جو ایک جیسی ہوتی ہیں ایک ہی جماعت میں رکھی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر ماہرِ نباتاتیات کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ پودوں کی جماعت بندی مختلف انواع، اجناس اور اقسام میں اس طرح کی جائے کہ ہر جماعت کے افراد آپس میں زیادہ سے زیادہ مشابہ اور دیگر جماعتوں کے افراد سے زیادہ سے زیادہ مختلف ہوں۔

طبعی اور غیر طبعی جماعت بندی

NATURAL AND ARTIFICIAL CLASSIFICATION 
ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ جماعت بندی مشابہتوں پر مبنی ہوتی ہے۔ لیکن مشابہتیں سطحی بھی ہوسکتی ہیں اور اصلی بھی۔ مثلًا ایک ویل اور ایک مچھلی چند ظاہری صفات میں مشابہہ لیکن اندرونی طور پر بہت مختلف ہوتی ہیں۔ جب ہماری جماعت بندی سطحی مشابہتوں پر مبنی ہوتی ہے تو اسے غیرطبعی یا عوامی جماعت بندی کہتے ہیں۔ لیکن جب وہ اصلی مشابہتوں پر مبنی ہوتی ہے تو اُسے طبعی یا علمی جماعت بندی کہتے ہیں۔ غیر طبعی جماعت بندی اس وقت کی جاتی ہے جب ہمارے پیشِ نظر کوئی عملی مقصد ہو ایک لُغت میں الفاظ کی حُرُوفِ تہجی کی ترتیب کے لحاظ سے، ایک طاق پر کتابوں کے سائز کے لحاظ سے، ایک گُلدان میں پھولوں کے رنگوں کے لحاظ سے جماعت بندی غیر طبعی جماعت بندی کی مثالیں ہیں۔ غیر طبعی جماعت بندی میں ہمارا مقصد محض ایک چیز کو دیگر چیزوں سے شناخت کرنا ہوتا ہے۔ باِلفاظِ دیگر اس کا کام کسی چیز کی محض نشاندہی کرنا ہوتا ہے۔ چونکہ غیر طبعی جماعت بندی میں صرف ظاہری اور سطحی صفات کا مشاہدہ کیا جاتا ہے اور ان کا وزن کرنے کی بجائے انہیں صرف گِنا ہی جاتا ہے۔ اس لیے غیر طبعی جماعت بندی اکثر گُمراہ کُن ہوتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اشیاء بیرونی طور پر مختلف لیکن اندرونی طور پر ایک جیسی ہوں یا بیرونی طور پر ایک جیسی لیکن اندرونی طور پر مختلف ہوں۔ مثلًا ایک چمگاڈر اور ایک پرندہ، ایک ویل اور ایک مچھلی، ایک بام مچھلی اور ایک سانپ ظاہری طور پر خاصی مشابہت رکھتے ہیں لیکن اپنی اصل خاصیتوں میں بہت زیادہ مختلف ہوتے ہیں۔ چنانچہ غیر طبعی جماعت بندی میں اشیا کو محض ان کی بیرونی یا ظاہری خاصیتوں کی بنا پر جو کہ سرسری مُشاہدے سے چُنی جاتی ہیں اکٹھا کیا جاتا ہے۔ 
ایک ویل جو کہ آبی مخلوق تو ہے مگر مچھلی نہیں
اس کے برعکس طبعی یا علمی جماعت بندی اشیاء کی مکمل تحلیل اور تحقیق پر مبنی ہوتی ہے۔ اس کا مقصد ہمیں علم دینا ہوتا ہے۔ اسی لیے یہ اشیاء کی اُن صفات پر مبنی ہوتی ہے جو کہ اشیاء میں اندرونی طور پر پائی جاتی ہیں اور ان کے طبعی خواص کا باعث ہوتی ہیں۔ باِلفاظِ دیگر یہ اشیاء کی اصلی خاصیتوں پر مبنی ہوتی ہیں۔ لیکن ہمیں یہ کیسے معلوم ہوتا ہے کہ ایک خاصیت اصلی ہے یا سطحی؟ اس سلسلے میں ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ؛ 
١. وہ خَاصِیَّت جو دیگر خاصیتوں کی طرف لازمی طور پر اشارہ کرے اُس خاصیّت کی نسبت جو دیگر خاصیتوں کی طرف اشارہ نہ کرے زیادہ اہمیّت رکھتی ہے۔ چنانچہ ایک جانور کی اندرونی ساخت اُس کے سائز سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔ اسی طرح ایک پودے کے پھَلنے کا انداز اُس کے پھولوں کے رنگ سے زیادہ اہمیّت رکھتا ہے۔
٢. وہ خَاصِیَّت جس کے ساتھ لازمی طور پر بہت سی مشابہتیں وابستہ ہوں۔ اس خَاصِیَّت کے مقابلے میں جس کے ساتھ لازمی طور پر بہت سے اختلافات وابستہ ہوں زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر کسی خاصیَّت کے زیادہ یا کم اہم ہونے کا انحصار اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ اس کے ساتھ لازمی طور پر کتنی مشابہتیں یا اختلافات وابستہ ہیں۔
مختصرًا وہ خاصیت اصلی ہوتی ہے جو یقینی طور پر دیگر خاصیتوں کی طرف اشارہ کرے اور جس کے ساتھ کم سے کم اختلافات وابستہ ہوں۔ 
سائنسی عُلُوم طبعی جماعت بندی کو اختیار کرتے ہیں۔

مثالیں

١) علمِ کیمیا میں آمیزوں کی تیزاب، القلی اور کھار یعنی نمک میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
٢) علمِ حیوانات میں جانوروں کی ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں اور بے ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
٣) علمِ نباتات میں پودوں کی پھول لانے والے پودوں صنوبروں، کائی اور کھُمبوں (یعنی ایسے پودے جو دفعتًا پیدا ہوجاتے ہیں) میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
٤) موسمیّات میں بادلوں کی اُون جیسے یا سُنبل نما بادلوں، طبقِ اَبَر یعنی بادل کے پتلے پرت، اُفُق کی گھٹاؤں، ابرِ مطیر یعنی برسنے والے بادلوں میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
٥) ارضیات میں پتھروں کی ریتلے پتھروں، چونے کے پتھروں اور عمارتی پتھروں میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
اسی طرح چٹانوں کی گدلی چٹانوں، کیمیاوی طور پر بنی ہوئی چٹانوں اور آتشی چٹانوں میں جماعت بندی ایک طبعی جماعت بندی ہے۔
چونکہ طبعی جماعت بندی اشیاء کی ماہیّت پر مبنی ہوتی ہے اس لیے یہ عُلُوم کے مقصد کے لیے جن کی دلچسپی قوانینِ قدرت کی دریافت میں ہوتی ہے اور جن میں ہر قانون بہت سے حقائق کی جماعت بندی کرتا ہے نہایت موزوں ہوتی ہے۔ ویسے تو تمام عُلُوم جماعت بندی کو استعمال میں لاتے ہیں لیکن چند طبعی عُلُوم مثلًا علمِ حیوانات اور علمِ نباتات تو بالکل جماعت بندی پر مبنی ہوتے ہیں اِسی لیے انہیں اصطفائی عُلُوم کہتے ہیں۔ 
الغرض عُلُومِ طبعی جماعت بندی کو (جس سے مُراد اشیاء کی اصلی اور طبعی مشابہتوں اور تعلقات کی بنا پر ان کی منظم ترتیب ہے) استعمال میں لاتے ہیں۔ عُلُوم میں جماعت بندی کا سب سے بڑا مقصد اشیاء کی اصل نشونما اور ماہیّت پر روشنی ڈالنا ہوتا ہے۔ اس علمی مقصد کے لیے بیرونی خُصُوصیات فروعی، گُمراہ کُن اور ناکافی ہوتی ہیں۔ مثلًا اگر ہم علمِ حیوانات میں جانوروں کی جماعت بندی ان کے ہمرنگ ہونے کی بنا پر کریں تو ہماری جماعت بندی کی کوئی علمی اہمیّت نہیں ہوگی۔ کیونکہ اس بات سے کہ فُلاں جانور کا رنگ سفید یا سیاہ ہے ہمیں اس کی اصل، نشو نما اور ماہیّت کے متعلق کوئی علم حاصل نہیں ہوتا۔

اچھی جماعت بندی کی شرائط

CONDITION OF A GOOD CLASSIFICATION 
جیسا کہ ہم پڑھ چکے ہیں جماعت بندی کئی طریقوں سے کی جاسکتی ہے۔ اس کے لئے کوئی خاص طریقہ بطور قاعدہ مقرر نہیں۔ طبعی جماعت بندی کا تمام تر انحصار ہمارے اشیاء کے علم پر ہوتا ہے۔ ہمیں اشیاء کے ضروری خواص کا علم جن پر جماعت بندی مبنی ہوتی ہے وہی علوم دیتے ہیں جو ان اشیاء کا مطالعہ کرتے ہیں۔ منطق ہمیں یہ نہیں بتاسکتی کہ جماعت بندی کے لیے کونسی صفات کو منتخب کرنا چاہیے۔ منطق زیادہ سے زیادہ ہماری رہنمائی کے لیے چند اُصُول یا جماعت بندی کی عُمُومی ضروریات بتا سکتی ہے۔ 
جماعت بندی کرتے وقت ہمیں ان صفات کو منتخب کرنا چاہیے جو سب سے زیادہ اَہَم ہوں۔ اور جو تمام نچلی جماعتوں سے لے کر جنسِ عالی تک موجود ہوں تاکہ جب ہماری جماعت بندی مکمل ہوجائے اور ہم جنسِ عالی سے نیچے کی طرف نوعِ سافل تک جائیں تو ہمیں وہ بنیادی صفت یا صفات جو ان تمام جماعتوں کو اوپر سے نیچے تک آپس میں متحد کرتی ہیں معلوم ہوجائیں۔ اسی طرح نچلی جماعتوں سے اعلیٰ جماعتوں کی طرف جانے اور انواعِ قسمیہ میں ہمیں اُن صفات کو بطور اختلاف منتخب کرنا چاہیے جو سب سے زیادہ اہم ہوں تاکہ جب ہم اپنی تکمیل شدہ جماعت بندی کو دیکھیں تو وہ جماعتیں جن کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ ہے آپس میں بہت زیادہ مختلف ہوں۔ باِلفاظِ دیگر ہماری جماعت بندی میں ایک جماعت سے دوسری جماعت کا فاصلہ اُن کے اختلاف کو ظاہر کرے۔ یعنی دو جماعتوں میں جس قدر زیادہ فاصلہ ہو اُسی قدر وہ آپس میں مختلف ہوں۔ ایسی جماعت بندی مندرجہ ذیل شرائط کو پورا کرتی ہے۔
١) یہ ہمیں جماعت کے متعلق زیادہ سے زیادہ عُمُومی دعوے کرنے کے قابل بناتی ہے۔ ایک اچھی جماعت بندی اُن اشیاء کے جن کی جماعت بندی کی جاتی ہے تمام عُمُومی تعلقات پر روشنی ڈالتی ہے۔ چنانچہ کتابوں کی وہ جماعت بندی جو اُن کے سائز کے لحاظ سے یا مصنفین کے ناموں کے حروفِ تہجی کی ترتیب کے لحاظ سے کی جائے ایک اچھی جماعت بندی نہیں ہوتی کیونکہ یہ ہمیں کم سے کم عُمُومی دعوے کرنے کے قابل بناتی ہے۔ ہم کتابوں کے متعلق بہت زیادہ عُمُومی دعوے نہیں کرسکتے اگر ہمیں محض یہی معلوم ہو کہ اُن کے مصنفین کے نام ایک ہی حرف سے شروع ہوتے ہیں۔ مِل لکھتا ہے عام طور پر جماعت بندی کا کام یہ ہوتا ہے کہ اشیاء کو ایسی جماعتوں میں اور اُن جماعتوں کو ایسی ترتیب میں سوچا جائے جو اُن کے قوانین کی دریافت کے لیے زیادہ سے زیادہ ممد و معاون ہوں۔ اس مقصد کے لئے ہماری جماعت بندی کی بنا اُن خواص پر ہونا چاہیے جن کے ساتھ اور بہت زیادہ خواص وابستہ ہوں۔
٢) ایسی جماعت بندی ہمیں جماعت کے ایک فرد سے ہر دوسرے فرد کے متعلق زیادہ سے زیادہ استنتاج کے قابل بناتی ہے۔ ایک اچھی جماعت بندی میں ایک فرد کو جاننا تمام افراد کو جاننا ہے۔
٣) ایسی جماعت بندی ایک جماعت کے افراد کی آپس میں زیادہ اور دوسری جماعت کے کم سے کم مشابہت ہوتی ہے۔ 
لیکن یہ یاد رکھنا چاہیے کہ مشابہتوں کی محض تعداد کوئی علمی اہمیت نہیں رکھتی۔ مشابہتیں اہم اور اصلی ہونی چاہئیں۔

جماعت بندی اور نظریۂِ ارتقا

CLASSIFICATION AND THE THEORY OF EVOLUTION 
نظریۂِ ارتقا سے پہلے لوگوں کا یہ عقیدہ تھا کہ مُختلف انواع ایک دوسری سے بالکل علـٰحدہ ہوتی ہیں اور تمام جماعتیں ہمیشہ ایک ہی حالت پر قائم رہتی ہیں۔ لیکن نظریۂِ ارتقا کے زیرِ اثر اب یہ عقیدہ متروک ہوچکا ہے۔ نظریۂِ ارتقا ہمیں یہ بتاتا ہے کہ "قُدرتی تقسیمیں" ایک دوسری سے بالکل علـٰحدہ نہیں ہوتیں بلکہ بتدریج ایک دوسرے سے مِل جاتی ہیں۔ زندگی کی تمام اقسام یعنی نباتات اور حیوانات کی اصل ایک ہی ہے اور ان میں وراثتی لحاظ سے ہم جدّی ہونے کے نشانات پائے جاتے ہیں۔ زندگی کی مختلف شکلوں میں ویسی ہی مماثلت پائی جاتی ہے جیسی کہ ایک ہی خاندان کے مختلف افراد ہیں۔ نظریۂِ ارتقاء سے ہمیں یہ پتا چلتا ہے کہ مماثلت سے مراد معمولی مشابہت نہیں بلکہ "خاندانی مماثلت یا شباہت" ہے۔ اس سے پہلے نباتات اور حیوانات بالکل علـٰحدہ جماعتیں تصوُّر کی جاتی تھیں۔ لیکن موجودہ زمانے کی روز افزوں تحقیق سے اب یہ حقیقت واضح ہورہی ہے کہ نباتات اور حیوانات کے درمیان کوئی حَدِّ فاصل نہیں۔ پرانے وقتوں کا یہ نظریہ کہ دنیا بالکل علـٰحدہ جماعتوں کا ایک مجموعہ ہے اب متروک ہوچکا ہے۔ اب یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ قدرت ایک بہت بڑی منظم وحدت ہے جس میں تمام حقائق آپس میں متعلق ہیں اور جس میں ہم تمام جماعتوں کو شجرۂِ نسب کی صورت میں ترتیب دے سکتے ہیں۔ ہم مختلف عُلُومِ قدرت کے مختلف شعبوں کو محض سہولت کی خاطر اپنے مطالعہ کے لیے منتخب کرلیتے ہیں۔ مثلًا علمِ نباتات پودوں کو اور علمِ حیوانات حیوانوں کو اپنے مطالعہ کے لیے چُن لیتے ہیں۔ لیکن اس طرح مختلف جماعتوں کو مطالعہ کے لیے انتخاب کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوتا کہ وہ جماعتیں قدرت میں بھی درحقیقت ایک دوسری سے علـٰحدہ ہیں۔ چنانچہ نظریۂِ ارتقا کے زیرِ اثر جماعت بندی کا مطلب یہ ہے کہ ایک شجرۂِ نسب بنایا جائے جو تمام مختلف قسم کی انواع پر مشتمل ہو۔ ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ جماعت بندی کا مقصد کثرت کو وحدت میں تحویل کرنا ہوتا ہے اور ظاہر ہے کہ یہ مقصد ایسی جماعت بندی سے جو ارتقائی ہو یعنی نظریۂِ ارتقا کے پیشِ نظر کی گئی ہو بدرجۂِ احسن پورا ہوسکتا ہے۔ ڈاروِن لکھتا ہے کہ ماہرینِ حیوانات و نباتات اشیاء کی اُن کی کم و بیش مشابہت یا اختلاف کی بنا پر ایک ہی جماعت یا علـٰحدہ جماعتوں میں رکھنے کی بجائے ہم نسلیت کے پوشیدہ رابطے کو غیر شعوری طور پر ڈھونڈنے میں ہمیشہ مصروف رہتے ہیں۔
ڈاروِن کا شجرۂِ حیات

جماعت بندی کا فائدہ

VALUE OR UTILITY OF CLASSIFICATION 
جماعت بندی کے مندرجہ ذیل فائدے ہیں؛ 
١) جماعت بندی اشیاء میں ترتیب پیدا کرکے ہمارے لیے ان کا مطالعہ اور علم آسان کردیتی ہے۔ اسی لیے یہ تمام عُلُوم کی تعمیر میں لازمی ہوتی ہے۔ 
٢) جماعت بندی دریافت اور تفتیش کے کام میں ہمیں بہت مدد دیتی ہے۔ جب مختلف اشیاء ترتیب کے ساتھ جماعتوں میں رکھی جاتی ہیں، تو ان کے موازے سے ہمیں نئی خاصیتوں کے باہمی تعلقات کا پتا چلتا ہے۔
٣) جماعت بندی تعمیم کے لیے ایک لازمی قدم ہے۔ مختلف افراد کا معائنہ کرکے اور انہیں جماعتوں میں رکھ کر ہم کسی حد تک اُن کی تعمیم کرتے ہیں۔ چنانچہ جماعت بندی ان کی تعمیم کے لیے راستہ تیار کرتی ہے اور علمی اِستِقراء کے لیے ایک لازمی ابتدائی منزل ہے۔
٤) جماعت بندی یادداشت کے لیے بھی ممد و معاون ہے۔ ہر وہ ترکیب جو زیرِ غور حقائق میں ترتیب پیدا کرے گی اُنہیں لازمی طور پر ہمارے سمجھنے کے لیے آسان کردے گی۔ جہاں اشیاء اَن گِنت ہوں اور ذہن اُن کی کثرت کی وجہ سے اُلجھاؤ میں ہو وہاں ایک ایسی ترکیب جو اُن اشیاء کو کسی مُسَلِّمہ اُصُول کی بنا پر ترتیب دے یادداشت کے لیے بےحد مُفید ہوگی۔
دُنیا کی مختلف انواع کا جن کی تعداد سینکڑوں اور ہزاروں میں ہے صرف اسی طریقے سے انتظام ہوسکتا ہے۔

جماعت بندی کی حُدود

LIMITS OF CLASSIFICATION 
ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ اچھی جماعت بندی کو کونسے اُصُولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔ لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ عملی طور پر جماعت بندی کا کام بڑا مشکل ہوتا ہے اور جب ہمارا مقصد طبعی جماعت بندی ہوتا ہے تو یہ کام اور بھی زیادہ مشکل ہوجاتا ہے۔ جماعت بندی کا کام بہت وسیع ہوتا ہے۔ اس میں ہمیں اشیاء کی اصل، ان کے تعلقات، خواص اور ساخت کا مکمل مطالعہ کرنا پڑتا ہے اور یہ کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔
جماعت بندی کا انحصار ہمارے اشیاء کے علم پر ہوتا ہے۔ اس لیے جو حدود علم کی ہیں وہی حدود جماعت بندی کی ہیں۔ جیونز لکھتا ہے کہ مکمل جماعت بندی اُن اشیاء کے مکمل علم پر مشتمل ہوتی ہے جن کی جماعت بندی کی جاتی ہے اور صحیح علم کی حُدود بعینہٖ جماعت بندی کی حُدود ہوتی ہیں۔
١) جن اشیاء کی خاصیتیں نامعلوم ہوں اُن کی جماعت بندی نہیں ہوسکتی۔
٢) ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ قُدرتی اشیاء ایک دوسری سے بالکل علـٰحدہ نہیں ہوتیں بلکہ وہ بتدریج آپس میں مل جاتی ہیں۔ باِلفاظِ دیگر ان کے درمیان کوئی حَدِّ فاصل نہیں ہوتی۔ اس لیے جو اشیاء مختلف جماعتوں کی حدوں پر واقع ہوں ان کی جماعت بندی نہیں ہوسکتی۔ مثلًا علمِ حیوانات نے ایک ایسی جماعت دریافت کی ہے جو نباتات اور حیوانات کی خاصیتیں رکھتی ہے۔ چنانچہ اس جماعت کو ان دونوں جماعتوں میں سے کسی جماعت میں بھی یقین کے ساتھ نہیں رکھا جاسکتا۔
٣) ان مرکب اشیاء کی جماعت بندی نہیں ہوسکتی جن میں عناصر کی نسبت ہمیشہ بدلتی رہے۔ مثلًا گرانیت پتھر سنگِ مُردہ ایک قسم کی سفید یا سُرخی دار قلمی دھات اور ابرق کا آمیزہ ہوتا ہے لیکن گرانیت پتھر کے کوئی سے دو نمونے بھی ایسے نہیں ہوتے جن میں ان تین عناصر کی نسبت یکساں ہو۔ اس لیے گرانیت پتھروں کی جماعت بندی نہیں ہوسکتی۔
٤) جماعت بندی میں افراد کو جماعتوں کے تحت ترتیب دی جاتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر جماعت بندی کم عُمُومی سے زیادہ عُمُومی کی طرف جاتی ہے۔ لہٰذا جو سب سے زیادہ عُمُومی ہو اس کی جماعت بندی نہیں ہوسکتی۔ اُس کی وجہ یہ ہے کہ اُسے کسی جماعت کے تحت نہیں لایا جاسکتا۔

جماعت بندی اور تقسیم

CLASSIFICATION AND DIVISION
جماعت بندی اور تقسیم میں مندرجہ ذیل اختلافات ہیں؛ 
١) جماعت بندی اور تقسیم دو مخالف عمل ہیں۔ تقسیم اوپر سے نیچے کی طرف جاتی ہے۔ یہ ایک بڑی جماعت سے شروع ہو کر چھوٹی جماعتوں کی طرف اور اُن سے آگے پھر اور چھوٹی جماعتوں کی طرف جاتی ہے۔ لیکن اس کے برعکس جماعت بندی نیچے سے اوپر کی طرف جاتی ہے۔ یہ افراد سے شروع ہو کر جماعتوں کی طرف اور اُن جماعتوں سے آگے پھر اور بڑی جماعتوں کی طرف جاتی ہے۔ تقسیم میں ہم جماعتوں کے ٹُکڑے کرتے ہیں لیکن جماعت بندی میں ہم جماعتیں بناتے ہیں۔
٢) تقسیم میں ہم ایک بڑی جماعت کو چھوٹی جماعتوں میں تقسیم کرتے ہیں تو ہم محض اپنے پہلے حاصل کردہ علم کو استعمال میں لاتے ہیں لیکن جماعت بندی میں ہم اشیاء کے متعلق نیا علم حاصل کرتے ہیں۔ اسی لیے تفتیش و تحقیق کے لیے جماعت بندی تقسیم کی نسبت زیادہ موزوں ہوتی ہے۔
٣) چونکہ جماعت بندی ایک اِستِقرائی عمل ہے اس لیے اس کے نتائج عارضی ہوتے ہیں۔ قطعی نہیں ہوتے۔ ایک جماعت میں نئی انواع کی دریافت اور ایک نوع میں نئی خاصیّتوں کی دریافت کا امکان جماعت بندی کو غیریقینی بنادیتا ہے۔ لیکن تقسیم ایک استِخراجی عمل ہے اور اس لیے اس کے نتائج نسبتًا زیادہ یقینی ہوتے ہیں۔
تاہم تقسیم اور جماعت بندی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ بعض منطقی تو انہیں ایک ہی عمل خیال کرتے ہیں مثلًا فاؤلر جماعت بندی کی یوں تعریف کرتا ہے کہ یہ ایک تقسیم یا تقسیم در تقسیم کا ایک سلسلہ ہوتا ہے۔ درحقیقت ہم جماعت بندی میں تقسیم اور تقسیم میں جماعت بندی کرتے ہیں۔ جب ہم افراد کی مختلف جماعتوں میں جماعت بندی کرتے ہیں تو دراصل ہم انہیں ان جماعتوں میں تقسیم کرتے ہیں اور اسی طرح جب ہم ایک جماعت کو چھوٹی جماعتوں میں تقسیم کرتے ہیں تو دراصل ہم نئی جماعتیں بناتے ہیں۔ چنانچہ تقسیم اور جماعت بندی نہ صرف ایک جیسے عمل ہیں بلکہ ایک دوسرے پر مشتمل بھی ہوتے ہیں۔ خواہ ہم تقسیم کریں خواہ جماعت بندی کریں ہمارا دائرۂِ عَمَل دونوں صورتوں میں ایک ہی ہوتا ہے۔ جس طرح وہ سڑک جو پہاڑ کی چوٹی سے دامنِ کوہ کی طرف جاتی ہے دو علـٰحدہ سڑکیں نہیں ہوتیں بلکہ ایک ہی سڑک ہوتی ہے۔ اسی طرح تقسیم اور جماعت بندی دو علـٰحدہ عمل نہیں بلکہ ایک ہی عمل ہے۔ اُن میں اگر کوئی فرق ہے تو صرف یہی کہ ان کی ابتدا مختلف سمتوں سے ہوتی ہے۔

تسمیہ و اصطلاحات

NOMENCLATURE AND TERMINOLOGY 
حقائق کو مختلف جماعتوں میں ترتیب دینے کے بعد سائنس کے لیے دوسرا کام انہیں مناسب 'جماعتی نام' دینا ہوتا ہے۔ ہر سائنس کو مناسب اصطلاحات یعنی ایسے اصطلاحی نام جو کسی مفہوم کو بے کم و کاست ادا کریں وضع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اشیاء کا مطالعہ انہیں نام دینے کے بغیر ناممکن ہوتا ہے۔ لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ علمی زبان کے لیے جچا تُلا ہونا نہایت ضروری ہوتا ہے۔ ایک نام کا جسے سائنس استعمال کرتی ہے ہمیشہ ایک ہی مفہوم ہونا چاہیے۔ اسے کثیر المعنیٰ نہیں ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے سائنس نے غیرمعروف الفاظ اپنا لیے ہیں کیونکہ ایسے الفاظ کی مختلف معنوں میں توڑ مروڑ کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔ ایسے اصطلاحی نام جنہیں مختلف عُلُوم اختیار کرلیتے ہیں اسماء و اصطلاحات کہلاتے ہیں۔ نظامِ تسمیہ اُن اسماء کو کہتے ہیں جنہیں ایک سائنس اشیاء کی مختلف جماعتوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔ علم حیوانات اور علم کیمیا نہایت عمدہ نظامِ تسمیہ رکھتی ہیں۔ اُن کے اسماء دو اسمی طریقے پر مبنی ہوتے ہیں۔ یعنی نام کا ایک حصّہ جنس سے لیا جاتا ہے اور دوسرا نوع سے۔ علمِ نباتات میں ہر پودے کا نام دو الفاظ پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایک اسمِ ذات جنس کا نام ہوتا ہے جیسے محمؐد، عليؓ، حُسینؓ وغیرہ خاندانی نام ہوتے ہیں، اور اسمِ صفت نوع کا نام ہوتا ہے جیسے غُلام، لیاقت، زاہد وغیرہ ایک خاندان کے افراد کے نام ہوتے ہیں۔ چنانچہ یہ پورے نام یوں ہوں گے غُلام مُحمؐد، لیاقت علیؓ، زاہد حُسینؓ۔ علمِ نباتات میں جنس Brassica کی مختلف انواع کے نام یوں ہیں؛ Brassicia Compestris سرسوں، Brassicia Jancia نوریا، Brassicia Obracia گوبھی، Brassicia Napus شلغم وغیرہ وغیرہ علمِ حیوانات میں بھی یہی طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔ مثلًا جنس Felis کی مختلف انواع کے نام یہ ہیں Felis Leo شیرِ ببر Felis Tigris شیر، Felis Pradus چیتا، Felis Catus جنگلی بلی، Felis Domestica پالتو بلی وغیرہ وغیرہ۔ علمِ کیمیا میں مرکّبات کے نام ان کے عناصر کے ناموں پر رکھے جاتے ہیں۔ مثلًا کلوریں Chlorine کے ساتھ دھاتوں کے مُرکّبات کلورائیڈ Chloride، برومین Bromine کے ساتھ برومائیڈ Bromide، سلفر Sulphur کے ساتھ سلفائیڈ Sulphide، سلفیورک ایسڈ Sulphuric Acid کے ساتھ سلفیٹ Sulphates، کاربانِک ایسڈ Carbonic Acid کے ساتھ کاربونیٹ Carbonate، فاسفورک ایسِڈ Phosphoric Acid کے ساتھ فاسفیٹ Phosphate کہلاتے ہیں۔ علمِ کیمیا میں علامتی نام بھی استعمال کئے جاتے ہیں مثلًا H₂O پانی، H₂SO₄ گندھک کا تیزاب وغیرہ وغیرہ۔
جماعتوں کے ناموں کے علاوہ ہمیں افراد کو بھی جن سے جماعتیں بنتی ہیں نام دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان ناموں کو اصطلاحات کہتے ہیں۔ اصطلاحات جماعتوں کے ناموں کی بجائے افراد کے اجزاء کے ناموں کو کہتے ہیں۔ علمِ نباتات مکمل اور نہایت عمدہ اصطلاحات کی مثال پیش کرتا ہے۔ اس میں ہر پودے کی جڑوں، تنوں، پتّوں، پھُولوں اور پھلوں کے مختلف حصّوں اور قِسموں کو مناسب نام دئیے جاتے ہیں۔ مثلًا پھُول کے مختلف حصّوں کے نام یہ ہیں؛ مسند گُل Clayx or Sepals کاسۂِ گُل یعنی اندر کی پتّیاں Corolla or Petals، نَر Endroeciurm or Stamens اور بقچۂِ مادہ یعنی پھول کے وہ اعضاء جو مادّہ ہونے کی علامت ہوتے ہیں Gynaeceum or Carpels۔ اسی طرح پتّے کے مختلف حصّوں کے نام یہ ہیں چھِلکا یا تہہ Lamina، ڈنٹھل Leaf Stalk or Petiole، اور غُلاف جو اس مقام پر بن جاتا ہے جہاں پتیّاں تنے سے مِلتی ہیں Vagina or Leaf base۔
ہر سائنس اپنا مخصوص نظامِ تسمیہ و اصطلاحات رکھتی ہے۔
فقط سُہیل طاہر، سیالکوٹ

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

علمِ منطق کی تعریف

حُدود اور ان کی اَقسام

فکر کے اُصُول