اِستِقرائے ناقص

 اٹھائیسواں باب

اِستِقرائے ناقص

IMPERFECT INDUCTIONS

گِنتی اور تمثیل

Simple Enumeration and Analogy

اِستِقرائے تام اور اِستِقرائے ناقص

Perfect Induction and Imperfect Induction 

ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ منطقِ اِستِقرائیہ کا کام تعمیمیں یعنی کلّیہ قضیے مرتب کرنا ہے۔ اور کُلّیہ قضیے مُرتب کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ انفرادی مثالوں کا ملاحظہ کیا جائے اور ان کی گنتی کی جائے۔ مثالوں کی گنتی مکمل بھی ہوسکتی ہے اور نامکمل بھی۔ مکمل گنتی میں ہم تمام مثالوں کو دیکھ کر کُلّیہ قضیہ اخذ کرتے ہیں۔ مثلًا سال کے تمام مہینوں کا مطالعہ کرکے ہم یہ تعمیم مرتب کرتے ہیں کہ سال کے تمام مہینوں کے دن ۳۲ دنوں سے کم ہوتے ہیں۔ اسی طرح میں یہ دیکھ کر کہ میری جماعت کا ہر طالب علم کنوارا ہے یہ کُلیّہ قضیہ قائم کرسکتا ہوں کہ میری جماعت کے تمام طالب علم کنوارے ہیں۔ لیکن ایسی مکمل گنتی ہمیشہ ممکن نہیں ہوتی۔ ہم تمام مثالوں کو اس لئے نہیں دیکھ سکتے کہ بہت سی مثالیں زمانۂ ماضی میں تھیں۔ بہت سی زمانۂ مستقبل میں ہوں گی اور زمانۂ حال کی بہت سی مثالیں زمانۂ ماضی کی ہماری پہنچ سے باہر ہوسکتی ہیں۔ ایسی صُورت میں ہم نامُکمل گنتی کے بعد ہی (یعنی صرف چند مثالوں کو دیکھ کر) تعمیم وضع کرلیتے ہیں۔ مثلًا یہ کوّا سیاہ ہے۔ وہ کوّا سیاہ ہے اور جتنے کوّے میں نے دیکھے ہیں سیاہ ہیں۔ اس لیے تمام کوّے (یعنی بلااستثنیٰ وہ کوّے جن کو میں نے دیکھا ہے اور وہ جن کو میں نے نہیں دیکھا) سیاہ ہیں۔ یہاں ہم نے کُچھ مثالوں سے (جن کا ہم نے مُشاہدہ کیا ہے) ایک کُلّیہ اخذ کیا ہے۔ ہم نے یہ استِدلال کیا ہے کہ جو حکم ایک جماعت کے کُچھ افراد پر صادق آتا ہے وہ اس تمام جماعت پر بھی صادق آتا ہے جو اُن افراد سے بنتی ہے۔ ایسے استِدلال میں ہم اپنے مُشاہدے تک ہی محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے آگے جاتے ہیں۔ باِلفاظِ دیگر ہمارا نتیجہ صرف مُشاہدہ شُدہ مثالوں ہی کے متعلّق نہیں ہوتا ہے بلکہ ایک کُلّیہ قضیہ ہونے کی حیثیت سے ان مثالوں کے متعلق بھی ہوتا ہے جن کا مُشاہدہ ہم نے نہیں کیا اور نہ ہی کرسکتے ہیں۔
پُرانے منطقی مکمل گِنتی کو اِستِقرائے تام اور نامکمل گِنتی کو اِستِقرائے ناقِص کہتے تھے۔ اگرچہ "تام" اور "ناقص" اِستِقراء ان معنوں میں آج کل متروک ہیں لیکن ان کے اس فرق کو اب بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔
اِستِقرائے ناقص مندرجہ ذیل دو قسموں میں منقسم ہے۔
١. گنتی یا اعداد و شُمار
٢. تمثیل

گِنتی

اعداد و شُماری اِستِقراء کی نوعیّت اور بُنیاد

NATURE AND GROUND OF ENUMERATIVE INDUCTION
اعداد و شُماری اِستِقراء میں مثالوں کی محض گنتی کی بنا پر بغیر ان کے عِلَّتی رشتوں کو دریافت کرنے کے ایک کُلّیہ قضیہ مُرتب کرلیا جاتا ہے۔ بہت سی مثالوں میں ہم ایک خاصیّت یا صفت کا مُشاہدہ کرتے ہیں اور چونکہ ہمیں کوئی مخالف مثال نہیں ملتی اس لیے ہم یہ اِستِدلال کرتے ہیں کہ جو بات جُزئیات کے متعلق درست ہے وہ کُلّیات کے متعلق بھی درست ہوگی۔ مختصرًا ہم یوں استِدلال کرتے ہیں کہ جو خاصیّت یا صفت ان مثالوں میں پائی جاتی ہے جن کا ہم نے مُشاہدہ کیا ہے وہ اس قسم کی دیگر تمام مثالوں میں بھی پائی جائے گی۔ مثلًا ہم نے خود ماضی میں اس بات کا مُشاہدہ کیا ہے کہ کوّے سیاہ ہوتے ہیں۔ کسی اور رنگ کا کوّا ہماری نظر سے نہیں گُزرا اور نہ ہی ہم نے کسی سے کبھی سُنا ہے کہ اور رنگوں کے بھی کوّے ہوتے ہیں اپنے اس یکساں اور غیر تردید شدہ تجربے کی بنا پر ہم یہ کُلّیہ قضیہ مرتب کرتے ہیں کہ "تمام کوّے سیاہ ہوتے ہیں"۔ اسی طرح، اگر ہم نے بہت سے سبز توتے دیکھے ہیں اور کسی مخالف مثال سے ہمارے تجربے کی تردید نہیں ہوئی تو ہم اپنی مُشاہدہ شُدہ مثالوں سے اس کُلیّہ قضیے کو اخذ کریں گے کہ "تمام توتے سبز ہوتے ہیں"۔ ہماری یہ "کُچھ" ∃ سے "تمام" ∀ کی طرف زقند ہمارے یکسانئِ فطرت میں اعتقاد پر مبنی ہوتی ہے۔ ہماری روزمرّہ کی زندگی کی ایسی تعمیمیں کہ تمام عورتیں نرم دل ہوتی ہیں، تمام کھلاڑی ذہین ہوتے ہیں، تمام شرابی جوا باز ہوتے ہیں، وغیرہ وغیرہ گِنتی یا اعداد و شُمار ہی کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ بیکن گنتی کی یوں تعریف کرتا ہے کہ یہ ایک ایسا اِستِقراء ہے جس میں ہمیں کوئی مخالف مثال نہیں ملتی۔ اِس کا فارمولا یہ ہے "فُلاں بات آج تک ہمیشہ یوں دیکھی گئی ہے۔ کوئی مخالف مثال نہیں پائی گئی۔ اس لیے فلاں بات ہمیشہ یوں ہی ہوگی"۔
چونکہ اعداد و شُمار گِنتی کا ایک عمل ہے اس لیے اس کی تقویّت کا انحصار مثبت اور منفی مثالوں کی تعداد پر ہوتا ہے۔ اگر مثبت مثالوں کی تعداد بہت زیادہ ہو اور منفی مثال ایک بھی نہ ہو تو اعداد و شُماری اِستِقراء بڑی حدّ تک یقینی ہوتا ہے۔
ہر نئی مثبت مثال سے اور اس کے ساتھ ہی اس خیال سے کہ اگر کوئی مخالف مثال موجود ہوتی تو وہ کہیں تو کسی کے مُشاہدے میں آتی اعداد و شُماری اِستِقراء کو تقویت پہنچتی ہے اور یہ گمان پیدا ہوتا ہے کہ ممکن یہ بات بالکل یقینی ہی ہو۔ علم علمِ ریاضی سے ایک مثال لیتے ہیں۔ مندرجہ ذیل طاق ہندسوں کے متعلق ہم یہ دیکھتے ہیں کہ جب انہیں جمع کیا جائے تو ان کا حاصلِ جمع اُن کی تعداد کے مربعّے کے برابر ہوتا ہے۔
1² = 1,
2² = 1+3,
3² = 1+3+5,
4² = 1+3+5+7,
5² = 1+3+5+7+9,
6² = 1+3+5+7+9+11,
7² = 1+3+5+7+9+11+13,
8² = 1+3+5+7+9+11+13+15,
9² = 1+3+5+7+9+11+13+15+17.
ہر نئی مثال ہمارے مشاہدے کی تائید کرتی ہے۔ اس لئے ہم ان مثالوں سے یہ کُلّیہ قانون اخذ کرسکتے ہیں کہ ایک سے شروع ہو کر سلسلہ وار طاق ہندسوں کا حاصِل جمع اُن ہِندسوں کی تعداد کے مربعے کے برابر ہوتا ہے۔ یہ نتیجہ تقریبًا یقینی ہی ہے کیونکہ ہر مثال اس کی تائید کرتی ہے اور کوئی مخالف مثال اس کی تردید نہیں کرتی۔ جیومیٹری کے بہت سے قوانین جو اسی طرح (یعنی بہت سی مثالوں کا مُشاہدہ کرکے) وضع کئے جاتے ہیں اعداد و شُماری اِستِقراء کی مثال ہیں۔

اعتراضات

١. مثالوں کی محض گِنتی کوئی عِلمی اہمیّت نہیں رکھتی۔ میلون لکھتا ہے کہ مثالوں کا محض گِننا خواہ وہ کِتنی ہی کیوں نا ہوں کسی نتیجے کو زیادہ یقینی نہیں بناتا۔ اگر ہم یہ جانتے بھی ہوں کہ س اور پ دو یا دو ہزار یا دو لاکھ مرتبہ اکٹھے پائے جاتے ہیں تو بھی ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ ہمیشہ اکٹھے پائے جاتے ہیں تاوقتیکہ ہمارے پاس اس کو تسلیم کرنے کے لیے گِنتی کے علاوہ کوئی اور بات نہ ہو۔ یہ بات کہ دو چیزیں اکثر اکٹھی پائی جاتی ہیں بذاتِ خود اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں کہ وہ اگلی نئی مثال میں بھی جو ہمارے مُشاہدے میں آئے گی اکٹھی پائی جائیں گی۔ زیادہ سے زیادہ ہم یہ اُمید کرسکتے ہیں کہ جس قدر زیادہ دو چیزیں اکٹھی پائی جائیں گی اسی قدر ان کا ایک اور مرتبہ اکٹھا پایا جانا اغلب ہوگا اور اگر وہ اکثر اوقات اکٹھی پائی جائیں تو یہ اغلبیت تقریبًا یقینی تک پہنچ جائے گی۔ لیکن اس کا بالکل یقین کی حد تک پہنچنا ناممکن ہے کیونکہ باوجود مثالوں کی کثرت کے یہ ممکن ہے کہ آخرکار اس کی تردید ہوجائے۔
٢. گِنتی ہمیں صرف تجربی تعمیمیں دے سکتی ہے۔ عِلمی تعمیمیں نہیں دے سکتی۔ اس کی مدد سے ہمیں زیادہ سے زیادہ یہ کہنے کا حق ملتا ہے کہ فُلاں چیزیں ایسی رہی ہیں یا ایسی ہیں۔ نہ کہ وہ ہمیشہ ایسی ہوں گی۔ مثلًا گنتی کی بنا پر ہم صرف یہ کہہ سکتے ہیں کہ جہاں تک ہمارے مُشاہدے کا تعلق ہے کوّے سیّاہ ہیں نہ کہ یہ کہ وہ ہمیشہ سیّاہ ہوں گے۔ 
گِنتی میں عام طور پر مُغَالِطۂِ عَدَم مُشاہِدۂِ امثلہ پایا جاتا ہے۔ اس میں ہم عام طور پر منفی مثالوں کو نظرانداز کردیتے ہیں اور صرف مثبت مثالوں کا ہی مُشاہدہ کرتے ہیں۔ باِلفاظِ دیگر ہم صرف وہی مثالیں دیکھتے ہیں جو ہمارے کُلیّہ قضیے کے حق میں ہوں۔ مثلًا یہ ثابت کرتے وقت کہ تمام کھِلاڑی ذہین ہوتے ہیں ہم صرف ذہین کھِلاڑیوں کی مثالیں ہی گِنیں گے۔ اور اُن کھِلاڑیوں کی مثالوں کو چھوڑ دیں گے جو ذہین نہیں۔ چنانچہ گِنتی بالکل یقینی کبھی نہیں ہوسکتی۔ اسے غلط ثابت کرنے کے لیے ایک منفی مثال بھی کافی ہوتی ہے۔ بیکن لکھتا ہے کہ وہ اِستِقراء جس کا انحصار محض مثالوں کی گِنتی پر ہی ہو ایک طفلانہ چیز ہے اور چونکہ یہ کسی یقینی اُصُول پر مبنی نہیں ہوتی اس لیے یہ صرف ایک ہی منفی مثال سے غَلَط ثابت کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ اپنا نتیجہ اخذ کرنے میں صرف اُن ہی مثالوں کو مدِّنظر رکھتی ہے جو بالکل واضح ہوں۔ اسی طرح میلون لکھتا ہے کہ گِنتی محض مثبت مثالوں کا مجموعہ ہونے کی وجہ سے بےکار ہوتی ہے۔ 
٤. گِنتی ہمیں کبھی علمی یقین نہیں دے سکتی کیونکہ یہ عِلَّتی رشتوں پر مبنی نہیں ہوتی۔ زیادہ سے زیادہ ہمیں اغلبیّت دے سکتی ہے۔ مثلًا اگر ہم صرف سیاہ کوّوں ہی کی مثالیں ملیں تو بھی ہم مکمل یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ تمام کوّے سیاہ ہیں۔

گِنتی یا اعداد و شُماری اِستِقراء کا فائدہ 

Value of Induction Per Simple Enumeration 
١. ہمیں گِنتی کو بالکل بےفائدہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ بڑی حد تک یقینی ہوسکتی ہے۔ بشرطیکہ ہم مثالوں کا کافی مُشاہدہ کریں اور اگر کوئی منفی مثال ہو تو اسے بھی دیکھ لیں۔ 
٢. اگرچہ گِنتی عِلَّتی رشتوں کو ثابت نہیں کرتی تاہم یہ اُن کی طرف اشارہ ضرور کرتی ہے اور اس لحاظ سے یہ جائز طور پر منطقِ اِستِقرائیہ کی ابتدائی منزل اور ممد و معاون قرار دی جاسکتی ہے۔ اگر ہم بہت سی مثالوں میں دو چیزوں کے مستقل تعلق کا مشاہدہ کریں تو قُدرتی طور پر یہ گُمان پیدا ہوجاتا ہے کہ شاید ان دو چیزوں میں کوئی عِلَّتی رشتہ ہو۔ جس قدر مثالوں کی تعداد بڑھتی جاتی ہے اسی قدر یہ گمان بھی تقویت حاصل کرتا جاتا ہے اور مثالوں کی کثرت کی صُورت میں یہ گُمان کافی حد تک اغلب ہوجاتا ہے۔ گرملے لکھتا ہے کہ اعداد و شُمار کے طریقے کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ عِلَّتی رشتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ خیال کہ دو واقعات ہمیشہ یا کثرت سے آپس میں متعلق ہیں یہ فرض کرنے کے لیے کافی بُنیاد ہے کہ ان میں کوئی عِلَّتی رشتہ ہے۔ چنانچہ اعداد و شُماری اِستِقراءِ علمی نُقطۂِ نظر سے بالکل بےفائدہ نہیں۔ یہ صحیح اِستِقراء کے لیے ایک مُفید معاون ہے۔
٣. گِنتی مزید تحقیق و تفتیش کی طرف راہنمائی کرتی ہے۔ مِیلون کہتا ہے کہ یہ بات کہ س اور پ بہت سی مثالوں میں اکٹھے پائے جاتے ہیں ہمیں یہ دیکھنے پر آمادہ کرتی ہے کہ وہ دیگر ضروری باتوں میں بھی آپس میں متعلق ہیں یا نہیں۔ اگر نہیں تو ہمیں مزید تحقیق و تفتیش سے س اور پ کا صحیح تعلق معلوم کرنا چاہیے۔
٤. اعداد و شُمار کا طریق شُماریات، اقتصادیات، ریاضی اور معاشرتی عُلُوم میں اکثر استعمال ہوتا ہے۔ بینک اعر بیمہ کمپنیوں کے حسابات اور تخمینوں کا انحصار مثالوں کی گنتی پر ہی ہوتا ہے۔ ہماری روزمرّہ کی زندگی کی تعمیمیں اور ہماری ضرب الامثال بھی گِنتی ہی کا نتیجہ ہوتی ہیں۔
٥. گِنتی میں علمی اِستِقراء کی کم ازکم ایک خاصیت یعنی اِستِقرائی زقند پائی جاتی ہے۔ گِنتی "کُچھ" سے "تمام" کی طرف، مُشاہدہ شُدہ سے غیر مُشاہدہ شُدہ کی طرف جاتی ہے اور اس لحاظ سے یہ کم ازکم اِستِقرائے تام سے بہتر ہے۔

تمثیل 

تمثیل کی نوعیّت اور بُنیاد

NATURE AND GROUND OF ANALOGY
تمثیل ایک یونانی لفظ کا ترجمہ ہے جسے سب سے پہلے ارسطُو نے تناسُب کے معنوں میں استعمال کیا تھا۔ مثلًا جو نسبت ۲ کو ۴ سے ہے، جو نسبت والدین کو اپنے بچوں سے ہے وہی نسبت حکومت کو اپنی رعایا سے ہے، اونٹ اور ریگستان میں وہی نسبت اور تعلق ہے جو جہاز اور سمندر میں ہے، پرنسپل اور ان کے سٹاف میں وہی نسبت یا تعلق ہے جو کپتان اور اُس کی ٹیم میں ہے۔ چنانچہ شروع میں لفظ تمثیل یکسانیّتِ نسبت کے معنوں میں لیا گیا ہے۔ لیکن موجودہ زمانے میں تمثیل دو اشیاء میں کسی خواص یا صفات کی مشابہت کو کہتے ہیں۔ لہٰذا تمثیل سے مُراد وہ استِدلال ہے جو دو اشیاء کی ناصرف یکسانیّتِ نسبت یا یکسانیّتِ تعلُّقات پر مبنی ہو بلکہ ان کی کسی مشابہت پر مبنی ہو۔ بقول جیونزؔ اِستِدلالِ تمثیلی اس استِدلال کو کہتے ہیں جس میں ہم کُچھ مُشابہت سے مزید مُشابہت کی طرف اِستِدلال کریں۔ دوسرے لفظوں میں یہ استِدلال کی وہ قسم ہے جس میں ہم یہ دلیل دیتے ہیں کہ جو اشیاء کُچھ باتوں میں مُشابہ ہیں وہ کُچھ اور باتوں میں بھی مُشابہ ہوں گی۔ اگر دو چیزیں کُچھ صفات میں مُشابہ ہوں اور ہم اُن کے عِلَّتی رشتوں کو دریافت کرنے کے بغیر یہ کہیں کہ جو بات کسی اور صفت کے بارے میں ایک کے متعلق درست ہے وہی بات دوسری کے متعلق بھی درست ہوگی تو یہ اِستِدلالِ تمثیلی ہوگا۔ اِستِدلالِ تمثیلی میں اشیاء کی مُشابہتوں کے عِلَّتی رشتوں کو دریافت کرنے کی کوشش نہیں کی جاتی۔ چنانچہ تمثیل وہ دلیل ہوتی ہے جو محض مشابہت پر مبنی ہو اور عِلَّتی رشتوں پر مبنی نہ ہو۔ بقول مِل اس کا فارمولا یہ ہے۔ دو چیزیں ایک یا ایک سے زیادہ باتوں میں مشابہ ہیں اس لئے جو حکم ان میں سے ایک پر صادِق آئے گا وہی حکم دوسری پر صادِق آئے گا۔ نشانات کی مدد سے ہم اس اِستِدلال کو یوں ظاہر کرسکتے ہیں۔ 
ا اور ب آپس میں تین صفات ج، د اور ر میں مشابہ ہیں۔
ب میں ایک نئی صفت ن پائی جاتی ہے۔
لہٰذا یہ صفت ا میں بھی ہوگی۔

مثالیں

١. دیگر سیّارے کئی باتوں میں ہماری زمین سے مُشابہت رکھتے ہیں۔ زمین کی طرح وہ سب سُورج کے گرد گھومتے ہیں۔ زمین کی طرح وہ اپنی تمام روشنی سُورج ہی سے لیتے ہیں۔ ان میں سے کئی زمین کی طرح اپنی گردشِ محوری کی وجہ سے دِن اور رات رکھتے ہیں۔ ان میں سے کُچھ چاند بھی رکھتے ہیں جو انہیں سُورج کی عدم موجودگی میں اسی طرح روشنی دیتے ہیں جس طرح ہمارا چاند ہمیں دیتا ہے۔ وہ اپنی تمام حرکات میں زمین کی طرح کششِ ثقل کے ماتحت ہیں۔ ان تمام مُشابہتوں سے ہم یہ نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ جس طرح ہماری زمین آباد ہے اسی طرح وہ بھی آباد ہوں گی۔
٢. چونکہ دو شخص شکل و صُورت، عُمر، قد، مذہب اور لباس میں مشابہت رکھتے ہیں۔ اس لئے ان میں سے اگر ایک شخص شراب پینے کا عادی ہے تو دوسرا بھی شراب پینے کا عادی ہوگا۔
٣. ایک نوکر کلاک کی طرح کام کرتا ہے جب کلاک خراب ہوجائے تو ہم اسے باہر نہیں پھینک دیتے۔ اسی طرح نوکر بھی اگر غَلَطی کرے تو اسے نوکری سے برطرف نہیں کرنا چاہیے۔
٤. بڑی بڑی کمپنیوں کا انتظام اسی صورت میں بہترین ہوتا ہے جب کہ ان کے ڈائیریکٹر حصّہ داروں میں سے چُنے جائیں۔ اسی طرح ایک حکومت بھی اسی صورت میں بہترین ہوگی جب کہ حکمران عام لوگوں میں سے چُنے جائیں۔
٥. پاکستان بھی انگلینڈ کی طرح ایک مُلک ہے۔ اگر جمہوری حکومت انگلینڈ میں کامیاب ہوسکتی ہے تو پاکستان میں بھی کامیاب ہوسکتی ہے۔
٦. سلطنت ایک خاندان کی مانند ہے۔ جس طرح ایک خاندان کا انتظام ایک شخص کے ہاتھ میں ہوتا ہے اُسی طرح ایک سلطنت کی باگ دوڑ بھی ایک مطلق العنان بادشاہ کے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔
ظاہر ہے کہ یہ تمام تمثیلی دلائل اس مفروضے پر مبنی ہیں کہ اگر دو چیزیں ایک بات میں مشابہ ہیں تو وہ ایک اور بات میں بھی مشابہ ہوں گی۔ چونکہ یہ مفروضہ مشابہتوں کے عِلَّتی رشتوں پر مبنی نہیں ہوتا اس لیے اس میں زیادہ سے زیادہ اغلبیّت پائی جاسکتی ہے۔ یقین نہیں پایا جاسکتا۔ چنانچہ تمثیل کی بُنیاد یقینی نہیں ہوتی۔

تمثیل کی تقویت کو کس طرح جانچنا چاہیے

 HOW TO ESTIMATE THE STRENGTH OF ANALOGY

ایک تمثیلی دلیل قوی بھی ہوسکتی ہے اور کمزور بھی۔ اس کی تقویت کا انحصار ان مشابہتوں کی تقویت پر ہوتا ہے جن پر وہ مبنی ہو۔ مِل کی رائے میں اگر مشابہت بہت زیادہ اور اختلاف بہت کم ہو اور ان چیزوں کے متعلق جن کا ہم موازنہ کررہے ہیں ہمارا علم کافی وسیع ہو تو تمثیل اپنی تقویت کے لحاظ سے صحیح اِستِقراء کے بہت قریب پہنچ جاتی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اگر ا دس صفات میں سے نو صفات میں ب سے مشابہت رکھتا ہو اور اگر ب میں ایک اور صفت ص پائی جائے تو دس میں سے نو یعنی نوے فیصدی اس بات کا احتمال ہوگا کہ وہ صفت ا میں بھی پائی جائے گی۔ مِل یہاں یہ کہنے میں غَلَط ہے کہ تمثیل کی تقویت کا انحصار مُشابہت اور اختلاف کی صرف مقدار پر ہی ہوتا ہے۔ دراصل تمثیل کی تقویت کا انحصار مشابہت اور اختلاف کی نوعیت اور اہمیت پر ہوتا ہے۔ باِلفاظِ دیگر اگر ہم تمثیل کی قوت کو جانچنا چاہیں تو ہمیں صرف یہی نہیں دیکھنا چاہیے کہ مُشابہت کتنی ہے بلکہ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ مُشابہت کس نوعیّت کی ہے۔ یعنی ہمیں مشابہتوں اور اختلافات کی تعداد ہی کو نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ ان کی نوعیت کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ اگر دو چیزوں میں مُشابہتیں بہت زیادہ اور اہم ہوں اور اختلافات بہت کم اور غیر اہم ہوں اور جن چیزوں کا ہم موازنہ کررہے ہیں ان کے متعلّق نامعلوم باتیں کم سے کم ہو تو ہماری دلیل میں کافی تقویت ہوگی۔ یادرہے کہ ایک مشابہت ایک مقصد کے لئے اہم اور کسی دوسرے مقصد کے لئے غیر اہم ہوسکتی ہے۔ مثلًا زمین اور دوسرے سیاروں میں جو مشابہتیں پائی جاتی ہیں وہ کسی اور بات کو ثابت کرنے کے لئے شاید اہم ہو لیکن آبادی کے سوال کا فیصلہ کرنے کے لئے غیراہم ہیں۔ اسی طرح دو شخصوں میں شکل و صورت، عمر اور مذہب کی مشابہت اور باتوں کو ثابت کرنے کے لئے شاید اہم ہو لیکن شراب پینے کے سوال کا فیصلہ کرنے کے لئے غیراہم ہے۔ چنانچہ "اہم" مُشابہت سے مُراد وہ مُشابہت ہے جو اُس بات سے تعلق رکھتی ہو جس کو ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ 
اگر تمثیل میں ہم اپنے نتیجے کو کسی فروعی مُشابہت پر مبنی کردیں اور اختلافات کو نظرانداز کردیں تو ہماری دلیل نہ صرف کمزور بلکہ غَلَط ہوگی۔ ایک وزنی اور اہم اختلاف بہت سی خفیف اور غیر اہم مشابہتوں کو زائل کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ مثلًا اگر دو شخص ا اور ب بہت سی باتوں میں مشابہ ہوں اور صرف ایک صرف اس بات میں مختلف ہوں کہ ا آنکھیں رکھتا ہے اور ب اندھا ہے تو ہم ان کی بہت سی مشابہتوں کی بنا پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ چوں کہ ا کو سینیما دیکھنے کی عادت ہے اس لیے ب کو بھی سینیما دیکھنے کی عادت ہوگی۔ یہ یہاں صرف ایک ہی اختلاف یعنی ب کا اندھا ہونا باقی تمام مشابہتوں سے زیادہ اہم ہوگا۔ اسی طرح کلاک اور نوکر کی مثال میں ایک اہم اختلاف کہ کلاک ایک مشین ہے اور نوکر ایک انسان ہے ہماری تمثیل کو غلط ثابت کرنے کے لیے کافی ہوگا۔
چنانچہ ہمیں چاہیے کہ تمثیل میں ہم مشابہتوں اور اختلافات کی صرف تعداد کو ہی نہ دیکھیں بلکہ ان کا وزن بھی کریں۔ سِجوِک لکھتا ہے کہ جب مُشابہت یا اختلاف کی مِقدار کا ذکر کیا جاتا ہے تو طالبعلم کو یاد رکھنا چاہیے کہ ایک مُشابہت یا اختلاف اس لئے اعلیٰ یا ادنیٰ نہیں ہوتا کہ وہ دیکھنے والے کی توجہ کے لیے کس قدر جاذِب ہے اور نہ ہی اس لئے کہ اس کی تفصیلات کی تعداد کتنی ہے بلکہ اس لیے کہ وہ مسئلہ زیرِ بحث کے متعلق کوئی اہمیت رکھتا ہے یا نہیں۔
غرضیکہ تمثیل کی تقویت کو جانچنے کے لیے ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ؛ 
١. تمثیل کی تقویت مشابہتوں کی کثرت اور اہمیت سے بڑھتی ہے۔ اگر دو اُستاد اپنی علمی استعداد اور فرض شناسی میں مُشابہ ہوں اور ان میں سے ایک اُستاد کامیاب ہو تو غالبًا دوسرا اُستاد بھی کامیاب ہوگا۔ 
٢. تمثیل کی تقویت اختلافات کی کثرت اور اہمیت سے گھٹتی ہے۔ اگر دو آم؛ رنگ، شکل اور خوشبو میں مختلف ہوں اور ان میں سے ایک میٹھا ہو تو غالبًا دوسرا میٹھا نہیں ہوگا۔
٣. تمثیل کی تقویت موازنہ شدہ چیزوں کے متعلّق نامعلوم باتوں کی کثرت سے گھٹتی ہے۔ اگر ہمیں انگلینڈ اور امریکا کے متعلق صرف ایک یہی بات معلوم ہو کہ دونوں ملکوں میں انگریزی بولی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کے متعلق بہت سی باتیں نامعلوم ہوں تو ہماری یہ دلیل کہ چوں کہ فُلاں قانون امریکا میں رائج ہے اس لیے وہ انگلینڈ میں بھی رائج ہوگا ایک قابلِ یقین دلیل نہیں ہوگی۔ چنانچہ تمثیل کی تقویت کا اندازہ کرتے وقت مندرجہ ذیل تین باتوں کو مدِّنظر رکھنا چاہیے۔ 
١. مشابہتوں کی تعداد اور اہمیّت
٢. اختلافات کی تعداد اور اہمیت
٣. نامعلوم باتوں کی تعداد
علمِ ریاضی کی زبان میں ہم اسے یوں لکھ سکتے ہیں

اگر شُمار کنندہ، نسب نما (مخرج) سے بڑا ہوگا تو تمثیل قوی ہوگی۔ لیکن اگر نسب نما، شُمار کنندہ سے بڑا ہوگا تو تمثیل کمزور ہوگی۔

اعتراضات

اگرچہ ہم نے اس قاعدے کو ریاضی کی زبان میں ظاہر کردیا ہے لیکن یہ مساوات بالکل صحیح نہیں۔ جب ہم اس مساوات کو عملی طور پر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں مندرجہ ذیل دقتیں پیش آتی ہیں۔
١. مشابہتیں اور اختلافات سِکّوں کی طرح گنے نہیں جاسکتے۔ مشابہت یا اختلاف کی کسی بات کے متعلق یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ ایک ہے یا ایک سے زیادہ ہے۔ ہم یُونہی اپنی مرضی کے مطابق ہر مُشابہت اور اختلاف کو ایک ایک کرکے گِنتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر دو شخص ادبی ذوق رکھنے میں مُشابہ ہوں تو ہم نہ تو ان کے  ادبی ذوق کو بالکل ایک جیسا قرار دے سکتے ہیں اور نہ ہی ان دونوں کے ادبی ذوق کو بطور اکائیاں گِن سکتے ہیں۔ چنانچہ تمثیل میں کوئی مساوات یا نسبت ممکن ہی نہیں ہوتی۔ نسبت یا مساوات وہاں ممکن ہوتی ہے جہاں اکائیاں ہوں اور تمثیل میں ہمارے پاس اکائیاں نہیں ہوتیں۔
٢. نامعلوم باتوں کی تعداد کا ذکر بالکل بےمعنیٰ ہے کیونکہ ہم یہ جانتے ہی نہیں کہ وہ تعداد کتنی ہے۔ جو عدد نامعلوم ہو وہ ہماری مساوات میں کیسے آسکتا ہے؟ اور اگر وہ آجائے تو ہماری مساوات بالکل مذاق بن کر رہ جائے گی۔

تمثیل کی قسمیں

KINDS OF ANALOGY
تمثیلی دلائل کی مندرجہ ذیل قسمیں ہوسکتی ہیں۔
Argument a Part ١. دلیل بالتناسب
اگر کوئی دلیل مُشابہتِ تناسب یا مشابہتِ تعلقات پر مبنی ہو تو اُسے دلیل بالتناسب کہتے ہیں۔ مثلًا بچّوں اور والدین میں وہی نسبت ہے جو رعایا اور حکومت میں ہے۔ اسی لیے جس طرح بچّوں کے لئے والدین کی اطاعت لازمی ہے اُسی طرح رعایا کے لیے حکومت کی اطاعت لازمی ہے۔ 
Argument Per Exemplum ٢. دلیل بالمثال
دلیل بالمثال وہ دلیل ہوتی ہے جو مثال پر مبنی ہو۔ اس میں کسی مثال کو بطور دلیل پیش کیا جاتا ہے۔ مثلًا جمہوری نظامِ حکومت پاکستان کے لیے موزوں ہوگا کیونکہ یہ انگلستان کے لیے موزوں ہے۔
Argument Per Contra ٣. دلیل بالعکس
اُلٹ حالات کی بنا پر اِستِدلال کرنا دلیل بالعکس کہلاتا ہے۔ مثلًا اگر محنت کا نتیجہ کامیابی ہے تو اس کے برعکس کاہلی کا نتیجہ ناکامی ہوگا۔ اگر گرمی سے اجسام پھیلتے ہیں تو اس کے برعکس سردی سے اجسام سُکڑیں گے۔
Argument A Fortiori ٤. دلیل بہ اختلافِ متلازم
اس میں کسی چیز کی ایک بات کی زیادتی یا کمی سے دوسری مشابہ چیزوں میں اُسی بات کی زیادتی یا کمی کے متعلق اِستِدلال کیا جاتا ہے۔ مثلًا اگر قیمتوں کا بڑھنا دولتمند لوگوں کے لئے تکلیف دِہ ہے تو غریبوں کے لیے یہ اور بھی زیادہ تکلیف دِہ ہوگا۔ اگر محنت اچھے طالبعلموں کے لیے ضروری ہے تو کمزور طالبعلموں کے لیے یہ اور بھی زیادہ ضروری ہے۔ اگر انگلینڈ اپنی مضبوط صنعتوں کے باوجود بیرونی ممالک کے خلاف حفاظتی پالیسی اختیار کرنے میں حق بجانب ہے تو پاکستان جس کی صنعتیں پہلے ہی کمزور ہیں ایسی پالیسی اختیار کرنے میں اور بھی زیادہ حق بجانب ہے۔

تمثیلِ صادِق اور تمثیلِ کاذِب

True and False Analogy 
تمثیلِ صادِق وہ دلیل ہوتی ہے جو تمام ضروری شرائط کو جن کا اوپر ذکر کیا گیا ہے پورا کرے یعنی جو مُشابہت اور اختلاف کی تمام باتوں کے مکمل جائزے پر مبنی ہو۔ اس کے برعکس تمثیلِ کاذِب وہ دلیل ہوتی ہے جو فروعی مشابہتوں اور اختلافات پر مبنی ہو۔ دراصل تمثیلی اِستِدلال بالکل صحیح کبھی نہیں ہوتا۔ اکثر اوقات یہ صحیح ہونے کی بجائے غَلَط ہوتا ہے۔ مَنٹو نے بجا طور پر کہا ہے کہ تمثیل کی اغلبیت، یقین کے مقابلے میں صِفر درجے کے زیادہ قریب ہوتی ہے۔ تمثیل اس وقت غَلَط یا کاذِب ہوتی ہے جب؛ 
١. اہم اختلافات کق نظرانداز کردیا جائے۔
٢. فروعی مُشابہتوں کو مدِّنظر رکھا جائے۔
٣. دُور کی تشبیہوں اور استعاروں کو استعمال کیا جائے۔
١) اگر ہم یہ کہیں کہ جس طرح سانپ اپنی کھال کو ہر سال بدلتا ہے اسی طرح ہمیں بھی ہر سال اپنی اسمبلیوں کو بدلنا چاہیے تو یہ تمثیلِ کاذِب ہوگی کیوں کہ یہاں سانپ اور انسانی اسمبلیوں کے اہم اختلاف کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ 
٢) اگر ہم یہ کہیں کہ آدمی اور جانور حیوانیت کی صفت رکھنے میں ایک دوسرے سے مشابہ ہیں اس لیے جانور بھی آدمی کی طرح نیک اور بد میں تمیز کرسکتے ہیں تو یہ تمثیلِ کاذِب ہوگی کیونکہ یہ ایک فروعی مشابہت پر مبنی ہے۔ ایک بچّے کا نام اس امید میں کسی بڑی شخصیت کے نام پر رکھنا کہ یہ بھی اسی طرح دُنیا میں بڑا بنے گا تمثیلِ کاذِب کی مثال ہے۔ قدیم زمانے کے انسانوں کے بہت سے غَلَط اعتقادات اور توہمّات تمثیلِ کاذِب ہی پر مبنی تھے۔ مثلًا قدیم زمانے میں یہ خیال کیا جاتا تھا کہ اگر کسی شخص کا بُت بنا کر اُسے کوئی ضرر پہنچایا جائے تو جس شخص کا وہ بُت ہے اُسے بھی وہ ضرر پہنچے گا۔ اسی قسم کے توہمّات آج کل بھی غیر تعلیم یافتہ لوگوں میں پائے جاتے ہیں۔
٣) استعاروں اور تشبیہوں کا استعمال بھی تمثیلِ کاذِب کا باعث ہوسکتا ہے مثلًا تعلیم ایک قسم کی سیڑھی ہے لہٰذا اس کی مدد سے ہم بُلندی تک پُہنچ سکتے ہیں۔ منطق ذہن کے لیے ایک قسم کی دوا ہے۔ لہٰذا یہ ذہنی بیماریوں کو دور کرتی ہے۔ ایک نئی صنعت ایک نوزائیدہ صنعت ہوتی ہے۔ لہٰذا اسے بھی ایک نوزائیدہ بچّے کی طرح حفاظت درکار ہوتی ہے؎۔
کارِ ذاتی سے ہیں عاجز پاکبازانِ جہاں
اپنے منہ کی گرد پانی آپ دھو سکتا نہیں
اِس قسم کے دلائل میں تشبیہیں اور استعارے تمثیلِ کاذِب کا باعث ہوتے ہیں۔ اگر ایک استعارہ لفظی طور پر مان لیا جائے تو وہ ہمیں آسانی سے گُمراہ کرسکتا ہے۔ جب تک ایک استعارہ محض توضیح و تشریح کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اس میں کوئی خطرہ نہیں ہوتا لیکن اگر ہم اپنے تمثیلی استعارے میں بےجا طور پر توسیع کردیں تو اس سے غَلَط نتیجہ پیدا ہوجاتا ہے۔

تمثیل کا فائدہ

USEFULNESS OF ANALOGY
تمثیل دراصل ایک کمزور قسم کی دلیل ہوتی ہے۔ لیکن پھر بھی تفتیش کے لئے یہ نہایت کارآمد ہوتی ہے۔ اس کا فائدہ بحیثیت ایک طریقِ ثُبُوت بہت کم ہوتا ہے۔ لیکن بحیثیت ایک طریقِ دریافت بہت زیادہ ہوتا ہے۔ خُصُوصًا جب کہ یہ صحیح مُشابہت پر مبنی ہو مثلًا کیلے فورنیا کی پہاڑیوں اور بلارٹ کے قریب آسٹریلیا کی پہاڑیوں کی مُشابہت کی وجہ سے یہ گُمان پیدا ہوتا ہُوا کہ اگر کیلے فورنیا کی پہاڑیوں میں سونا پایا جاتا ہے تو آسٹریلیا کی پہاڑیوں میں بھی سونا پایا جانا چاہیے۔ چنانچہ تفتیش پر واقعی آسٹریلیا کی پہاڑیوں میں سونا پایا گیا۔ اِسی طرح طِب، معدنیات اور دیگر شعبوں میں کئی کارآمد ایجادات ہوئی ہیں۔ چنانچہ تمثیل تلاش اور دریافت کا راستہ دکھلانے میں بڑی مُفید ہوتی ہے۔ مِل لکھتا ہے کہ "تمثیل" ایک قسم کی مشعلِ راہ ہے جو یہ بتاتی ہے کہ کس سمت میں مزید تفتیش کو جاری رکھا جائے۔ لہٰذا یہ علمی اِستِقراء کے لیے بڑی کارآمد ہے۔ اس کے متعلق گِبن لکھتا ہے مکمل علمی تفتیش میں اس کا منطقی فرض تحقیقی ہے۔ تحقیق میں یہ نمایاں حصّہ لیتی ہے۔ 
اس کے علاوہ تمثیل اشیاء کا موازنہ کرکے ہمیں اُن کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ ہم ایک میٹھے راگ، میٹھے شعر اور میٹھی نیند وغیرہ کا ذکر کرتے ہیں۔ ان تمام چیزوں کو ہم اس لیے "میٹھا" کہتے ہیں کہ وہ ایک خاص قسم کا حظ پیدا کرتی ہیں۔ جسے سوائے مٹھاس کی تمثیل کے سمجھنا ممکن نہیں۔ اسی طرح ہم ناکامی کو تلخ، کارنامے کو سُنہری، دماغ کو روشن اور ہمّت کو بُلند یا پست کہتے ہیں۔ یہ تمام اسمائے صِفت جو ہمیں اشیاء کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں تمثیل پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اگر آپ ایک کتاب میں سے کسی مضمون پر ایک پیراگراف انتخاب کریں تو آپ دیکھیں گے کہ اس میں تمثیلات کتنی زیادہ اور کتنی ناگزیر ہیں۔ مثال کے طور پر یہ ترکیبیں ملاحظہ ہوں۔ بات کا وزن کرنا، مسئلے کی تہہ تک پہنچنا، بیماری کو جڑ سے اُکھاڑنا، فتنے کا سر دبانا وغیرہ وغیرہ۔ ہم ایسی ترکیبیں اکثر استعمال کرتے ہیں۔ لہٰذا تمثیل ایک نہایت ضروری آلۂ تشریح ہے خود آلۂ تشریح بھی تمثیل کی ایک مثال ہے۔

تمثیل اور عِلمی اِستِقراء

تمثیل اور عِلمی اِستِقراء دونوں حقائق کے مُشاہدے اور موازنے پر مبنی ہوتے ہیں۔ اگرچہ تمثیل عِلَّتِی رشتے کو ثابت نہیں کرسکتی تاہم یہ اس کی طرف اشارہ ضرور کرتی ہے۔ اس لیے یہ عِلمی اِستِقراء تک پہنچنے کے لئے ایک منزل ہے۔ علمی اِستِقراء سے یہ مندرجہ ذیل باتوں میں مختلف ہے۔
١) تمثیل عِلَّتِی رشتوں پر مبنی نہیں ہوتی۔ لیکن عِلمی اِستِقراء عِلَّتِی رشتوں پر مبنی ہوتا ہے۔
٢) تمثیل زیادہ سے زیادہ اغلب ہوسکتی ہے۔ لیکن علمی اِستِقراء یقینی ہوتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ تمثیل کے نتائج علمی اِستِقراء کے نتائج کی طرح عِلَّتی رشتوں پر مبنی نہیں ہوتے۔
٣) علمی اِستِقراء انفرادی مثالوں سے کُلّیہ قضیوں کی طرف جاتا ہے لیکن تمثیل ایک انفرادی مثال سے ایک اور انفرادی مثال کی طرف جاتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر علمی اِستِقراء جُزئیہ سے کُلّیہ کی طرف جاتا ہے اور تمثیل جُزئیہ سے جُزئیہ کی طرف جاتی ہے۔ چنانچہ تمثیل میں علمیِ اِستِقراء کی ایک ضروری خاصیت یعنی اِستِقرائی زقند نہیں پائی جاتی۔ تمثیل کا فارمولا یہ ہے کہ اگر ایک چیز کسی اور چیز سے کُچھ باتوں میں مشابہ ہے تو یہ اُس سے ایک اور بات میں بھی مُشابہہ ہوگی۔ عِلمی اِستِقراء کا فارمولا یہ ہے کہ اگر ایک بات کُچھ افراد کے لئے درست ہے تو وہ بات اس تمام جماعت کے متعلق بھی جو اُن افراد پر مشتمل ہے درست ہوگی۔ تمثیل "کُچھ" سے "کُچھ اور" کی طرف استِدلال کرتی ہے اور عِلمی اِستِقراء "کُچھ" سے تمام کی طرف اِستِدلال کرتا ہے۔
٤) علمی اِستِقراء کُچھ مثالوں سے تمام مثالوں کی طرف جاتا ہے چنانچہ اس کا تعلق "مثالوں" سے ہوتا ہے۔ یعنی یہ اشیاء کی تعبیر سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کے برعکس تمثیل کا تعلق "مُشابہتوں" اور "صفات" سے ہوتا ہے۔ یعنی یہ اشیاء کے تضمن سے تعلق رکھتی ہے۔
٥) تمثیل اتنی تحلیلی نہیں ہوتی جتنا عِلمِی اِستِقراء۔ علمی اِستِقراء کُلیّہ کو مرتب کرنے سے پہلے مکمل موازنے اور چھان بین سے کام لیتا ہے۔ تمثیل بھی موازنے اور چھان بین کو استعمال میں لاتی ہے مگر اُس حد تک نہیں جس حد تک اِستِقراءِ عِلمِی۔

تمثیل اور گِنتی

ANALOGY AND SIMPLE ENUMERATION 
تمثیل اور گنتی دونوں اِستِقرائے ناقص ہیں۔ دونوں زیادہ سے زیادہ اغلب ہوسکتے ہیں لیکن یقینی نہیں ہوسکتے۔ دونوں ہی عِلَّتِی رشتوں پر مبنی نہیں ہوتے۔ اگرچہ دونوں کمزور قسم کے استِدلال ہوتے ہیں تاہم دونوں عِلمی اِستِقراء کے لیے ممد و معاون ہوتے ہیں۔ دونوں آپس میں مندرجہ ذیل باتوں میں مختلف ہیں؛ 
١) تمثیل، مُشابہتوں اور اختلافات کی تعداد پر مبنی ہوتی ہے لیکن گنتی مثالوں کی تعداد پر مبنی ہوتی ہے۔ 
٢) تمثیل کا تعلق اشیاء کے تضمن سے ہوتا ہے لیکن گِنتی کا تعلق اشیاء کی تعبیر سے ہوتا ہے۔ دونوں میں گِننے کا عمل پایا جاتا ہے لیکن تمثیل میں صفات کو گِنا جاتا ہے اور گِنتی میں مثالوں کو۔
٣) تمثیل جُزئیہ سے جُزئیہ کی طرف جاتی ہے لیکن گِنتی جُزئیہ سے کُلیّہ کی طرف جاتی ہے۔ اس لحاظ سے گِنتی، تمثیل سے بہتر ہے۔
٤) تمثیل میں ہم دو چیزوں کی مشابہتوں اور اختلافات کو گِنتے بھی ہیں اور اُن کا موازنہ بھی کرتے ہیں لیکن گِنتی میں ہم مثالوں کو محض گنتے ہیں۔ باِلفاظِ دیگر تمثیل میں گِننے اور موازنہ کرنے کا عمل پایا جاتا ہے لیکن گِنتی میں محض گِننے کا عمل ہی پایا جاتا ہے چنانچہ تمثیل، گِنتی کی نسبت زیادہ دقیق اور تحلیلی ہوتی ہے۔
فقط سُہیل طاہر، سیالکوٹ

منطقِ اِستِخراجیہ کے اسباق
علم منطق کی تعریف
فکر کے اُصُول
حُدود اور ان کی اقسام
حُدود کی تعبیر اور تضمن
حُدود قابلِ الحمل
تعریف
تقسیم
قضیے اور اُن کی قسمیں
قضیوں کی چار اساسی شکلیں
استنتاجِ استخراجیہ کی اقسام
استنتاجِ بدیہی یا استنتاج بہ اختلافِ قضایا
استنتاجِ بدیہی جہتی
استنتاجِ بالواسطہ یا نظری
قواعدِ قیاس
قانونِ ارسطو اور قواعدِ قیاس کا باہمی تعلق
قیاس کی اشکال
مخلوط شرطیہ قیاس
مخلوط منفصلہ قیاس
معضلہ یا قیاسِ ذوالجہتین
مُغالطے
منطقِ اِستِقرائیہ کے اسباق
منطقِ استقرائیہ کی نوعیّت اور فائدہ
اِستِقراء کی قسمیں
تعمیم
منطقِ اِستِقرائیہ کی بنیادیں
منطقِ اِستِقرائیہ کی مادّی بُنیادیں
قانُونِ عِلَّت
قانُون یکسانئِ فطرت
صفحات
موجود کا بیان
علم کا بیان
تصور اور تصدیق کا بیان
تصور اور تصدیق کی قسمیں




تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

علمِ منطق کی تعریف

حُدود اور ان کی اَقسام

فکر کے اُصُول