حُدود کی تعبیر اور تضمن
تعبیر اور تضمن کا مطلب Denotation & Connotation of Terms تعبیر اور تضمن کا مطلب:۔ ہم پچھلے باب میں پڑھ چکے ہیں کہ حُدود کا مفہوم بلحاظِ دلالت دو قسم کا ہوسکتا ہے۔ اوّل تعبیر اور دوسرے تضمن ۔ حُدود کی دلالتِ افرادی کو ان کی تعبیر اور دلالتِ وصفی کو ان کا تضمن کہتے ہیں۔ کسی حَدّ کی تعبیر سے مُراد وہ تمام افراد ہیں جن کو اس حد کا نام دیا جاتا ہے یا دیا جاسکتا ہے۔ کسی حد کے تضمن سے مراد اس حد کی وہ ضروری صفات ہیں جو ان تمام افراد میں جن کو اس حد کا نام دیا جاتا ہے پائی جاتی ہیں۔ مثلًا انسان کی تعبیر یعنی دلالتِ افرادی سے مُراد دنیا کے تمام وہ افراد ہیں جنہیں انسان کہا جاسکتا ہے اور انسان کے تضمن سے مراد وہ ضروری صفات ہیں جو تمام انسانوں میں پائی جاتی ہیں اور جن کی وجہ سے انسان کو انسان کہا جاتا ہے۔ اسی طرح لفظ گھوڑا کی تعبیر ان تمام افراد پر مشتمل ہے جو اس نام سے پکارے جاسکتے ہیں۔ یعنی تمام گھوڑے۔ یہاں تمام گھوڑوں سے ہماری مُراد صرف وہی گھوڑے نہیں جو اس وقت دنیا میں ہیں بلکہ وہ بھی جو مرچکے ہیں اور وہ بھی جو آئندہ پیدا ہوں گے۔ گھوڑے کا تضمن ان ضروری صفات پر مشتمل ...