توجیہہ

 اکتیسواں باب

توجیہہ

EXPLANATION

توجیہہ کی نوعیت اور مقصد

NATURE AND FUNCTION OF EXPLANATION 
توجیہہ سے مُراد ہے کسی چیز کی وجہ بیان کرنا۔ بعض اوقات انہی معنوں میں "تشریح" کا لفظ بھی بیان کیا جاتا ہے۔ "تشریح" کا مطلب ہے کسی چیز کی شرح کرنا۔ یعنی اُسے کھول کر بیان کرنا۔ ظاہر ہے کہ تشریح کسی ایسی چیز کی ہی کی جائے گی جو مبہم ہو یا جسے ہم نہ سمجھتے ہوں۔ دنیا میں بہت سی چیزیں یا واقعات ایسے ہوتے ہیں جنہیں ہم نہیں سمجھتے اور انہیں سمجھنے کے لیے ہمیں تشریح یا توجیہہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ چنانچہ توجیہہ سے مراد ہے کسی چیز یا واقعہ کی عِلَّت کو بیان کرکے اس کے راز کو دُور کرنا۔ جب تک کسی نامعلوم واقعہ کی توجیہہ نہیں ہوتی ہمیں ایک قسم کی بے اطمینانی سی رہتی ہے۔ لیکن توجیہہ سے ہماری تسلی یا اطمینان ہوجاتا ہے۔ توجیہہ سے محض ہمارے شوقِ تحقیق ہی کی تسکین نہیں ہوتی بلکہ عملی طور پر بھی ہمیں فائدہ ہوتا ہے۔ جب مظاہرِ قُدرت کی توجیہہ ہوجاتی ہے تو ہم اُن پر قابو پا لیتے ہیں۔ حیوان واقعات کی توجیہہ نہیں کرتے۔ وہ واقعات کے متعلق "کیا" اور "کیوں" کو نہیں جانتے۔ لہٰذا انہیں قدرت پر کوئی قابو حاصل نہیں ہوتا۔ وہ قدرت کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ لیکن انسان جانتا ہے کہ علم ایک زبردست طاقت ہے۔ چنانچہ وہ ہر چیز اور واقعہ کی توجیہہ چاہتا ہے۔ اور اس طرح وہ ناصرف قُدرت کے راز آشکارا کرتا ہے بلکہ قدرت پر دسترس بھی حاصل کرلیتا ہے۔
کسی واقعہ کی توجیہہ کرنے کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ اس کی عِلَّت بیان کی جائے۔ یہ ہم دو طرح کرسکتے ہیں۔ اَوَّل اس واقعے کا کسی ایک ایسے واقعہ سے تعلق ظاہر کرکے جو اُس پر روشنی ڈالتا ہو۔ دوسرے اس واقعہ کا کسی ایسے قانُون سے تعلق ظاہر کرکے جس کے تحت وہ لایا جاسکتا ہو۔ اسی طرح ایک قانُون کی توجیہہ بھی ہوسکتی ہے۔ جب ایک قانون کا تعلق اس سے کسی اعلیٰ قانون سے ظاہر کیا جائے یعنی اس کے متعلق یہ ظاہر کیا جائے کہ وہ کسی زیادہ عمومی قانون سے بطور نتیجہ استخراج کیا جاسکتا ہے تو اُس قانون کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ مثال کے طور پر ریاضی میں ایک مسئلے کی توجیہہ سے مُراد ہے ایک قاعدے کی مدد سے کی جاتی ہے اور ایک قاعدے کی توجیہہ ایک اور ثابت شدہ قاعدے کی مدد سے کی جاتی ہے چنانچہ توجیہہ سے مُراد ہے کسی واقعہ کا کسی اور واقعہ سے یا کسی واقعہ کا کسی اور قانون سے، یا کسی قانون کا کسی اور قانون سے تعلق ظاہر کرنا۔
ایک آتش فشاں کی خیالی تصویر
اگر کسی جگہ ایک زلزلہ آجائے اور بعد میں اس جگہ کے قریب ایک آتش فشاں پہاڑ دریافت ہو تو ہم یہ کہیں گے کہ زلزلے کی توجیہہ ہوگئی۔ ایک واقعہ یعنی زلزلہ کی توجیہہ ایک اور واقعہ (یعنی آتش فشاں) سے ہوگئی۔ اسی طرح ایک طالبعلم کی ناکامی کی توجیہہ اس کی غفلت شعاری سے ہوسکتی ہے۔ ان مثالوں میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ ایک واقعہ کی توجیہہ کسی واقعہ سے اس کا تعلق ظاہر کرنے سے ہوجاتی ہے۔ چنانچہ اسے ایک واقعہ کی ایک واقعہ سے توجیہہ کہتے ہیں۔
ایک واقعہ کی توجیہہ ایک قانُون سے بھی ہوسکتی ہے مثلًا گرمی سے ایک گلاس کے ٹوٹنے کی توجیہہ اس قانون سے ہوسکتی ہے کہ اجسام حرارت سے پھیلتے ہیں۔ ایک پتھر کے زمین کی طرف گِرنے کی توجیہہ قانُونِ کششِ ثقل سے ہوسکتی ہے۔ اس قسم کی توجیہہ کو "ایک واقعہ کی قانُون سے توجیہہ" کہتے ہیں۔
ایک قانُون کی توجیہہ بھی اسی طرح کی جاتی ہے۔ یعنی اُسے کسی اور زیادہ عُمُومی قانُون کی ایک مثال سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ اس قسم کی توجیہہ کی سب سے مشہور مثال کیپلر کے قوانین کی توجیہہ ہے۔ سیّاروں کی حرکات کے متعلق کیپلر کے جتنے قوانین تھے ان کی توجیہہ نیوٹن کے قانُونِ کششِ ثقل سے ہوگئی تھی۔ اسی طرح مادّے کے متعلق کئی چھوٹے چھوٹے قوانین کی توجیہہ نظریۂِ بقائے مادّہ سے ہوجاتی ہے۔ اس قسم کی توجیہہ کو "ایک قانُون کی ایک قانُون سے توجیہہ" کہتے ہیں۔ 
جو کُچھ اُوپر بیان کیا گیا ہے اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ توجیہہ میں ہمارا مقصد کسی واقعہ کا کسی اور واقعہ سے، یا کسی واقعہ کا کسی قانُون سے، یا کسی قانون کا کسی اور قانُون سے تعلّق یا ربط ظاہر کرنا ہوتا ہے۔ وہ واقعات یا قوانین جو پہلی نظر میں ہمیں غیر متعلق نظر آتے ہیں بعد میں آپس میں متعلق پائے جاتے ہیں۔ جب ان کا ایک دوسرے کے ساتھ تعلق ظاہر کیا جاتا ہے تو ان کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ چنانچہ توجیہہ حقیقتًا تطبیق اور تنظیم ہی ہوتی ہے۔ واقعات یا قوانین کی توجیہہ کرنا دراصل ان کی باہمی مطابقت کو ظاہر کرنا اور ان کو منظم کرنا ہوتا ہے۔ خواہ ہم واقعات کی توجیہہ کرنا چاہیں خواہ قوانین کی، ہمارا مقصد دونوں صورتوں میں ایک ہی ہوتا ہے۔ دونوں صورتوں میں ہم جس چیز کی توجیہہ کرنا چاہتے ہیں اسے ایک نظام کا جُزو ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سائنس قدرت کو ایک نظام سمجھتی ہے۔ چنانچہ ایک واقعہ یا قانُون کی اُس وقت توجیہہ ہوتی ہے جب ایک نظام میں اسے ایک معین جگہ دی جاتی ہے۔ چونکہ توجیہہ کا مقصد ہمیں علم دینا ہوتا ہے اور علم کا مقصد ترتیب و تنظیم ہے اس لیے جس قدر زیادہ ایک توجیہہ علم کے اس مقصد کو پورا کرے گی اُسی قدر زیادہ تسلی بخش ہوگی۔ توجیہہ کا نصب العین ہمارے علم کے متفرق ٹکڑوں کو ایک مربوط نظام میں متحد کرنا ہوتا ہے اور علمی توجیہہ میں اسی نصب العین کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بقول کاروتھ رِیڈ عِلمی توجیہہ حقائق کے قوانین کی دریافت، استخراج اور ان میں  باہمی تعلق پیدا کرنے پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ تعریف علمی توجیہہ کے متعلق ہمیں یہ بتاتی ہے کہ
١) حقائق کی علمی توجیہہ اس وقت ہوتی ہے جب ان کے قوانین دریافت کئے جائیں۔
٢) قوانین کی علمی توجیہہ اس وقت ہوتی ہے جب اعلیٰ قوانین سے ان کا استخراج کیا جائے، اور
٣) جب انہیں دیگر قوانین سے متعلق کیا جائے (مثلًا قانُونِ مد و جذر کا تعلق اجسام کے گرنے کے قانون سے پیدا کیا جاتا ہے کیونکہ یہ دونوں ایک ہی قانُون یعنی کششِ ثقل کی مثالیں ہیں)۔

عوامی اور علمی توجیہہ

POPULAR AND SCIENTIFIC EXPLANATION 
توجیہہ کا مقصد جیسا کہ ہم پڑھ چکے ہیں انسان کے فطری تجسس کی تسکین کرنا ہوتا ہے۔ ہم فطری طور پر واقعات کے متعلق "کیا" اور "کیوں" کو جاننا چاہتے ہیں۔ وحشی اور بچّے بھی واقعات کی وجوہات جاننا چاہتے ہیں۔ وہ اس قسم کے سوال اکثر کرتے ہیں کہ بارش کیسے ہوتی ہے؟ ستارے دن کے وقت غائب کیوں ہوجاتے ہیں؟ سُورج کو گرہن کس طرح لگتا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔ ایسے سُوالات کے وہ غیر علمی جوابات گھڑ لیتے ہیں اور انہی سے ان کی تسلّی ہوجاتی ہے۔ چنانچہ توجیہہ صرف سائنس ہی میں درکار نہیں ہوتی بلکہ عملی زندگی میں بھی اس کی ویسی ہی ضرورت ہوتی ہے۔ جب ایک وحشی مظاہرِ قدرت کی توجیہہ جنّوں بھوتوں سے کرتا ہے تو وہ ایک غیر علمی توجیہہ ہوتی ہے۔ اگر اُسے ایک پتھر پر سے گِر کر چوٹ آجائے تو یہ سمجھتا ہے کہ پتّھر نے اس سے کوئی بدلہ لیا ہے۔ وہ رُوحیتِ مظاہر کا قائل ہوتا ہے۔ یعنی یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ مظاہرِ قُدرت اور بے جان چیزوں میں بھی رُوح ہے وہ سُورج گرہن اور چاند گرہن کی توجیہہ یہ کہہ کر کرتا ہے کہ سُورج اور چاند کو کوئی دیو کھا جاتا ہے۔ آندھیوں اور طوفانوں وہ یہ توجیہہ کرتا ہے کہ یہ دیوتاؤں کے غُصے سے پیدا ہوتے ہیں۔ وہ یہ مانتا ہے کہ جنّ اور بھوت بیماریاں پیدا کرتے ہیں اور جادو منتر ان کا علاج ہیں۔ ایسی تمام توجیہیں غیر علمی ہوتی ہیں۔ چنانچہ توجیہہ کا انحصار ایک شخص کی ذہنی قابلیّت پر ہوتا ہے۔ ایک توجیہہ جس سے ایک بچّے کی تسلّی ہوجاتی ہے ایک بالغ شخص کے لیے کوئی اہمیّت نہیں رکھتی۔ ایک بات جو ایک گنوار کے لیے تسلّی بخش ہوتی ہے ایک علمی شخص کے لیے ناقابلِ قبول ہوتی ہے۔ چنانچہ عوامی توجیہہ اور علمی توجیہہ میں بڑا فرق ہوتا ہے۔
١) ہماری ان توجیہوں سے جو ہم بچّوں کے سامنے پیش کرتے ہیں یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عوامی توجیہہ یعنی ہماری روزمرّہ کی زندگی کی توجیہہ عام طور پر محض ایک تمثیل یا ایک تشریحی مثال ہوتی ہے۔ عوامی توجیہہ ایک سطحی توجیہہ ہوتی ہے لیکن اس کے برعکس علمی توجیہہ اشیاء اور واقعات کی تہہ تک پہنچنے کی وجہ سے زیادہ گہری ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر کششِ ثقل کی عوامی تشریح یہ ہے کہ تمام مادّی چیزیں زمین کی طرف گِرتی ہیں۔ لیکن اس کی علمی تشریح یہ ہے کہ دو چیزیں ایک دوسری کو اپنی طرف ایک ایسی قوت سے کھینچتی ہیں جو اُن کے درمیانی فاصلے کے مربعے سے معکوس طور پر مُتناسب ہوتی ہے اور اُن کے حجم (یعنی مادّے کی وہ مقدار جو اُن میں ہے) کے حاصلِ ضرب سے براۂِ راست متناسب ہوتی ہے۔ چنانچہ جہاں عوامی توجیہہ اشیاء کے بیرونی یا سطحی علم سے تعلق رکھتی ہے وہاں علمی توجیہہ اشیاء کی اندرونی ماہیّت سے تعلق رکھتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر عوامی توجیہہ ظاہریت سے تعلق رکھتی ہے اور علمی توجیہہ حقیقت تک پہنچنے کی کوشش ہوتی ہے۔
٢) عوامی توجیہیں محض عملی مقاصد کے لیے ہوتی ہیں۔ لیکن علمی توجیہیں عملی مقاصد کے لیے ہوتی ہیں۔ چونکہ ان کا مقصد ہمیں علم دینا ہوتا ہے۔ اس لیے وہ ہر ممکن تکمیل اور صحت کے ساتھ وضع کی جاتی ہیں۔ عوامی توجیہہ اور علمی توجیہہ میں موضوع کا فرق نہیں ہوتا بلکہ نقطۂ نظر کا فرق ہوتا ہے دونوں کا موضوع کائنات ہے لیکن عوامی توجیہہ کی دلچسپی کائنات کے مظاہر میں محض اسی حد تک ہوتی ہے جس حد تک ہماری عملی ضروریات کا تقاضا ہوتا ہے اور علمی توجیہہ مظاہرِ کائنات کی حقیقی عِلَّتوں کو دریافت کرنے اور اِن عِلَّتوں کو توجیہی قوانین کی مدد سے مربوط کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ علمی توجیہہ میں حقائق اور قوانین کو آپس میں متحد کیا جاتا ہے۔ کم عمومی اور نچلے قوانین کو زیادہ عمومی اور اعلیٰ قوانین کے تحت لایا جاتا ہے اور یہ عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک کہ سب سے زیادہ عُمُومی اور سب سے اعلیٰ قانُون دریافت نہ ہوجائیں۔
٣) عُمُومی توجیہہ کی دلچسپی جُزئی حقائق میں ہوتی ہے لیکن علمی توجیہہ کی دلچسپی عُمُومی قوانین میں ہوتی ہے۔ روزمرّہ کی زندگی میں اگر اُن جُزئی حقائق کو جن کی توجیہہ کی جارہی ہے ان حقائق کے ساتھ جو پہلے معلوم ہیں متعلق کیا جائے تو اس توجیہہ کو کافی خیال کیا جاتا ہے۔ لیکن اس کے برعکس سائنس ان عمومی قوانین کو دریافت کرنا چاہتی ہے جن پر وہ جُزئی حقائق مبنی ہوتے ہیں۔
٤) عملی مقاصد کے لیے ہم بہت سے واقعات کے ساتھ اس قدر مانوس ہوجاتے ہیں کہ ان کی توجیہہ کی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتے۔ مثال کے طور پر ایک عام آدمی کے لیے شبنم کوئی توجیہہ طَلَب بات نہیں۔ لیکن سائنس کی نظروں میں مانُوسیت اور علم ایک چیز نہیں۔ ممکن ہے کہ جو چیز دیکھنے میں مانوس نظر آئے وہ سمجھنے میں مشکل ہو۔ چنانچہ جو بات معمولی عقل کے لیے صاف اور عیاں ہو سائنس اس کی بھی بغور تحقیق کرتی ہے اور اگر آخر کار معمولی عقل درست بھی ثابت ہوجائے تو بھی اس سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ ہمیں اشیاء اور واقعات کو بغیر سمجھے ہی کے تسلیم کرلینا چاہیے۔ جو بات عوامی نقطۂ نگاہ سے مانوس دکھائی دیتی ہے۔ سائنس اس کی بھی تہ تک پہنچنا چاہتی ہے۔ شبنم کی علمی توجیہہ یہ ہے کہ کُرۂِ ہوائی میں رات کے وقت آبی بُخارات ٹھنڈے ہوکر بھاری ہوجاتے ہیں اور وہ گھاس وغیرہ پر ننّھے ننّھے قطروں کی شکل میں منجمند ہوجاتے ہیں۔ 
شبنم کے قطرے
عوامی توجیہہ میں اگر ایک غیرمانوس چیز کو مانوس کردیا جائے تو یہ بات اس کی کافی توجیہہ تصور کی جاتی ہے۔ چنانچہ عوامی توجیہہ غیر مانوس سے مانوس کی طرف جاتی ہے۔ یہ جیسا کہ مِل کہتا ہے ایک ایسے راز کو جو ابھی نامعلوم ہے ایک ایسے راز سے بدل دیتی ہے جو مانوس ہوگیا ہو یعنی جو راز دکھائی نہ دیتا ہو۔ عام زبان میں توجیہہ کا یہی مطلب ہوتا ہے۔ لیکن وہ عمل جس کا ہم ذکر کررہے ہیں (یعنی علمی توجیہہ) عُمُومًا اس سے اُلٹ ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسے واقعہ کو جس سے ہم مانوس ہوچکے ہیں ایک ایسے واقعہ میں تحویل کردیتا ہے جس کا ہمیں پہلے کوئی علم نہیں ہوتا یا بہت کم علم ہوتا ہے۔ مثلًا وزنی اشیاء کے گِرنے کی یہ توجیہہ کہ تمام مادّی ذرات میں ایک دوسرے کو اپنی طرف کشش کرنے کی خصوصیت پائی جاتی ہے۔ چنانچہ علمی توجیہہ مانُوس سے غیر مانُوس کی طرف جاتی ہے۔ مِل لکھتا ہے کہ اُس بات کو نہیں بھولنا چاہیے کہ جب سائنس دان سائنس میں کسی واقعہ کی توجیہہ کرنے کا ذکر کرتے ہیں تو ان کا مطلب یہ ہوتا ہے (یا ہونا چاہیے) کہ محض کسی زیادہ مانوس واقعہ کی طرف اشارہ نہ کیا جائے بلکہ کسی زیادہ عُمُومی واقعہ کی طرف اشارہ کیا جائے جس کی کہ وہ واقعہ ایک مثال ہو۔
چنانچہ عوامی توجیہہ اور علمی توجیہہ میں بڑا فرق ہے۔ بہرِ صورت ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جب بھی ہم کسی بات کی توجیہہ کرنا چاہتے ہیں، خواہ وہ توجیہہ عوامی ہو یا علمی، ہمارا طریقہ ایک جیسا ہی ہوتا ہے۔ یعنی جس بات کی ہم توجیہہ کرتے ہیں اسے اپنے نظامِ علم سے متعلق کرتے ہیں۔ چنانچہ علمی توجیہہ اور عوامی توجیہہ بُنیادی طور پر ایک جیسی ہی ہوتی ہیں۔ ان میں فرق قِسم کا نہیں ہوتا بلکہ درجے کا ہوتا ہے۔

توجیہہ کی مختلف قسمیں

VARIOUS FORMS OF EXPLANATION 
توجیہہ کی تین مختلف قسمیں  (یا طریقے) ہیں۔
Analysis ١) تجزیہ
Concatenation ٢) سلسلہ بندی
Subsumption or Generalization ٣) تضمین یا تعمیم

تجزیہ

ایک حقیقت کا اس کے مفروضہ عناصر میں تجزیہ کرنے سے اُس کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ توجیہہ میں ایک مرکب چیز کے اجزائے ترکیبی کا تجزیہ کرکے اُنہیں قابلِ فہم بنایا جاتا ہے۔ 

مثالیں

١) ایک فُٹ بال کی حرکت کی توجیہہ اس کی مختلف عِلَّتوں کو بیان کرنے سے ہوجاتی ہے۔ مثلًا (ا) کششِ ثقل، (ب) ہُوا کی مزاحمت، (ج) وہ قوت جس سے اسے ٹھوکر لگائی گئی ہے۔
٢) اس بات کی توجیہہ کے لیے کہ بجلی کی چمک ہمیں پہلے دکھائی دیتی ہے اور کڑک اُس کے بعد سُنائی دیتی ہے ہمیں اس کا یُوں تجزیہ کرنا پڑے گا؛ 
الف۔ ہُوا میں بجلی کا اخراج، ب۔ دیکھنے (یا سُننے) اور جائے وقوعہ کا درمیانی فاصلہ۔ ج۔ روشنی کا آواز کی نسبت زیادہ تیز رفتار ہونا۔
٣) پارے میں لوہے کے تیرنے کی توجیہہ کرنے کے لیے ہم اس واقعہ کا یُوں تجزیہ کریں گے؛
الف۔ اجسام کے تیرنے کے متعلق قوانین، ب۔ قانُونِ کثافت، ج۔ لوہے کے مساوی الحجم وزن سے پارے کے مساوی الحجم وزن کا زیادہ ہونا۔
٤) ایک شخص کی سیرت کا تجزیہ یُوں کیا جاتا ہے؛ 
الف۔ اس کی وراثت، ب۔ اُس کی سوسائٹی، ج۔ اس کی جسمانی صحت، د۔ اُس کی مالی خوشحالی یا بدحالی وغیرہ وغیرہ۔
٥) ریاضی میں ایک مساوات کے اجزاء بنا کر اُسے حل کرنا ایک عام بات ہے۔ مثلًا 
𝒙² + 𝟗𝒙 + 𝟏𝟒
= 𝒙² + 𝟐𝒙 + 𝟕𝒙 + 𝟏𝟒
= 𝒙 (𝒙 + 𝟐) + 𝟕 (𝒙 + 𝟐)
= (𝒙 + 𝟐)(𝒙 + 𝟕)
چنانچہ وہ توجیہہ جو تجزیے سے کی جاتی ہے ایک مرکّب چیز کو اس کے عناصر میں حل کرنے پر مشتمل ہوتی ہے۔

عِلَّتوں کی سلسلہ بندی

کسی واقعہ کی توجیہہ میں ہمیشہ اس واقعہ کے عِلَّتی رشتے کو دریافت کیا جاتا ہے۔ یعنی اُس واقعہ کو اُس کی عِلَّت کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ باِلفاظِ دیگر جب ہم کسی واقعہ کی عِلَّت کو بیان کردیں تو اس واقعہ کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ لیکن وہ عِلَّت ایک نزدیک کی عِلََّت ہونی چاہیے۔ دُور کی عِلَّت نہیں ہونی چاہیے۔ جب ہمیں ایک معلول کی عِلَّتِ بعید دی جائے تو اس صورت میں توجیہہ کا کام ان کی درمیانی کڑیوں کو اسی طرح دریافت کرنا اور ان کو آپس میں مربوط کرنا عِلَّتوں کی سلسلہ بندی کہلاتی ہے۔ چنانچہ اس قسم کی توجیہہ میں ہم ایک معلول کا تعلق بجائے اس کی کسی عِلَّتِ بعید کے ساتھ ظاہر کرنے کے اس کی عِلَّتِ قریب کے ساتھ ظاہر کرتے ہیں۔ مثلًا بجائے یہ کہنے کے ج، ا کا معلول ہے ہم یہ کہتے ہیں کہ ج، ب کا معلول ہے اور ب، ا کا معلول ہے۔ اس طرح ہم سلسلۂ تعلیل کی اُن درمیانی کڑیوں کو جو حذف کی گئی ہیں مہیا کرتے ہیں۔ چنانچہ وہ توجیہہ جو عِلَّتوں کی سلسلہ بندی سے کی جاتی ہے ایک واقعہ کے عِلَّتی تسلسل کی دریافت پر مشتمل ہوتی ہے۔ 

مثالیں

١) اس بات کی توجیہہ کہ بجلی کی چمک کے بعد کڑک کیوں سُنائی دیتی ہے؟ یہ ہے کہ بجلی سے گرمی پیدا ہوتی ہے، گرمی سے ہُوا ایک لخت پھیلتی ہے اور ہُوا کے یک لخت پھیلنے سے دھماکا پیدا ہوتا ہے جسے ہم سُنتے ہیں۔
٢) جب ہم یہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی خوشحالی کا انحصار مون سون ہُواؤں پر ہے تو اس کی تشریح یہ ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کا انحصار زراعت پر ہے، زراعت کا انحصار بارش پر ہے، اور بارش کا انحصار مون سون ہواؤں پر ہے۔
٣) جب کسان گوبر جلاتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ وہ سونا جلاتے ہیں۔ اس کی تشریح یہ ہے کہ گوبر ایک قسم کی کھاد ہے جس سے زمین زرخیز ہوتی ہے اور اگر زمین زرخیز ہو، تو فصلیں اچھی پیدا ہوتی ہیں اور اچھی فصلوں کا مطلب دولت یا سونا ہے۔
٤) اس بات کی تشریح کہ سمندر کا پانی بارش کی وجہ ہے، یہ ہے کہ سمندر کے پانی سے بُخارات بنتے ہیں اور بُخارات منجمند ہوکر بارش برساتے ہیں۔
٥) ہم کہتے ہیں کہ واٹر پمپ میں پانی کے ٣٤ فٹ تک چڑھنے کی وجہ کششِ ثقل ہے۔ اس کی تشریح یہ ہے کہ پانی کے چڑھنے کی وجہ ہُوا کا دباؤ ہے اور ہُوا کے دباؤ کی وجہ کششِ ثقل ہے۔
٦) ؎۔
مگس کو باغ میں جانے نہ دینا
کہ ناحق خون پروانے کا ہوگا
یعنی شہد کی مکھّی کو باغ میں نہ جانے دینا ورنہ پروانے کا خون ہوجائے گا۔ اس کی تشریح یہ ہے کہ اگر شہد کی مکھّی باغ میں جائے گی تو وہاں سے شہد لائے گی۔ پھر اپنا چھتّہ بنائے گی۔ چھتّے میں سے شہد نکالنے والے شہد نکال لیں گے اور چھتّے کی موم بتیاں بنائیں گے اور جب موم بتّیاں چلیں گی تو پروانے "آتشِ عشق میں بےخطر کود کر" جل جائیں گے۔
ہماری ضرب الامثال اور کہاوتوں میں بھی کئی درمیانی کڑیاں مخذوف ہوتی ہیں اور ان کی تشریح اُن کڑیوں کو مہیّا کرنے سے ہوتی ہے۔ وقت دولت ہے، بنیا جس کا یار اس کو دُشمن کیوں درکار، گائے نہ بچھی نیند آئے اچھی، آیا رمضان بھاگا شیطان وغیرہ وغیرہ

تضمین یا تعمیم 

جب حقائق قوانین کے تحت اور قوانین زیادہ وسیع یا زیادہ عُمُومی قوانین کے تحت لائے جاتے ہیں، تو اُن کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ اس طرح جُزئیات کا کُلیات کے تحت یعنی کم عُمُومی کا زیادہ عُمُومی کے تحت لانا تضمین کہلاتا ہے۔ ہم یہ پڑھ چُکے ہیں کہ توجیہہ دراصل تنظیم ہی ہوتی ہے اور تنظیم باقاعدہ تعمیم یعنی کم عُمُومی کو زیادہ عُمُومی کے تحت لانے ہی کو کہتے ہیں۔ مثلًا ہم اس بات کی توجیہہ کہ تمام پتھر زمین کی طرف گِرتے ہیں یا تمام مادّی چیزیں زمین کی طرف گِرتی ہیں۔ ان دو تعمیموں میں سے دوسری تعمیم علمی لحاظ سے اس لیے بہتر ہے کہ یہ زیادہ وسیع ہے۔ چنانچہ جب ہم ایک پتھر کے گِرنے کو ایک قانون کے تحت لے آتے ہیں تو اس کی توجیہہ ہوجاتی ہے۔ اسی طرح قوانین کی توجیہہ بھی اُنہیں اُن سے اعلیٰ قوانین کے تحت لانے سے ہوتی ہے۔ مثلًا روشنی کے کئی چھوٹے چھوٹے قوانین مثلًا انعکاس، انعطاف، نقطیب وغیرہ وغیرہ قانُونِ تموجِ نور کے تحت لائے جاتے ہیں۔ کیمیاوی آمیزشوں کے بہت سے قوانین ایٹمی نظریہ کے تحت لائے جاتے ہیں۔ حرارت، روشنی اور بجلی کے قوانین قانُونِ بقائے قُوّت کے تحت لائے جاتے ہیں۔ (یعنی یہ دِکھلایا جاتا ہے کہ حرارت، روشنی اور بجلی ایک ہی قُوَّت کی مختلف شکلیں ہیں)۔ چنانچہ وہ توجیہہ جو تضمین یا تعمیم سے کی جاتی ہے زیادہ سے زیادہ وسیع قوانین (جن سے مختلف قوانین اور حقائق کا استخراج ممکن ہو) کی دریافت پر مشتمل ہوتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں اس قسم کی توجیہہ کا مقصد بہت سی ثانوی اور کم عمومی قوانین کو زیادہ سے زیادہ عمومی قوانین اور مسلمّات سے متحد کرنا ہوتا ہے۔ کاروتھ رِیڈ لکھتا ہے کہ تضمین کے اس عمل کی ثانوی قوانین کے ساتھ وہی نسبت ہوتی ہے جو ثانوی قوانین کی جُزئ حقائق کے ساتھ ہوتی ہے بہت سے جُزئ حقائق کے ساتھ ہوتی ہے۔ بہت سے جُزئی حقائق کی تعمیم (یعنی ایک ایسی بات جس میں وہ تمام حقائق یکساں ہوں) ایک قانُون کہلاتا ہے اور بہت سے قوانین کی تضمین (یہ بھی ایک ایسی بات ہوتی ہے جس میں وہ تمام قوانین یکساں ہوتے ہیں) ایک اعلیٰ قانُون کہلاتا ہے۔ یہی اوپر کی طرف جانے یا نیچے کی طرف آنے کا عمل علمی ترقی کی خُصُوصیت ہے۔ ہر سائنس کی تکمیل اسی بات میں پائی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ حقائق اس کے دائرۂِ اطلاق میں لائے جائیں۔ یعنی یہ دکھلایا جائے کہ وہ تمام حقائق کم سے کم قوانین کی مثالیں ہیں‌۔

توجیہہ کی حُدود

ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ عَمَلِ توجیہہ ایک خاص حدّ سے آگے نہیں جاسکتا۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ جہاں تک یہ جاسکتا ہے، اسے وہاں تک بھی نہ لے جایا جائے۔ توجیہہ کی مندرجہ ذیل حُدود ہیں؛ 
١) ہم یہ پڑھ چُکے ہیں کہ کم عُمُومی کو زیادہ عُمُومی کے تحت لانے کو توجیہہ کہتے ہیں۔ لہٰذا جو سب سے زیادہ عُمُومی ہو اس کی توجیہہ نہیں ہوسکتی۔ اَوَّلِیات کو ہمیں بغیر توجیہہ کے ہی تسلیم کرنا پڑتا ہے۔ وسیع ترین تعمیمیں ہونے کی وجہ سے وہ کسی زیادہ وسیع قانُون کے تحت نہیں لائے جاسکتے۔ لہٰذا ان کی توجیہہ نہیں ہوسکتی۔ اُنہیں توجیہہ کی بنا پر تسلیم نہیں کیا جاتا۔ وہ اپنی شہادت خود آپ ہی ہوتے ہیں۔
٢) مُفرد حواس مثلًا سفیدی، مٹھاس وغیرہ اور سادہ احساسات مثلًا حظ، درد وغیرہ کی توجیہہ نہیں ہوسکتی۔ کیونکہ وہ بےحد سادہ اور مفرد ہوتے ہیں اس لیے ان سے زیادہ سادہ اور مفرد کُچھ نہیں ہوتا جس کی مدد سے ان کی تشریح ہوسکے۔ ان کی تشریح ہم معنیٰ الفاظ ہی سے ہوسکتی ہے۔ مثلًا "سفیدی" ایک حسی صفت ہے جو "سفید" چیزوں سے پیدا ہوتی ہے۔ چنانچہ ذہن کی بنیادی کیفیت اپنی توجیہہ خود آپ ہی ہوتی ہیں اور اس سے زیادہ اُن کی توجیہہ ممکن نہیں ہوتی۔ 
٣) مادّے کے بُنیادی خواص مثلًا وسعت، جمود، کششِ ثقل اور قوتِ بےمثل ہونے کی وجہ سے قابلِ توجیہہ نہیں۔ توجیہہ یا تشریح کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ ایک چیز کو ایک اور چیز کی نسبت سے بیان کیا جائے لیکن بنیادی چیزیں محض اس لیے کسی اور چیز کی نسبت سے بیان نہیں کی جاسکتیں کہ وہ بنیادی ہوتی ہیں۔ چنانچہ ان کی تشریح ممکن نہیں ہوتی۔

توجیہ اَور مفرُوضہ

EXPLANATION AND HYPOTHESIS 
توجیہہ اور مفروضے کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ توجیہہ مفروضے کی انتہا اور مفروضہ توجیہہ کی ابتداء ہوتا ہے۔ گویا ایک جڑ ہے اور دوسرا ثمر۔ توجیہہ مفروضے کے بغیر بے بنیاد اور مفروضہ توجیہہ کے بغیر بےثمر ہوتا ہے۔ فاؤلر لکھتا ہے کہ علمی معنوں میں توجیہہ کا مقصد یہ ہے کہ ان حقائق کو جن کا کسی عِلَّتی قانون سے تعلق معلوم نہ ہو ایسے حقائق میں تحویل کیا جائے جن کا کسی عِلَّتی قانُون سے تعلق معلوم ہو یا پیچیدہ عِلَّتی قوانین کو آسان قوانین میں تحویل کیا جائے۔ اگر ہمیں کسی ایسے عِلَّتی قانُون کے وُجُود کا علم نہ ہو تو ہمیں کسی ایسے قانُون کو فرض کرنا پڑتا ہے جو ہمارے لیے کارآمد ہو اور ایسا فرض کیا ہُوا قانُون ایک مفرُوضہ ہوگا۔
منطقِ اِستِخراجیہ کے اسباق
علم منطق کی تعریف
فکر کے اُصُول
حُدود اور ان کی اقسام
حُدود کی تعبیر اور تضمن
حُدود قابلِ الحمل
تعریف
تقسیم
قضیے اور اُن کی قسمیں
قضیوں کی چار اساسی شکلیں
استنتاجِ استخراجیہ کی اقسام
استنتاجِ بدیہی یا استنتاج بہ اختلافِ قضایا
استنتاجِ بدیہی جہتی
استنتاجِ بالواسطہ یا نظری
قواعدِ قیاس
قانونِ ارسطو اور قواعدِ قیاس کا باہمی تعلق
قیاس کی اشکال
مخلوط شرطیہ قیاس
مخلوط منفصلہ قیاس
معضلہ یا قیاسِ ذوالجہتین
مُغالطے
منطقِ اِستِقرائیہ کے اسباق
منطقِ استقرائیہ کی نوعیّت اور فائدہ
اِستِقراء کی قسمیں
تعمیم
منطقِ اِستِقرائیہ کی بنیادیں
منطقِ اِستِقرائیہ کی مادّی بُنیادیں
قانُونِ عِلَّت
قانُون یکسانئِ فطرت
اِستِقرائے ناقص
مفرُوضہ
قوانینِ قُدرت
صفحات
موجود کا بیان
علم کا بیان
تصور اور تصدیق کا بیان
تصور اور تصدیق کی قسمیں


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

علمِ منطق کی تعریف

حُدود اور ان کی اَقسام

فکر کے اُصُول