اُنتیسواں باب
مفرُوضہ
HYPOTHESIS
مفرُوضہ کی نوعیّت
NATURE OF HYPOTHESIS
منطقِ اِستِقرائیہ کا کام جیسا کہ ہم کئی بار کہہ چکے ہیں حقائق کے عِلَّتِی رشتوں کو ثابت کرنا ہوتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں منطقِ اِستِقرائیہ کو واقعات کی عِلَّتوں کو دریافت اور ثابت کرنا پڑتا ہے۔ عِلَّتیں آسانی سے دریافت نہیں ہوتیں اور انہیں ثابت کرنا تو اور بھی مشکل ہوتا ہے۔ انہیں ثابت کرنے سے پہلے ہمیں اُنہیں فرض کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر ہم ایک شخص کو سڑک پر خون میں لت پت دیکھتے ہیں اور اس واقعہ کی عِلَّت کو معلوم کرنا چاہتے ہیں۔ چونکہ ہمیں صحیح عِلَّت کا فورًا ہی پتا نہیں چلتا اس لئے ہمیں کئی مفروضات وضع کرنا پڑتے ہیں۔ ہم یہ فرض کرتے ہیں کہ یہ شخص موٹر کے نیچے آگیا ہوگا یا اسے کسی نے قتل کرکے سڑک پر پھینک دیا ہوگا۔ ایسا قیاس جسے کسی واقعے کی ممکن توجیہہ کے طور پر فرض کرلیا جائے مفروضہ کہلاتا ہے۔ چنانچہ ہم مفروضے کی تعریف یوں کرسکتے ہیں کہ یہ ایک قیاس ہوتا ہے جسے ہم حقائق کی توجیہہ کے لئے وضع کرتے ہیں۔ یہ ایک وقتی، عارضی اور آزمائشی ثبوت ہوتا ہے جس کی حیثیت کھیلوں کی ان ابتدائی دوڑوں کی سی ہوتی ہے جو آخری مقابلے سے پہلے ہوتی ہیں۔ چنانچہ مفروضہ اِستِقرائی تفتیش کی بُنیاد ہوتا ہے۔ شروع میں ایک مفروضہ اکائی شہادت پر مبنی ہوتا ہے۔ لیکن اس اثنا میں یہ تفتیش کے راستے پر یہ ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ جب ہم ایک تفتیش کو شروع کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں مسئلۂِ زیرِ تفتیش کے سلسلے میں بہت سے مفروضات آتے ہیں۔ ہم ہر مفروضہ کی صداقت کو پرکھتے ہیں۔ اگر اُس کے حق میں کچھ شہادت ہو تو ہم اُسے ایک قابلِ عمل مفروضہ کے طور پر مزید تفتیش کے لیے قبول کرلیتے ہیں۔ لیکن اگر اُس کے حق میں کُچھ بھی شہادت نہ ہو تو ہم اسے ترک کردیتے ہیں اور اس کی جگہ کسی اور مفروضے کو لے کر اس کی صداقت کو بھی اسی طرح پرکھتے ہیں۔ ہمارے اس عمل تصدیق میں رفتہ رفتہ کُچھ مفروضات تو ترک ہوتے جاتے ہیں اور کُچھ تقویت حاصل کرتے جاتے ہیں۔ تصدیق کا یہ عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک کہ مخالف مفروضات میں سے آخر کار ایک مفروضہ ثابت نہ ہوجائے اور باقی تمام مفروضات ترک نہ کردئیے جائیں۔
اگر ایک مفروضے کے متعلق یہ ثابت ہوجائے کہ وہ غَلَط ہے اور ترک کرنے کے قابل ہے تو اس سے وہ مفروضہ بےسود ثابت نہیں ہوتا۔ ایک غَلَط مفروضے کا کم ازکم اِتنا فائدہ ضرور ہوتا ہے کہ اس سے کسی بہتر مفروضے کی جانب رہنمائی ہوجاتی ہے۔ ہر مفروضہ یا صحیح ثابت ہوگا یا غلط۔ اور دونوں صورتوں میں وہ مُفید ہوتا ہے۔ اگر وہ صحیح ثابت ہو تو اس کے مفید ثابت ہونے میں کوئی شک ہی نہیں اور اگر وہ غَلَط ثابت ہو تو اس لیے مفید ہوتا ہے کہ اس سے ہمیں یہ پتا چلتا ہے کہ تفتیش کا یہ راستہ ترک کردینے کے قابل ہے۔

مفروضات وضع کرنے، پرکھنے، قبول کرنے اور ترک کرنے کا عمل ایک لمبا اور صبر آزما کام ہوتا ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے چابیوں کے ایک گُچھے میں سے اندھیرے میں صحیح چابی دریافت کرنا۔ ایک چابی کی آزمائش کی جاتی ہے، پھر دوسری کی، پھر ایک اور کی حتیٰ کہ صحیح چابی دریافت ہوجاتی ہے۔ یہ محض ایک طریقۂِ آزمائش ہے جس میں ایک مفروضے کو پرکھا جاتا ہے اور اگر وہ آزمائش میں پُورا اُترے تو اسے قبول کرلیا جاتا ہے ورنہ ترک کردیا جاتا ہے۔ اسی طرح دوسرے مفروضے کی آزمائش کی جاتی ہے اور پھر تیسرے کی وغیرہ وغیرہ۔ چنانچہ ہمیں ہر مفروضے کے متعلق آزمائش اور ترمیم کو مدِّ نظر رکھنا چاہیے۔
لیکن ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ مفرُوضہ محض ایک فرض کی ہوئی بات ہوتا ہے۔ ہمیں اس پر ناجائز بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن ہمیں ایک مفرُوضے کو صرف اس لیے ردّ بھی نہیں کرنا چاہیے کہ وہ محض ایک مفروضہ ہے اور ثابت شدہ بات نہیں۔ مفروضہ آخرکار ثُبُوت کے درجے کو پہنچ جاتا ہے۔ ہر معقول مفروضہ غور طلب ہوتا ہے اور اگر ایک مفرُوضہ کلیۃً درست نہ بھی ہو تو بھی اسے بالکل ردّ نہیں کردینا چاہیے کیونکہ ممکن ہے کہ بجائے مکمل طور پر ردّ کرنے کے اُس میں صرف تھوڑی بہت ترمیم ہی کی ضرورت ہو۔
مفروضات کے وضع کرنے کے لیے کوئی قواعد مُقرر نہیں ہیں۔ اِس کا انحصار محض تفتیش کرنے والے کی قُدرتی ذہانت اور اختراعی قابلیّت پر ہوتا ہے۔ جہاں ایک معمولی ذہن رکھنے والے شخص کو کُچھ نظر نہیں آتا وہاں ایک غیر معمولی ذہانت رکھنے والے شخص کو عجیب و غریب مفروضات اس طرح سُوجھ جاتے ہیں گویا اُسے الہام ہوا ہے۔ نیوٹن نے ایک سیب کو گِرتے ہوئے دیکھا۔ نیوٹن سے پہلے اور بعد بھی انسانوں نے یہ واقعہ بےشُمار مرتبہ دیکھا ہوگا لیکن نیوٹن کو اس معمولی سے واقعہ سے ایک ایسا اشارہ ملا جس سے اُس نے کششِ ثقل کا ایک بہت بڑا قانون دریافت کیا۔ اسی طرح ڈاروِن کو مختلف حیوانات کی مشابہت سے ایک اِشارہ ملا جس سے اُس نے نظریۂِ اِرتِقاء مرتب کیا۔ تمام بڑی بڑی ایجادات اِسی قسم کے پُرتخیّل مفروضات کا ہی نتیجہ ہوتی ہیں۔
مفرُوضہ کی صحت کی شرائط
CONDITIONS OF THE VALIDITY OF A HYPOTHESIS
ہم نے مفروضہ کی تعریف یہ کی ہے کہ یہ ایک قیاس ہوتا ہے۔ لیکن تمام قیاس یکساں قدر و قیمت نہیں رکھتے۔ مثال کے طور پر آپ اپنی بائسائیکل کی گُمشدگی کے متعلق کئی قیاس تجویز کرسکتے ہیں۔ مثلًا یہ کہ آپ کی بائیسائیکل کسی نے چُرا لی ہے یا یہ کہ فرشتے اُسے اُڑا کر لے گئے ہیں یا یہ کہ عملِ تبخیر سے یہ ہوا میں اُڑ گئی ہے۔ یہ تمام مفروضات ایک جیسے قابلِ قبول نہیں ہیں۔ کُچھ مفروضات نامعقول ہونے کی وجہ سے قرینِ قیاس نہیں ہوتے۔ نیوٹن نے اسی قسم کے بے سر و پا مفروضات کے متعلق کہا ہے کہ میں مفروضات وضع نہیں کرتا۔ دراصل نیوٹن معقول قسم کے مفروضات کے خلاف نہیں تھا۔ وہ صرف بےمعنیٰ اور غیر معقول مفروضات کے خلاف تھا۔ ایک مفرُوضہ اس صورت میں صحیح ہوتا ہے جب کہ وہ مندرجہ ذیل شرائط کو پورا کرے۔
 |
| سر اسحٰق نیوٹن ١٦٤٢ء تا ١٧٢٧ء |
١) مفروضے کو حقائق پر مبنی ہونا چاہیے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اِس کی بنیاد محض تخیّل ہی پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ حقیقی واقعات پر ہونی چاہیے۔ جس طرح اس کی ابتداء حقائق سے ہوتی ہے اُس طرح اس کی تصدیق بھی حقائق کی روشنی میں ہونی چاہیے۔ چنانچہ مفروضے کی ابتداء اور انتہا حقائق ہی سے ہوتی ہے۔ باِلفاظِ دیگر اسے محض خیالی قیاس آرائی ہی نہیں ہونا چاہیے بلکہ حقیقی ہونا چاہیے۔ یعنی اُسے حقیقی عِلَّت کی طرف اشارہ کرنا چاہیے۔ نیوٹن کہتا ہے کہ حقائق کی توجیہہ میں صرف حقیقی عِلَّتوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔ ہمارے توہمات اس شرط کو پورا نہیں کرتے۔ مثلًا جب کسی کام یا سفر کے لیے ہفتے کا ایک خاص دِن منحوس خیال کیا جاتا ہے۔ یا ایک دُمدار ستارے کا ظہور کسی بادشاہ کی موت کا پیش خیمہ سمجھا جاتا ہے تو ایسے مفروضات حقیقی عِلَّتوں کی طرف اشارہ نہیں کرتے۔ لہٰذا وہ جائز مفروضات کہلانے کے مستحق نہیں ہوتے۔
٢) مفروضے میں خود تردیدی نہیں ہونی چاہیے۔ جس بات میں خود تردیدی پائی جائے وہ صحیح نہیں ہوسکتی۔ لہٰذا مفروضے کو خود تردیدی سے پاک ہونا چاہیے۔ مثلًا ہمیں یہ فرض نہیں کرنا چاہیے کہ ایک شخص جھوٹا بھی ہے اور قابلِ اعتبار بھی۔
٣) مفرُوضے کو کسی مسلمہ اور ثابت شدہ حقیقت کے مخالف نہیں ہونا چاہیے۔ مثلًا اگر ہم یہ فرض کرلیں کہ ایک شخص چھت پر سے زمین کی طرف گِرنے کی بجائے آسمان کی طرف اُڑ گیا تو ہمارا یہ مفرُوضہ کششِ ثقل کے مخالف ہونے کی وجہ سے قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ اسی طرح اگر ہم یہ فرض کرلیں کہ سُورج گرہن اور چاند گرہِن اس وقت واقع ہوتے ہیں جب کہ ایک دَیو راہُو انہیں ہڑپ کرلیتا ہے تو ہمارا مفرُوضہ قُدرت کے ثابت شدہ قوانین کے مخالف ہونے کی وجہ سے محمل ہوگا۔
 |
| راہُوؔ سورج کو نگلتے ہوئے (ایک ہندی افسانوی مفروضہ) |
لیکن ہمیں ایک مفروضے کو اس وقت تک ردّ نہیں کرنا چاہیے جب تک کہ ہمیں اس بات کا یقین نہ ہوجائے کہ کسی مُسلّمہ اور ثابت شدہ حقیقت اور ہمارے مفروضے میں واقعی تضاد ہے۔ بعض اوقات ان میں ایک ظاہری یا خفیف سا اختلاف ہوتا ہے اور اگر ان میں تھوڑی سی ترمیم کردی جائے تو اُن میں مطابقت پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ مسلمہ حقیقت جس کی مطابقت یا مخالفت کی بنا پر ہم ایک مفروضے کے صحیح یا غَلَط ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں خود ہی ابھی محتاجِ ثُبُوت اور ترمیم طَلَب ہو۔
٤) مفروضے کو واضح اور قابلِ تصدیق ہونا چاہیے۔ مفروضے کا مقصد کسی واقعہ کی توجیہہ کرنا ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ مبہم اور غیر واضح ہو تو یہ مسئلہ زیرِ غور کی توجیہہ کرنے سے قاصر ہوگا۔ مثلًا اگر ہم یہ فرض کرلیں کہ ایک مریض کا مرض اس کی کسی جسمانی خرابی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے تو یہ ایک اچھا مفرُوضہ نہیں ہوگا۔ ایک اچھا مفرُوضہ واضح طور پر یہ بتائے گا کہ وہ خرابی کیا ہے۔
ایک مفرُوضے کے لیے صرف واضح ہونا ہی ضروری نہیں بلکہ قابلِ تصدیق ہونا بھی ضروری ہے۔ یعنی اُس کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ درست یا غَلَط ثابت ہوسکے۔ ایک مفرُوضہ جو نہ درست ثابت ہوسکے اور نہ غلط ثابت ہوسکے ایک بے نتیجہ مفرُوضہ (بیرن ہائیپوتھیسس) کہلاتا ہے۔ مثلًا یہ مفروضہ کہ زمین ایک بیل کے سینگوں پر قائم ہے ایک بے نتیجہ مفروضہ ہے کیونکہ یہ ایک ایسا قیاس ہے جس کی تصدیق ممکن ہی نہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر مفرُوضہ شروع میں ایک قیاس ہی ہوتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ ہمیشہ کے لیے ایک قیاس ہی رہے گا۔ اس کے لیے لازمی ہے کہ یہ آخرکار درست یا غَلَط ثابت ہوسکے تاکہ اسے قبول کیا جائے یا ردّ کیا جائے۔ ایک بے نتیجہ مفروضہ ایک غَلَط مفروضے سے بدتر ہوتا ہے۔ ایک غَلَط مفروضہ کم ازکم واضح ضرور ہوتا ہے کیونکہ وہ تصدیق شدہ ہوتا ہے اور اس کے متعلق ہمیں واضح طور پر یہ علم ہوتا ہے کہ وہ غَلَط ہے۔ لیکن ایک بے نتیجہ مفرُوضہ نہ درست ثابت ہوسکتا ہے نہ غَلَط اور ہمیشہ کے لئے نامعلوم رہتا ہے۔
 |
| زمین اُٹھائے ہوئے بیل (ایک بے نتیجہ مفرُوضہ) |
چنانچہ ایک جائز مفرُوضہ وہ مفرُوضہ ہوتا ہے جس سے نتائج اخذ کئے جاسکیں اور اُن نتائج کی حقائق کے ساتھ تطبیق کی جاسکے۔ یعنی یہ دیکھا جاسکے کہ وہ نتائج حقائق کے مطابق ہیں یا نہیں۔ ایک بے نتیجہ مفرُوضہ اس لیے بےفائدہ ہوتا ہے کہ اس سے کوئی نتائج اخذ نہیں کیے جاسکتے۔ اس کی آزمائش ہی نہیں کی جاسکتی۔ باِلفاظِ دیگر اس کی نہ تصدیق ہو سکتی ہے نہ تکذیب یعنی وہ نا صحیح ہوسکتا ہے نہ غَلَط۔
٥) مفرُوضے کو چاہیے کہ وہ اُن تمام حقائق کو جو زیرِ تفتیش ہیں مکمل توجیہہ کرے۔ یعنی یہ اُن تمام حقائق کی توجیہہ کرے جس کے لیے یہ وضع کیا گیا ہے۔ ایک جُزئ یا ادھوری توجیہہ کوئی توجیہہ نہیں ہوتی۔ اگر ایک مفرُوضہ کسی حقیقت کی توجیہہ نہیں کرسکتا تو اُس حقیقت کو نظر انداز کرنے کی بجائے مفرُوضے کو ردّ کردینا چاہیے یا اس کی ترمیم کرنی چاہیے۔ ایک مفرُوضے کی خاطر حقائق کو توڑنے مروڑنے کی کوشش کرنا ویسا ہی ہے جیسا کہ ایک شخص کی ٹانگ یا بازو کو توڑ مروڑ کر ایک سِلے ہوئے کپڑے کے مطابق کرنا۔ مفروضے اور حقائق کا باہمی اختلاف مفروضے کے خلاف جاتا ہے۔ میلون لکھتا ہے کہ کیپلر اور نیوٹن کی مثالیں ہمیں یہ بتاتی ہیں کہ بہترین محقق اپنے پسندیدہ نظریات کو جو کہ اُن کی پُر شفقت تحقیق کا نتیجہ ہوتے ہیں ہر وقت بدلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ خُصُوصًا جب کہ وہ حقائق کے مطابق نہ ہوں۔ چنانچہ اگر ایک مفرُوضہ کسی حقیقت کی توجیہہ نہ کرے تو وہ نامکمّل مفرُوضہ ہوگا۔ مثلًا یہ مفرُوضہ کہ تمام خواب خواہشات کو تسکین دیتے ہیں ایک نامکمّل مفروضہ ہے۔ کیونکہ یہ اُن خوابوں کی توجیہہ نہیں کرتا جو ڈراؤنے ہوتے ہیں اور کسی خواہش کو تسکین نہیں دیتے۔ اس طرح یہ مفرُوضہ کہ ہندوستان میں قحط برطانوی راج کی وجہ سے پیدا ہوتے تھے ایک نامکمل مفروضہ ہے کیونکہ یہ ہندوستان کے تمام قحطوں کی توجیہہ نہیں کرتا۔ یعنی یہ ہندوستان کے ان قحطوں کی توجیہہ نہیں کرتا جو اس وقت واقع ہوئے تھے جب وہاں برطانوی راج نہیں تھا۔
غرضیکہ ایک مفرُوضے کو صحیح ہونے کے لیے حقیقی، خودتردیدی سے پاک، ثابت شدہ حقائق کے مطابق، قابلِ تصدیق اور مکمّل ہونا چاہیے۔
مفروضے کی تصدیق اور ثُبُوت
CONFIRMATION OR VERIFICATION AND PROOF OF HYPOTHESIS
ایک مفروضے کی تصدیق حقائق کی روشنی میں کی جاتی ہے۔ جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں حقائق ہی سے مفرُوضے کی ابتداء ہوتی ہے اور حقائق ہی پر اس کی انتہاء ہوتی ہے۔ اگر ایک مفرُوضے کے نتائج کی حقائق سے مطابقت ہوجائے تو اسے مفروضے کی تصدیق کہتے ہیں۔ جس قدر زیادہ یہ مطابقت ہوگی اسی قدر زیادہ مفروضے کے حق میں تصدیق ہوگی ایک مفروضے کی صحت کا انحصار اس کی تصدیق یعنی حقائق کے ساتھ اس کی مطابقت پر ہوتا ہے۔ ایک مفرُوضے کو وضع کرنا اور پھر حقائق کی روشنی میں اس کی آزمائش نہ کرنا یعنی اس کی تصدیق نہ کرنا دراصل مفرُوضے کے مقصد کے منافی ہے۔ مِل لکھتا ہے کہ مفرُوضہ ایک قیاس ہوتا ہے جسے ہم بغیر شہادت کے یا ناکافی شہادت کی بنا پر اس لیے وضع کرتے ہیں کہ اُس سے نتائج اخذ کرکے یہ دیکھیں کہ وہ نتائج، معلومہ حقائق کے مُطابق ہیں یا نہیں۔ ایسا کرنے پر ہمارا خیال یہ ہوتا ہے کہ اگر وہ نتائج جو اُس مفرُوضے سے نکلتے ہیں معلومہ حقائق کے مطابق ہیں تو وہ مفروضہ یا تو صحیح ہوگا یا کم ازکم اُس کے صحیح ہونے کا اِمکان ہوگا۔ چنانچہ ایک مفروضے سے اُس کے نتائج کو اخذ کرکے حقیقی واقعات کے ساتھ اُن کی تصدیق کرنا ایک لازمی شرط ہے۔
تصدیق بلاواسطہ بھی ہوسکتی ہے اور بالواسطہ بھی۔ جب حقائق کے ساتھ ایک مفروضے کی براہِ است تصدیق کی جائے تو اُسے مفرُوضے کی بلاواسطہ تصدیق کہتے ہیں۔ بلاواسطہ تصدیق مُشاہدے کے ذریعے سے بھی ہوسکتی ہے اور تجربے کے ذریعے سے بھی۔ مثلًا اگر میں یہ فرض کرلوں کہ میں اپنی کتابیں پرنسپل صاحب کے دفتر میں بھول آیا ہوں اور پھر وہاں یہ دیکھنے کے لیے جاؤں کہ میرا مفرُوضہ صحیح ہے یا غَلَط تو یہ ایک بلاواسطہ تصدیق بالمُشاہدہ ہوگی۔
 |
| سیارہ یورانس کی ایک تمثیل Uranus |
ہم ایک اور مثال لیتے ہیں سیارہ یُورانس اُس راستے سے جس پر اُسے ہمارے حساب کے مطابق گردش کرنا چاہیے تھی ہٹا ہوا پایا گیا۔ اس کے اس انحراف کے متعلق یہ فرض کیا گیا کہ یہ کسی نامعلوم سیّارے کے اثر کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ چنانچہ جب ۱۸٤٦ء میں آسمان کے متوقع طبقے میں مفروضہ سیارہ نیپچون دُور بینی مُشاہدے سے دریافت ہوا تو اس مفروضے کی تصدیق ہوگئی۔ اسی طرح جب ایک مفرُوضے کی بلاواسطہ تصدیق تجربے کے ذریعے سے ہو تو اسے بلاواسطہ تصدیق بالتجربہ کہتے ہیں۔ مثلًا اس مفرُوضے کی بلاواسطہ تصدیق کہ پانی ہائیڈروجن اور آکسیجن سے مرکّب ہے ہم پانی کو تجربے سے اس کے اجزاء میں تحلیل کرکے کرسکتے ہیں۔ ایک اور مثال لیجئے اگر ہمیں یہ شک ہو کہ ہماری میونسپلٹی کے پانی میں ہیضے کے جراثیم ہیں تو ہم اس مفرُوضے کی (بلاواسطہ) تصدیق تجربے سے پانی کی کیمیاوی تحلیل کرکے کرسکتے ہیں۔بلاواسطہ تصدیق کے برعکس بالواسطہ تصدیق، تصدیق بالاستخراج ہوتی ہے اس قسم کی تصدیق میں ہم اپنے مفروضے سے تمام وہ نتائج جو منطقی طور پر اُس سے نکلتے ہیں اخذ کرلیتے ہیں اور پھر ان نتائج کا حقیقی واقعات کے ساتھ موازنہ کرتے ہیں۔ باِلفاظِ دیگر ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ اگر ہمارا مفرُوضہ درست ہے تو اس سے فُلاں فُلاں نتائج پیدا ہونے چاہئیں اور اگر وہ نتائج واقعی موجود ہوں تو ہمارے مفروضے کی تصدیق ہوجاتی ہے اور اگر وہ نتائج موجود نہ ہوں تو ہمارے مفرُوضے کی تصدیق نہیں ہوتی چنانچہ بالواسطہ تصدیق براہِ راست مُشاہدے یا تجربے پر مبنی نہیں ہوتی بلکہ ایک بالواسطہ طریق پر مبنی ہوتی ہے جس میں ایک مفرُوضے سے پہلے تو نتائج اخذ کئے جاتے ہیں اور پھر اُن نتائج کی حقائق کے ساتھ مُطابقت اور عدمِ مطابقت دیکھی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر ہم ایک طالبعلم کے متعلق فرض کرتے ہیں کہ اُس نے پچھلے سال محنت نہیں کی تھی۔ اس مفرُوضے کی ہم بالواسطہ تصدیق یوں کریں گے کہ اگر یہ مفرُوضہ صحیح ہے تو اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ اس طالبعلم کو فیل ہوجانا چاہیے تھا۔ اگر وہ طالبعلم واقعی فیل تھا تو ہمارے مفرُوضے کی تصدیق ہوجائے گی اور اگر وہ فیل نہیں تھا تو ہمارے مفرُوضے کی تصدیق نہیں ہوگی۔
جہاں براہِ راست مُشاہدہ اور تجربہ ممکن نہ ہو وہاں ہماری تصدیق بالواسطہ تصدیق ہی ہوسکتی ہے۔
مفرُوضے کا ثُبُوت
PROOF OF HYPOTHESIS
ہمیں مفرُوضے کی تصدیق اور اُس کے ثُبُوت میں تمیز کرنی چاہیے۔ اگرچہ تصدیق ثُبُوت کے لئے ضروری ہوتی ہے تاہم یہ مکمل ثبوت نہیں ہوتی۔ اگر ایک مفروضے کے نتائج حقیقی واقعات کے مطابق ہوں تو اس سے اس مفروضے کی تصدیق تو ہوجاتی ہے مگر وہ ثابت نہیں ہوتا۔ مفرُوضے کا ثُبُوت اس کی تصدیق سے اگلا قدم ہوتا ہے۔ ایک مفرُوضہ اس وقت ثابت ہوتا ہے جب کہ تمام مخالف مفرُوضات کی تردید ہوجائے اور وہ اکیلا ہی مسئلۂِ زیرِتفتیش کی توجیہہ کرسکے۔ جب تک یہ شرط پوری نہ ہو ایک مفروضہ ثابت تصور نہیں کیا جاسکتا۔ کلِفورڈ لکھتا ہے کہ "یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ ہمارا مفروضہ صحیح ہے یا غَلَط ہمارے لیے یہی دکھلانا کافی نہیں کہ وہ مفرُوضہ حقائق (زیرِ تفتیش) کی توجیہہ کرسکے گا بلکہ یہ بھی کوئی اور مفروضہ ایسا نہیں کرسکے گا۔ ایک مفرُوضے کے ثُبُوت کے لیے باقی تمام مفروضات کا ابطال ایک لازمی شرط ہے اور اکیلی تصدیق اس شرط کو پورا نہیں کرسکتی۔ ایک تصدیق شدہ مفروضے کو استِدلال کی شکل میں ہم یوں ظاہر کرسکتے ہیں۔
اگر ا صحیح ہے تو اس کا نتیجہ ب ہوگا۔
ب ہے۔
لہٰذا X
یہاں ہم یہ نتیجہ نہیں نکال سکتے کہ ا صحیح ہے۔ ایک مفروضے کی تصدیق مخلوط شرطیہ قیاس میں تالی کے اِقرار کی مانند ہوتی ہے۔ چنانچہ ایک مفروضے کی تصدیق اس وقت تک پایۂِ ثُبُوت کو نہیں پہنچتی جب تک یہ ظاہر نہ کیا جائے کہ کوئی اور مفروضہ واقعۂِ زیرِ تفتیش کی توجیہہ نہیں کرسکتا۔ مثلًا ہمارا یہ ظاہر کرنا کہ ب، ا کا نتیجہ ہے کافی نہیں ہوگا۔ ہمیں یہ ظاہر نہیں کرنا چاہیے کہ ب صرف ا کا نتیجہ ہے۔ اور کسی اور کا نتیجہ نہیں ہوسکتا۔ جب ہم یہ ظاہر کریں گے تب مفروضہ ا واقعہ ب کے لیے ایک ثابت شدہ مفرُوضہ ہوگا۔ چنانچہ ایک مفرُوضہ اس وقت ثابت ہوتا ہے جب تمام مخالف مفروضات کی تردید ہوجائے۔ جب کیپلر نے ۱۹ مفروضات کو ردّ کرکے آخر کار یہ مفرُوضہ قبول کیا کہ سیارہ مریخ بیضوی شکل میں گردش کرتا ہے تو اس کے اس مفروضے کی محض تصدیق ہی نہیں ہوئی تھی بلکہ وہ ثابت ہوگیا تھا۔
 |
| جونس کیپلر ۱٥۷۱ء تا ۱٦۳۰ء |
ہم ایک سادہ سی مثال لیتے ہیں۔ اگر میری گھڑی گُم ہوجائے تو ہوسکتا ہے کہ مجھے ا یا ب یا ج پر شک ہو اور اگر تفتیش پر میری گھڑی ا کے پاس پائی جائے تو میرے مفروضے کو کہ ا چور ہے تصدیق تو ہوجاتی ہے لیکن یہ ثُبُوت نہیں۔ ممکن ہے کہ مزید تفتیش سے یہ ثابت ہو کہ اصل چور ب تھا اور اُس نے مسرُوقہ گھڑی ا کے پاس فروخت کردی تھی۔ اگر ب اقبالِ جُرم کرلے تو ہمارا یہ مفرُوضہ کہ ب چور ہے ثابت ہو جائے گا اور باقی تمام مفرُوضات ردّ کردئیے جائیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ تصدیق کے بغیر ثُبُوت ممکن نہیں ہوتا لیکن اس سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ اگر کسی مفروضے کی تصدیق ہوگئی ہے تو وہ مفروضہ ثابت بھی ہوگیا ہے۔جب ایک مفرُوضہ ثابت ہوجائے تو وہ اُن حقائق کے علاوہ جن کے لیے وہ شروع میں وضع کیا گیا تھا اور بھی بہت سے حقائق کی توجیہہ کرتا ہے۔ اسے مفروضے کی توسیع کہتے ہیں اور یہ مفروضے کے حق میں ایک بہت بڑی دلیل ہوتی ہے۔ مثلًا اگر ایک شخص کسی چوری کے سلسلے میں پکڑا جائے اور اس سے اس چوری کا مال برآمد ہوجائے تو اس کے متعلق ہم یہی فرض کرتے ہیں کہ وہ چور ہے اور اگر مزید تفتیش پر اُس سے اور بہت سی چوریوں کا مال بھی نکل آئے تو اس توسیع سے ہمارے مفروضے کو اور بھی تقویت پہنچے گی۔ اب ہم سائنس سے ایک دو مثالیں لیتے ہیں۔ کششِ ثقل کا مفروضہ شروع میں صرف سیاروں کی گردش کے سلسلے میں وضع کیا گیا تھا۔ لیکن بعد میں اس میں بہت زیادہ توسیع ہوگئی حتیٰ کہ اس سے تمام مادّی دنیا کی توجیہہ ہونے لگی۔ اسی طرح ڈاروِن کا نظریۂِ ارتقاء بھی شروع میں صرف حیوانات کے سلسلے میں وضع کیا گیا تھا۔ لیکن بعد میں اس میں اس قدر توسیع ہوئی کہ اب اس کا اطلاق معاشرتی اداروں، حکومتوں، اخلاق، نظامِ شمسی اور نجمی وغیرہ پر ہوتا ہے۔ سائنس کی تاریخ مفروضات کی اِس قسم کی توسیع سے بھری پڑی ہے۔ قدرت ایک مربوط نظام ہے اور ایک مفرُوضہ جس قدر ربط نہ صرف ان حقائق کے ساتھ جن کی توجیہہ کے لیے وہ وضع کیا گیا ہے بلکہ قدرت کے ان حقائق کے ساتھ بھی جو دیگر شعبوں میں پائے جاتے ہیں، ظاہر کرے گا اُسی قدر زیادہ اُس کے ثُبُوت کے حق میں شہادت ہوگی۔
 |
| نظریۂِ ارتقا کا بانی چارلس ڈاروِن ۱۸۰۹ء تا ۱۸۸۲ء |
غرضیکہ ایک مفروضے کے ثُبُوت کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس کی تصدیق ہو اور وہ مسئلۂِ زیرِ تفتیش کی توجیہہ کے لیے اکیلا ہی مفرُوضہ ہو، اور وہ قدرت کے دیگر حقائق کے ساتھ بھی مُطابِقت رکھتا ہو۔ فیصلہ کُن مثال
CRUCIAL INSTANCE
جب ہم کسی واقعہ کی توجیہہ کرنا چاہتے ہیں تو عام طور پر ہمیں بہت سے ممکن مفرُوضات سوجھتے ہیں۔ ایسی صورت میں ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ ممختلف مفروضات میں سے کونسا مفروضہ صحیح ہے۔ یہ ہم ایک فیصلہ کُن مثال کی مدد سے کرتے ہیں۔ ایک فیصلہ کُن مثال وہ مثال یا حقیقت ہوتی ہے جس کی توجیہہ مختلف مفروضات میں سے صرف ایک مفرُوضہ کرسکے۔ چنانچہ متنازعہ فیہ صورت میں ایک فیصلہ کُن مثال ایک مفروضے کو صحیح اور باقی تمام مفروضات کو غَلَط ثابت کرتی ہے۔ اس کا کام بالکل ویسا ہی ہوتا ہے جیسا کہ ایک چوراہے پر راستہ دکھلانے والے نشان کا۔ چنانچہ ایک فیصلہ کُن مثال وہ مثال یا حقیقت ہوتی ہے جو ہمیں مختلف مفروضات میں سے صحیح مفروضے کو انتخاب کرنے اور غلط مفروضات کو ردّ کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ایک مثال یا واقعہ جس کی توجیہہ صرف ایک مفروضے سے ہوسکے اُن سو مثالوں یا واقعات کی نسبت زیادہ فیصلہ کُن ہوتی ہے جو تمام باتوں میں ہمارے مفروضے کے مطابق ہوں لیکن جن کی توجیہہ دیگر مخالف مفروضات بھی یکساں طور پر کرسکیں۔
ایک فیصلہ کُن مثال کو ہم مُشاہدے سے بھی حاصل کرسکتے ہیں اور تجربے سے بھی۔ فرض کرو کہ ا، ب اور ج پر د کے قتل کا شُبہ ہے۔ اب اگر مُشاہدے سے ہمیں اس حقیقت کا علم ہوتا ہے کہ جس دن قتل ہُوا تھا ا اور ب ہسپتال میں بطور مریض پڑے تھے تو یہ ایک فیصلہ کُن بات ہوگی جس سے اس مفروضے کی کہ ا اور ب قاتل ہیں تردید ہوجائے گی۔ اور اگر ج عین حالتِ جُرم میں پکڑا گیا تھا تو یہ بھی ایک فیصلہ کُن بات ہوگی جو اس مفروضے کو ثابت کرے گی کہ ج قاتل ہے۔
جب ایک فیصلہ کُن مثال تجربے سے حاصل ہو تو اُسے فیصلہ کُن تجربہ کہتے ہیں۔ فرض کرو کہ ایک بُخار کے متعلق دو مختلف تشخیصیں ہیں۔ اَوَّل یہ کہ وہ ملیریا کا بخار ہے۔ دوسرے یہ کہ وہ تَپِ محرقہ ہے۔ اب اگر تجربے سے یہ معلوم ہو کہ مریض کے خون میں ملیریا کے جراثیم موجود ہیں تو یہ ایک فیصلہ کُن تجربہ ہوگا جس سے یہ مفروضہ کہ یہ ملیریا کا بخار ہے قبول کرلیا جائے گا اور دوسرا مفروضہ کہ یہ تپِ محرقہ ہے ردّ کردیا جائے گا۔ اب ہم طبیعات کی سائنس سے ایک مثال لیتے ہیں۔ طبیعات میں نیوٹن کے نظریۂِ نور اور نظریۂِ تموجِ نور میں تنازعہ تھا۔ نظریۂِ تموجِ نور کے مطابق روشنی روشنی ایک کثیف شے کی نسبت ایک لطیف شے میں سے زیادہ تیزی سے چلتی ہے۔ فزاؤ اور فوکاٹ نے روشنی کو ہوا اور پانی میں سے گُزار کر اس کی رفتار پر ایک تجربہ کیا اور یہ دیکھا کہ روشنی پانی کی نسبت ہوا میں سے زیادہ تیزی سے چلتی ہے۔ یہ ایک فیصلہ کُن تجربہ تھا جس کی وجہ سے نظریۂِ تموجِ نور تسلیم کرلیا گیا اور نیوٹن کا نظریہ رد کردیا گیا۔
غرضیکہ ایک فیصلہ کُن مثال مختلف مفروضات کے درمیان فیصلے کا کام کرتی ہے۔
 |
| نظریۂِ تموجِ نور کی عکاسی |
مفرُوضے کی مختلف منزلیں
STAGES IN THE DEVELOPMENT OF HYPOTHESIS
جو کُچھ اوپر بیان کیا گیا ہے اس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایک مفروضے کو صحیح ثابت ہونے سے پہلے کئی منزلوں میں سے گزرنا پڑتا ہے۔
پہلی منزل؛ شروع میں ایک مفروضہ محض ایک عارضی قیاس ہوتا ہے جو کسی واقعے کے سرسری جائزے سے ہمارے ذہن میں آتا ہے۔ مفرُوضے کی اس منزل سے تفتیش کی ابتداء ہوتی ہے اس منزل پر مفروضہ جیسا کہ مِل کہتا ہے ایک قیاس ہوتا ہے جسے ہم بغیر کسی شہادت کے یا ناکافی شہادت کی بنا پر وضع کرلیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس منزل پر مفرُوضے میں بہت کم یقین پایا جاتا ہے۔ تاہم وہ قرینِ عقل ضرور ہوتا ہے۔
دُوسری منزل؛ اگر اس عارضی قیاس کے حق میں کُچھ شہادت فراہم ہوجائے تو یہ یقین کی اگلی منزل پر پہنچ جاتا ہے اور ایک قابلِ عمل مفروضہ کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ اگرچہ ایک قابلِ عمل مفروضے میں مکمل تصدیق نہیں پائی جاتی تاہم یہ مزید تفتیش کے لیے ہمارے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔ ہمیں تصدیق کی روشنی میں بعض اوقات اس کی ترمیم اور بعض اوقات اس کی تردید کرنا پڑتی ہے۔ گِبن لکھتا ہے کہ قابلِ عمل ہونے کے لیے ایک مفروضے میں خوش تدبیری اور نتیجہ خیزی کا ہونا لازمی ہے۔ب خوش تدبیری کے لئے اسے عقل یا سائنس پر مبنی ہونا چاہیے اور نتیجہ خیز ہونے کے لیے اُسے چاہیے کہ وہ اپنے دائرۂِ اطلاق اور تصدیق میں ہمیشہ وسعت پیدا کرتا رہے اور مزید حقائق کو علمی ضبط میں لاتا رہے۔
تیسری منزل؛ عام طور پر کئی قابلِ عمل مفروضات بیک وقت یکساں طور پر صحیح نظر آتے ہیں۔ لیکن جب ہم ایک مفروضے کو حقائق کی روشنی میں منتخب کرلیتے ہیں اور وہ آزمائش پر پورا بھی اُترتا ہے تو وہ ایک جائز مفرُوضہ بن جاتا ہے۔ اس منزل پر مفروضہ قرینِ قیاس ہی نہیں رہتا بلکہ قرینِ صحت ہوجاتا ہے کیونکہ حقائق اس کے حق میں ہوتے ہیں۔
چوتھی منزل؛ جب ایک جائز مفروضے کے متعلق یہ ثابت ہوجائے کہ وہ مسئلہ زیرِتفتیش کے لیے اکیلا ہی معقول مفروضہ ہے تو وہ صحت کی آخری منزل پر پہنچ جاتا ہے اور صحیح مفروضہ کہلاتا ہے۔ اس منزل پر مفرُوضہ قانُون یا نظریہ بن جاتا ہے۔ لیکن قطعی صحت اور ثُبُوت کی یہ منزل جس میں کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش باقی نہ ہو محض ایک نصب العین ہوتا ہے جسے ایک مفروضہ زیادہ سے زیادہ حاصل تو کرسکتا ہے مگر مکمل طور پر حاصل نہیں کرسکتا۔ ہمارا اپنا علم اپنی وسعت اور ضخامت میں ہمیشہ بڑھتا رہتا ہے اور اس کی ہر ترقی ہمارے پہلے قبول شدہ مفرُوضات کی ترمیم کو لازم کردیتی ہے۔
مفروضے کی قسمیں
KINDS OF HYPOTHESIS
چونکہ مفرُوضے کا مقصد کسی واقعہ کی توجیہہ کرنا ہوتا ہے اس لیے حقیقتًا اس کی نوعیت توجیہی ہوتی ہے۔ لیکن بعض اوقات آسانی کی خاطر مفرُوضات کی تقسیم توجیہی مفرُوضات اور بیانیہ مفرُوضات میں کی جاتی ہے۔ جب ایک مفرُوضہ کسی واقعہ کی تشریح میں اس کی عِلَّت کو ظاہر کرے تو اسے توجیہی مفرُوضہ کہتے ہیں اور جب ایک مفرُوضہ کسی واقعہ کی تشریح میں محض یہ بیان کرے کہ وہ کس طرح وقوع پذیر ہُوا تو اسے بیانیہ مفرُوضہ کہتے ہیں۔ مثلًا اگر ایک مفروضہ ایک ہڑتال کی ناکامی کی تشریح اس کی عِلَّت کی مدد سے کرے تو وہ ایک توجیہی مفرُوضہ ہوگا۔ لیکن اگر وہ محض یہ بیان کرے کہ ہڑتال کس طرح شروع ہوئی، کس طرح بڑھی اور کس طرح ناکام ہوئی تو وہ ایک بیانیہ مفرُوضہ ہوگا۔ چنانچہ ایک بیانیہ مفرُوضہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ ایک واقعہ کیسے وقوع پذیر ہوا اور ایک توجیہی مفرُوضہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ ایک واقعہ کیوں وقوع پذیر ہوا اور ایک توجیہی مفرُوضہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ ایک واقعہ کیوں وقوع پذیر ہوا۔ باِلفاظِ دیگر ایک بیانیہ مفرُوضہ ایک واقعہ کے متعلق ہمیں محض یہ بتاتا ہے کہ وہ واقعہ کیا ہے، لیکن ایک توجیہی مفرُوضہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ وہ واقعہ کیوں ہُوا اور ویسے کیوں ہُوا جیسے کہ ہُوا۔
اگرچہ ایک توجیہی مفرُوضے اور ایک بیانیہ مفرُوضے میں یہ ایک باریک سا فرق ضرور ہے تاہم ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ان دونوں میں کوئی تضاد پایا جاتا ہے۔ جب ایک بیانیہ مفروضہ یہ بیان کرتا ہے کہ فُلاں واقعہ کیسے ہُوا تو وہ کسی حد تک اُس واقعہ کی توجیہہ بھی کرتا ہے اور اُس حد تک وہ توجیہی مفرُوضہ ہوتا ہے۔ اور اسی طرح جب ایک توجیہی مفرُوضہ ایک واقعہ کی عِلَّت کی طرف اشارہ کرتا ہے تو وہ کسی حدّ تک یہ بھی بیان کرتا ہے کہ اُس واقعہ میں اس عِلَّت نے کِس طرح کام کیا اور اس حد تک وہ ایک بیانیہ مفرُوضہ ہوتا ہے۔ لہٰذا ایک توجیہی مفرُوضے اور ایک بیانیہ مفرُوضے میں کوئی حقیقی اختلاف نہیں ہوتا۔ تمام مفرُوضات توجیہی بھی ہوتے ہیں اور بیانیہ بھی۔
مفرُوضے کا فائدہ اور مقصد
USE AND FUNCTION OF HYPOTHESIS
مفرُوضہ کئی لحاظ سے مُفید ہوتا ہے جو کُچھ ہم اس باب میں پڑھ چکے ہیں اس سے صاف ظاہر ہے کہ ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں (خواہ وہ علمی ہو یا عملی) مفروضے کی ضرورت ہوتی ہے۔ حقیقت میں مفروضہ ہمارے تمام علم اور سائنس کی بُنیاد ہوتا ہے۔ اس کے فائدے مندرجہ ذیل ہیں؛
١) مفرُوضہ ہر توجیہہ کی بُنیاد ہوتا ہے۔ جب ہم کسی واقعہ کی توجیہہ کرنا چاہتے ہیں تو پہلے ہم اس کے متعلق کوئی مفرُوضہ وضع کرتے ہیں۔ واقعات کی توجیہہ ان کی عِلَّتوں کو ثابت کرنے سے ہوتی ہے اور عِلَّتیں ثابت ہونے سے پہلے فرض کی جاتی ہیں۔
٢) مفرُوضہ ہر تفتیش اور دریافت کی بُنیاد ہوتا ہے۔ اسی سے تفتیش کی ابتدا ہوتی ہے۔ مفرُوضے کے بغیر تفتیش اٹکل پچو اور اندھیرے میں ٹٹول مٹول کرنے کی مانند ہوتی ہے۔ مِل بھی جو اِستِقرائی تحقیق میں مفرُوضے کی اہمیّت کا بہت زیادہ قائل نہیں، یہ مانتا ہے کہ مفروضے کا مقصد مُشاہدات اور تجربات کی طرف اشارہ کرنا ہوتا ہے۔ ہمیں تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ مفرُوضہ سائنس کے لیے بالکل ناگزیر ہے۔ مفرُوضات کے بغیر سائنس کے لیے موجودہ حالت حاصل کرنا کبھی ممکن نہ ہوتا۔ ہمارے لیے یہ جائز، مُفید اور لازمی ہے کہ پہلے ہم یہ سُوال کریں کہ کونسی عِلَّت ایک دئیے ہوئے معلول کو پیدا کرسکتی تھی تاکہ ہم شہادت کے لئے درست سمت میں تفتیش کریں اور یہ معلوم کریں کہ اس عِلَّت نے اس معلول کو واقعی پیدا کیا تھا یا نہیں۔ ایک نامکمّل طور پر تصدیق شدہ مفرُوضہ بھی علمی لحاظ سے اس لیے مُفید ہوتا ہے کہ تحقیق کے لیے یہ ایک راستہ کھول دیتا ہے جو اکثر اوقات بے سود نہیں ہوتا۔ جیونز لکھتا ہے کہ پروفیسر ہکسلے اپنے آخری سالوں میں مفرُوضے کی اہمیّت پر بہت زور دیا کرتا تھا۔ جب وہ ایک قابلِ عمل مفرُوضے کے استعمال کی تلقین کرتا ہے تو اس کا مطلب بلاشُبہ یہ ہے کہ بجائے اس کے کہ ہمارے پاس کوئی بھی مفرُوضہ نہ ہو یہ بہتر ہے کہ ہمارے پاس کوئی مفرُوضہ تو ہو۔ ہمارے لیے یہ ناممکن ہے کہ ہم اپنے مُشاہدات میں کسی نہ کسی مفرُوضے سے رہنمائی حاصل نہ کریں۔
٣) مفرُوضہ تمام قوانین اور نظریات کی بُنیاد ہوتا ہے۔ قوانین اور نظریات محض ثابت شُدہ مفرُوضات ہی ہوتے ہیں۔ مفرُوضات جیسا کہ مِل کہتا ہے یقین کی طرف ترقی کے راستے پر لازمی قدم ہوتے ہیں۔ تقریبًا ہر نظریہ جو آج قانُون ہے کسی وقت مفروضہ تھا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں