قضیے اور اُن کی قسمیں
(دوسرا حصّہ ― قضیے)
نواں باب
قضیے اور اُن کی قِسمیں
Propositions
قضیے کسے کہتے ہیں؟ حُدود کے بعد ہم اپنی توجہ قضیوں کی طرف مبذول کرتے ہیں۔ ہم یہ پڑھ چکے ہیں کہ جب ایک تصدیق کو الفاظ میں بیان کیا جاتا ہے تو اسے منطق کی اصطلاح میں قضیہ کہتے ہیں۔ ہم یہ بھی پڑھ چکے ہیں کہ ایک قضیے کے تین اجزاء ہوتے ہیں۔ موضوع، محمول اور نسبتِ حکمیہ۔ دو حدود کے متعلق کچھ کہنا، یعنی ان کے باہمی تعلق کا اقرار یا انکار کرنا، تصدیق کہلاتا ہے۔ چنانچہ قضیہ دو حُدود کے متعلق ایک تصدیق ہوتا ہے ایسی تصدیق جو ان دو حدود کے باہمی اتحاّد یا اختلاف کو ظاہر کرے۔ بالفاظِ دیگر قضیّہ دو حُدود کے باہمی تعلق کا اقرار یا انکار ہوتا ہے۔ انسان فانی ہے، چاک سفید ہے، کوّے چوپائے نہیں، مُثلثیں دائرے نہیں، وغیرہ وغیرہ قضیے ہیں کیونکہ ان میں ہم نے کسی چیز کے متعلق کچھ کہا ہے۔ یعنی کسی چیز کے متعلق کسی چیز کا اقرار یا انکار کیا ہے۔ ان قضیوں میں ہم نے انسان اور چاک کے متعلق یہ کہا کہ وہ کیا ہیں۔ اور کووّں اور مثلثوں کے متعلق یہ کہا ہے کہ وہ کیا نہیں۔ چنانچہ قضیہ ایک ایسا جملہ ہوتا ہے جس میں کسی چیز کے متعلق کسی چیز کا اقرار یا انکار پایا جاتا ہے۔ اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ تمام قضیے تو جملے ہوتے ہیں لیکن تمام جُملے قضیے نہیں ہوتے۔ "وہ کیوں آئے ہیں؟"، "تُم کھڑے ہوجاؤ!"، "کاش کہ ہم وہاں ہوتے"، "آہا! کیا خوب نظارہ ہے" وغیرہ وغیرہ جملے تو ہیں مگر قضیے نہیں۔
چونکہ قضیے میں کسی چیز کے متعلق کسی چیز کا اقرار یا انکار کیا جاتا ہے لہٰذا قضیے کے تین اجزاء ہوتے ہیں:۔
١. وہ چیز جس کے متعلق اقرار یا انکار کیا جاتا ہے۔ اسے موضوع کہتے ہیں۔
٢. وہ چیز جس کا انکار یا اقرار کیا جاتا ہے اسے محمول کہتے ہیں۔
٣. اقرار یا انکار کی علامت۔ اسے نسبتِ حکمیہ کہتے ہیں۔
الغرض قضیے میں دو حدیں ہوتی ہیں یعنی موضوع اور محمول قضیے کا موضوع وہ حد ہوتی ہے جس سے متعلق کسی چیز کا اقرار یا انکار کیا جاتا ہے۔ اور اقرار یا انکار کی علامت کو نسبتِ حکمیہ کہتے ہیں۔ مثلًا "کوّے سیاہ ہیں" ایک قضیہ ہے۔ اس میں "کوّے" موضوع اور "سیاہ" محمول ہے۔ اور "ہیں" جو اقرار کی علامت ہے نسبتِ حکمیہ ہے۔ اسی طرح "مرد عورتیں نہیں" ایک قضیہ ہے۔ اس میں "مرد" موضوع ہے اور "عورتیں" محمول ہے اور "نہیں" جو انکار کی علامت ہے نسبتِ حکمیہ ہے۔ موضوع اور محمول، یک لفظی بھی ہوسکتے ہیں اور کثیرالالفاظ بھی۔ "چاک سفید ہے"، "پاکستانی سپاہی بہت دلیر ہیں"، "جنگ میں فتح ایک آسان چیز نہیں"۔ ان قضیوں میں "چاک"، "پاکستانی سپاہی"، اور "جنگ میں فتح" موضوع ہیں اور "سفید"، "بہت دلیر" اور "آسان چیز" محمول ہیں۔
تاکہ قضیے کے تینوں اجزاء واضح طور پر علـٰحدہ علـٰحده رہیں، نسبتِ حکمیہ ہمیشہ فعلِ ناقص کی صورت میں ظاہر کی جاتی ہے۔ بالفاظِ دیگر نسبتِ حکمیہ ہمیشہ "ہے"، "ہیں"، "نہیں ہے" یا "نہیں ہیں" کی شکل میں ہوتی ہے۔ صاف فکر کے لئے صاف قضیے ضروری ہیں۔ اور صاف قضیے وہ قضیے ہوتے ہیں جن میں موضوع، محمول اور نسبتِ حکمیہ صاف طور پر ایک دوسرے سے علـٰحدہ علـٰحده ہوں۔ بعض اوقات نسبتِ حکمیہ، محمول میں مُدغم ہوتی ہے۔ مثلًا "کُتّے بھونکے"، "آندھی آئی"، وغیرہ وغیرہ ان جملوں کو منطقی شکل میں یوں تبدیل کیا جائے گا "کُتے ہیں وہ جانور جو بھونکے"، "آندھی ہے وہ چیز جو آئی" اس شکل میں موضوع، محمول اور نسبتِ حکمیہ صاف طور پر ایک دوسرے سے علـٰحدہ ہیں۔
نسبتِ حکمیہ ہمیشہ زمانۂ حال میں ہونی چاہیے۔ مِل کا جو کہ ایک مشہور منطقی گزرا ہے خیال ہے کہ نسبتِ حکمیہ زمانہ حال، زمانۂ ماضی اور زمانۂ مستقبل میں ہوسکتی ہے۔ لیکن یہ نظریہ غلط ہے۔ منطق کا "زمانے" سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ بات جو ہم قضیے میں بیان کرنا چاہتے ہیں خواہ زمانۂ حال سے تعلق رکھتی ہو خواہ زمانۂ مستقبل سے۔ لیکن اس کے متعلق ہماری تصدیق زمانۂ حال میں ہوتی ہے۔ علاوہ بریں ہم ایسے قضیوں سے جو زمانۂ ماضی یا زمانۂ مستقبل میں ہوں کوئی نتیجہ نہیں نکال سکتے۔ مثلًا اگر ا۔ب تھا یا ب ہوگا اور ج، ا تھا یا ہوگا تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ج، ب ہے یا نہیں ہے۔ لیکن اگر ا، ب ہے اور ج، ا ہے تو ہم یہ نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ ج، ب ہے۔
پس نسبتِ حکمیہ زمانۂ حال میں ہونی چاہیے۔ اور زمانۂ ماضی اور مستقبل کو محمول کی طرف منتقل کردینا چاہیے مثلًا یہ جملے "زید کل حاضر تھا"، "میرا بھائی کل جائے گا" منطقی شکل میں یُوں بدل جائیں گے "زید ہے وہ شخص جو کل حاضر تھا"، "میرا بھائی ہے وہ شخص جو کل جائے گا" ان قضیوں میں نسبتِ حکمیہ زمانۂ حال میں ہے۔
قضیوں کی قسمیں:۔ قضیوں کی مندرجہ ذیل قسمیں ہیں:۔
الف۔ بلحاظِ ترکیب:۔ سادہ قضیے اور مرکب قضیے، ب۔ بلحاظِ نسبت:۔ حملیہ قضیے، شرطیہ یا متصلہ قضیے اور منفصلہ قضیے، ج۔ بلحاظِ کیفیت:۔ مؤجبہ قضیے اور سالبہ قضیے، د۔ بلحاظِ کمیّت:۔ کلیّہ قضیے اور جُزیّہ قضیے، ہ۔ بلحاظِ جہت:۔ ضروریہ قضیے اور حادثیہ قضیے، و۔ بلحاظِ مفہوم:۔ ملفوظی یا تحلیلی قضیے اور معقولی یا ترکیبی قضیے۔
اب ہم ان مختلف قسموں کا علـٰحدہ علـٰحده مطالعہ کرتے ہیں۔
الف۔ بلحاظِ ترکیب
١) سادہ اور مرکب قضیے۔
ترکیب کی بنا پر قضیوں کی تقسیم سادہ اور مرکب قضیوں میں کی جاتی ہے۔
ایک سادہ قضیہ وہ قضیہ ہے جو صرف ایک تصدیق کو ظاہر کرے۔ یعنی جس میں ایک موضوع اور ایک محمول ہو۔ مثلًا تمام آدمی فانی ہیں، کوئی مثلث دائرہ نہیں، وغیرہ وغیرہ۔ ایک مرکب قضیہ وہ قضیہ ہے جو ایک سے زیادہ قضیوں سے مل کر بنا ہو۔ یعنی جو ایک سے زیادہ قضیوں سے مل کر بنا ہو۔ یعنی جو ایک سے زیادہ تصدیقات کو ظاہر اور جس میں ایک سے زیادہ موضوع اور ایک سے زیادہ محمول ہوں مثلًا زید اور اس کا بھائی بیمار ہیں، نہ زید نہ اس کا بھائی حاضر ہے، زید بیمار اور غیرحاضر ہے وغیرہ وغیرہ۔ "زید اور اس کا بھائی بیمار ہیں" یہ ایک قضیہ نہیں بلکہ دو قضیے ہیں (۱) "زید بیمار ہے"، (۲) "زید کا بھائی بیمار ہے"۔ اسی طرح "نہ زید نہ اس کا بھائی حاضر ہے" ایک قضیہ نہیں بلکہ دو ہیں (۱) "زید حاضر نہیں"، (۲) "زید کا بھائی حاضر نہیں"۔ "زید بیمار اور غیر حاضر ہے" یہ قضیہ بھی دو قضیوں کے برابر ہے (۱) "زید بیمار ہے"، (۲) "زید غیرحاضر ہے"۔
ب۔ بلحاظِ نسبت
٢) حملیہ، شرطیہ یا متصلہ اور منفصلہ قضیے۔
موضوع اور محمول کی باہمی نسبت کی بنا پر قضیوں کی تقسیم حملیہ، شرطیہ اور منفصلہ قضیوں میں کی جاتی ہے۔ ایک حملیہ قضیہ وہ قضیہ ہے جس میں محمول کا موضوع کے متعلق اقرار یا انکار غیرمشروط ہو۔ یعنی جس میں محمول اور موضوع کی باہمی نسبت کے متعلق کوئی شرط پائی نہ جائے۔ انسان فانی ہے، مثلثیں گول نہیں، وغیرہ وغیرہ حملیہ قضیے ہیں۔ پہلے قضیے میں انسان کے متعلق فانی ہونے کا بغیر کسی شرط کے اقرار کیا گیا ہے۔ دوسرے قضیے میں مثلثوں کے گول ہونے کا بغیر کسی شرط کے انکار کیا گیا ہے۔ ایک حملیہ قضیے کی شکل کو علامات کے ذریعہ سے ہم یوں بیان کرسکتے ہیں۔ ا، ب ہے یا ا، ب نہیں۔ ایک حملیہ قضیے کے (جیسا کہ ہم پڑھ چکے ہیں) تین اجزاء ہوتے ہیں موضوع، محمول اور نسبتِ حکمیہ۔
ایک متصلہ یا شرطیہ قضیہ وہ قضیہ ہے جو کسی مشروط تصدیق کو ظاہر کرے۔ یعنی جس میں موضوع اور محمول کا باہمی تعلق مشروط ہو۔ "اگر تم محنت کرو گے تو پاس ہوجاؤ گے"، "اگر بارشیں ہوں گی تو فصلیں اچھی ہوجائیں گی" وغیرہ وغیرہ شرطیہ قضیے ہیں کیونکہ یہ مشروط تصدیقات ہیں پہلے قضیے میں غیر مشروط طور پر یہ نہیں کہا گیا کہ "محنت کرو گے" یا "تم پاس ہوجاؤ گے" بلکہ یہ کہا گیا کہ "اگر تم محنت کرو گے تو پاس ہوجاؤ گے" اسی طرح دوسرے قضیے میں غیرمشروط طور پر یہ نہیں کہا گیا کہ "بارش ہوگی" یا "فصلیں اچھی ہوں گی" بلکہ یہ کہا گیا ہے کہ "اگر بارش ہوگی تو فصلیں اچھی ہوں گی"۔
ایک شرطیہ قضیے کے دو اجزاء ہوتے ہیں (۱) مقدم (۲) تالی مندرجہ بالا قضیوں میں "اگر تم محنت کرو گے" اور "اگر بارش ہوگی" مقدم ہیں اور "تم پاس ہوجاؤ گے" اور "فصلیں اچھی ہوں گی" تالی ہیں۔ شرطیہ قضیے کا وہ حصہ جس میں شرط پائی جاتی ہے مقدم کہلاتا ہے اور دوسرا حصّہ تالی، تالی کا انحصار مقدم پر ہوتا ہے۔
علامات کے ذریعے سے ایک شرطیہ قضیے کی شکل کو ہم یوں بیان کرسکتے ہیں۔ اگر ا، ب ہے تو ج، د ہے، ا کا ب ہونا شرط ہے ج کے د ہونے کی یا ج کے د ہونے کی یا ج کا د ہونا منحصر ہے ا کے ب ہونے پر۔
ایک شرطیہ قضیے کے دو اجزا دو جملے ہوتے ہیں، دو حدیں نہیں ہوتیں اور ان کا آپس میں تعلق موضوع اور محمول کا نہیں ہوتا بلکہ مقدم اور تالی کا ہوتا ہے۔
ایک منفصلہ قضیہ وہ قضیہ ہوتا ہے جو ایک سے زیادہ جملوں سے مل کر بنا ہو اور ان جملوں کا آپس میں انفصال کا تعلق ہو۔ "وہ یا ڈاکٹر ہے یا وکیل"، "وہ پاس ہوگا یا فیل" وغیرہ وغیرہ منفصلہ قضیے ہیں۔ ایک منفصلہ قضیے میں نہ تو غیرمشروط طور پر کچھ کہا جاتا ہے اور نہ ہی مشروط طور پر کچھ کہا جاتا ہے۔ بلکہ صرف دو یا دو سے زیادہ بدل پیش کئے جاتے ہیں۔
ایک منفصلہ قضیے کے مختلف اجزاء جملے ہوتے ہیں، حدیں نہیں ہوتیں۔ ان کا آپس میں تعلق نہ تو موضوع اور محمول کا ہوتا ہے اور نہ مقدم اور تالی کا بلکہ انفصال کا۔ یعنی وہ اجزاء ایک دوسرے کے بدل ہوتے ہیں۔ علامات کے ذریعے سے ایک منفصلہ قضیے کی شکل کو ہم یوں بیان کرسکتے ہیں۔
الف۔ ا ب ہے یا ج (وہ ڈاکٹر ہے یا وکیل)
ب۔ یا ا یا ب، ج ہے۔ (یا زید یا بکر ڈاکٹر ہے)
ج۔ یا ا، ب ہے یا ج، د ہے۔ (یا سورج گھومتا ہے یا ہم غلطی پر ہیں)
بلحاظِ کیفیّت
٣) مُوجِبَہ قضیے اور سالبہ قضیے
کیفیت کی بنا پر قضیوں کی تقسیم مُوجِبَہ اور سالِبَہ قضیوں میں کی جاتی ہے۔ ایک مُوجِبَہ قضیہ وہ قضیہ ہے جس میں محمول کا موضوع کے متعلق اقرار پایا جائے۔ یعنی جس سے موضوع اور محمول میں اثبات کا تعلق ہو۔ ایک سالِبَہ قضیہ وہ قضیہ ہے۔ جس میں محمول کا موضوع کے متعلق انکار پایا جائے۔ یعنی جس میں موضوع اور محمول میں انکار کا تعلق ہو۔ انسان فانی ہے، کوّے سیاہ ہیں، میز سخت ہیں وغیرہ وغیرہ مُوجِبَہ قضیے ہیں۔ کوّے سفید نہیں، مثلثیں گول نہیں، مرد عورتیں نہیں وغیرہ وغیرہ سالِبَہ قضیے ہیں۔ ایک مُوجِبَہ قضیے میں نسبتِ حکمیہ، موضوع اور محمول کے درمیان اثبات کا تعلق پیدا کرتی ہے اور ایک سالِبَہ قضیے میں نسبتِ حکمیہ، موضوع اور محمول کے درمیان اختلاف یا انکار کا تعلق پیدا کردیتی ہے۔ اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ اثبات اور انکار کا تعلق نسبتِ حکمیہ سے ہے نہ کہ موضوع یا محمول سے۔ چنانچہ ایک حملیہ قضیے کی کیفیت نسبتِ حکمیہ سے ظاہر ہوتی ہے اگر نسبتِ حکمیہ مثبت ہو تو قضیہ مُوجِبَہ ہوگا اور اگر نسبتِ حکمیہ منفی ہو تو قضیہ سالِبَہ ہوگا۔ موضوع یا محمول کے مثبت یا منفی ہونے سے قضیے کی کیفیت کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ قضیۂ موجبہ کی شکل یہ ہوتی ہے ا، ب ہے۔ قضیۂ سالِبَہ کی شکل یہ ہوتی ہے ا، ب نہیں۔ مندرجہ ذیل مُوجِبَہ قضیے ہیں۔
١. ہِندؤ غیرمُسلم ہیں۔
٢. غیرمُسلم ہِندؤ ہیں۔
٣. غیرمُسلم غیرپاکستانی ہیں۔
علامات کے ذریعہ سے ہم ان قضیوں کو یوں بیان کرسکتے ہیں۔
الف۔ ا (موضوع) غیر ب (محمول) ہے (نسبتِ حکمیہ)۔
ب۔ غیر ا (موضوع) ب (محمول) ہے (نسبتِ حکمیہ)۔
ج۔ غیر ا (موضوع) غیرب (محمول) ہے (نسبتِ حکمیہ)۔
پس یہ دیکھنے کے لئے کہ کسی حملیہ قضیے کی کیفیت کیا ہے؟ اس کی نسبتِ حکمیہ کی کیفیت کو دیکھنا چاہیے نہ کہ موضوع یا محمول کی کیفیات کو۔
متصلہ یا شرطیہ قضیوں کی کیفیّات
شرطیہ قضیے بھی مُوجِبَہ اور سالِبَہ ہوسکتے ہیں۔ قضیۂ شرطیہ کی کیفیّت مقدم کی کیفیّت سے نہیں دیکھی جاتی بلکہ تالی کی کیفیت سے دیکھی جاتی ہے۔ اگر تالی مثبت ہے تو قضیہ مُوجِبَہ ہوگا اور اگر تالی منفی ہے تو قضیہ سالبہ ہوگا۔ مقدم کے مثبت یا منفی ہونے سے شرطیہ قضیہ کی کیفیت کا کوئی تعلق نہیں ہوتا کیونکہ مقدم میں تو محض شرط پائی جاتی ہے اور جو کچھ کہا جاتا ہے وہ تالی میں پایا جاتا ہے۔ "اگر وہ تندرست ہے تو وہ آئے گا"،"اگر وہ تندرست نہیں تو وہ گھر پر رہے گا" یہ دونوں موجبہ قضیے ہیں۔ "اگر وہ تندرست ہے تو وہ گھر پر نہیں رہے گا"،"اگر وہ تندرست نہیں تو نہیں آئے گا"۔ یہ دونوں سالِبَہ قضیے ہیں۔
اگر ا، ب ہے تو ج، د ہے (مُوجِبَہ شرطیہ) اگر تم محنت کرو گے تو پاس ہوجاؤ گے۔
اگر ا، ب نہیں تو ج، د ہے (مُوجِبَہ شرطیہ) اگر تم محنت نہیں کرو گے تو فیل ہوجاؤ گے۔
اگر ا، ب ہے تو ج، د نہیں (سالِبَہ شرطیہ) اگر تم محنت کرو گے تو فیل نہیں ہوگے۔
اگر ا، ب نہیں، تو ج، د نہیں (سالِبَہ شرطیہ) اگر تم محنت نہیں کرو گے تو پاس نہیں ہوگے۔
الغرض شرطیہ قضیوں کی کیفیت کا انحصار تالی کی کیفیات پر ہوتا ہے، مقدم کی کیفیت پر نہیں ہوتا۔
منفصلہ قضیوں کی کیفیّت:۔
منفصلہ قضیے ہمیشہ موجبہ ہوتے ہیں۔ کبھی سالبہ نہیں ہوتے۔ قضیۂ منفصلہ وہ قضیہ ہوتا ہے جس میں بدل پائے جاتے ہیں اور اگر وہ سالبہ ہو تو اس میں بدل نہیں پائے جائیں گے۔ مثلًا ا نہ ب ہے نہ ج۔ قضیۂ منفصلہ نہیں کیونکہ اس قضیے میں ا کے لئے ب اور ج میں سے کوئی بھی بدل باقی نہیں رہتا۔ یہ قضیہ دراصل دو حملیہ قضیوں کے برابر ہے جو سالبہ ہیں۔ یعنی (۱) ا، ب نہیں (۲) ا، ج نہیں۔
چنانچہ کیفیّت کے لحاظ سے منفصلہ قضیے ہمیشہ موجبہ ہوتے ہیں سالبہ نہیں ہوتے
بلحاظِ کمیّت
٤) کُلیّہ قضیے اور جُزئیہ قضیے:۔
کمیّت کی بنا پر قضیوں کی تقسیم کُلیّہ قضیوں اور جُزیّہ قضیوں میں کی جاتی ہے۔ قضیۂ کُلیّہ وہ قضیہ ہوتا ہے جس میں موضوع اپنی تعبیر کے لحاظ سے پورا لیا گیا ہو۔ یعنی جس میں محمول کا اقرار یا انکار موضوع کی پوری جماعت کے متعلق کیا جائے۔ مثلًا "تمام انسان فانی ہیں"، "کوئی کوا سفید نہیں" پہلے قضیہ میں فانی ہونے کا اقرار کُل جماعت انسان کے متعلق کیا گیا ہے۔ اسی طرح دوسرے قضیہ میں سفید ہونے کا انکار کووّں کی کُل جماعت کے متعلق کیا گیا ہے۔ چنانچہ ایک قضیہ اس صورت میں کُلیّہ ہوتا ہے جب کہ اس میں موضوع کی پوری جماعت کی طرف اشارہ ہو۔ یعنی جس میں محمول کا تعلق (خواہ وہ اقرار کا ہو یا انکار کا) موضوع کی پوری جماعت سے ہو۔
قضیۂ جزئیہ وہ قضیہ ہوتا ہے جس میں موضوع اپنی تعبیر کے لحاظ سے پورا نہیں ہوتا بلکہ اس کا کچھ حصّہ لیا جاتا ہے۔ یعنی جس میں محمول کا اقرار یا انکار موضوع کی جماعت کے کچھ حصّے سے متعلق ہوتا ہے۔ کچھ آدمی ایماندار ہیں، کچھ میز گول نہیں۔ پہلے قضیے میں ایماندار ہونے کا اقرار موضوع کی پوری جماعت کے متعلق نہیں کیا گیا بلکہ اس کے چند افراد (یعنی کچھ آدمیوں) کے متعلق کیا گیا ہے۔ اسی طرح دوسرے قضیے میں گول ہونے کا انکار کچھ میزوں کے متعلق کیا گیا ہے۔ چنانچہ ایک قضیہ اس صورت میں جُزئیہ ہوتا ہے جب کہ اس میں موضوع کی جماعت کے ایک حصّہ کی طرف اشارہ ہو۔ یعنی جس میں محمول کا تعلق (خواہ وہ تعلق اقرار کا ہو یا انکار کا) موضوع کی پوری جماعت سے نہ ہو، بلکہ اس کے چند افراد سے ہو۔ اس سے ظاہر ہوا کہ کسی قضیے کی کمیّت معلوم کرنے کے لئے ہمیں موضوع کو دیکھنا چاہیے۔ اگر موضوع کی کل جماعت کی طرف اشارہ کیا گیا ہو تو قضیہ کُلیّہ ہوگا اور اگر موضوع کی جماعت کے چند افراد کی طرف اشارہ کیا گیا ہو تو قضیہ جُزئیہ ہوگا۔
ایسے الفاظ مثلًا تمام، سب، سبھی، ہر ایک، سارے، ہمیشہ وغیرہ وغیرہ (مُوجِبَہ قضیوں کی صورت میں) اور کوئی نہیں، کبھی نہیں وغیرہ وغیرہ (سالِبَہ قضیوں کی صورت میں) کُلیّہ قضیوں کی علامات ہیں۔ (علامت ∀ مُوجِبَہ کُلیّہ قضیوں اور علامت ¬∀ سالِبَہ کُلیّہ قضیوں کے لئے ریاضیاتی منطق میں باقاعدہ مستعمل ہیں)۔ اور ایسے الفاظ مثلًا کچھ، چند، بعض، عمومًا، عام طور پر، اکثر، بہت سے، تقریبًا، کوئی ایک وغیرہ وغیرہ جُزئیہ قضیوں کی علامات ہیں (علامت ∃ مُوجِبَہ جُزئیہ اور ∄ سَالِبَہ جُزئیہ کی ریاضیاتی منطق میں علامات ہیں)۔
لفظ "کُچھ" کا منطقی مفہوم "کم ازکم ایک" یا ایک غیرمعیّن تعداد ہوتی ہے۔ اگر کسی کلاس میں ایک سو طلبا ہوں اور ان میں سے صرف ایک شادی شدہ ہو، تو ہم منطقی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ "کچھ" طلبہ شادی شدہ ہیں۔ اور اگر سو میں سے نناوے طلبا شادی شدہ ہوں تو بھی ہم منطقی طور پر یہی کہیں گے کہ کچھ طلبا شادی شدہ ہیں۔
قضیہ احدیہ کی کمیّت
Quantity of A Singular Proposition
ناقص قضیوں کی کمیّت
Quantity of Indefinite Propositions
متصلہ یا شرطیہ قضیوں کی کمیّت
منفصلہ قضیوں کی کمیّت:۔
نوٹ:۔ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ کسی قضیے کی کمیّت اور کیفیّت کا اندازہ اس کی شکل سے نہیں کیا جاتا بلکہ اُس کے مفہوم سے کیا جاتا ہے۔ بعض قضیے دیکھنے میں کُلیّہ نظر آتے ہیں لیکن دراصل جُزئیہ ہوتے ہیں۔ اسی طرح بعض قضیے دیکھنے میں مُوجِبَہ نظر آتے ہیں لیکن دراصل سَالِبَہ ہوتے ہیں۔ مثلًا تمام آدمی ایماندار نہیں، تمام کتابیں دلچسپ نہیں، یہ قضیے لفظ "تمام" کی وجہ سے کُلیّہ نظر آتے ہیں۔ لیکن دراصل جُزئیہ ہیں۔ ان کا مفہوم دراصل یہ ہے "کچھ آدمی ایماندار نہیں"، "کچھ کتابیں دلچسپ نہیں"، اسی طرح "بعض آدمیوں کے لئے دیانتدار ہونا محال ہے"، "کچھ ملزموں کا بیگناہ ہونا مشکل ہے"۔ دیکھنے میں مُوجِبَہ نظر آتے ہیں کیونکہ ان میں نفی کی کوئی علامت نہیں۔ مگر مفہوم کے لحاظ سے یہ سالبہ قضیے ہیں۔ دراصل ان کا مفہوم یہ ہے "بعض آدمی دیانتدار نہیں"، "کچھ ملزم بےگناہ نہیں"۔
بلحاظِ جہت
٤) ضروریہ قضیے، حادثیہ قضیے اور احتمالیہ قضیے
نوٹ:۔ کیفیّت اور کمیّت کی طرح جہت کا اندازہ بھی کسی قضیے کی ظاہری شکل سے نہیں لگایا جاتا بلکہ اس کے مفہوم سے لگایا جاتا ہے مثلًا مساوی الاضلاع مُثلثیں ∆ مساوی الزاویا ہیں، دو مستقیم خط جگہ نہیں گھیرتے یہ قضیے دیکھنے میں حادثیہ نظر آتے ہیں مگر دراصل ضروریہ ہیں یہ ضروری ہے کہ مساوی الاضلاع مثلثیں مساوی الزاویہ ہوں۔ یہ ضروری ہے کہ دو مستقیم خط جگہ نہ گھیریں۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں